Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسمارٹ سٹی منصوبے کی سست رفتاری سے عوام پریشان

Updated: June 18, 2026, 12:13 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Kalyan

فلائی اوور، سڑکوں کی توسیع اور جدید طرز کے ایس ٹی بس ڈپو کی تعمیرتاحال مکمل نہیں ہو سکی ہے۔

Some buses arriving at Kalyan Bus Depot. Photo: INN
کلیان بس ڈپو تک آنے والی کچھ بسیں۔ تصویر: آئی این این

کلیان ریلوے اسٹیشن کے  باہر جاری اسمارٹ سٹی منصوبہ عوام کیلئے سہولت کے بجائے مشکلات کا سبب بنا ہوا ہے۔ ریلوے اسٹیشن اور اطراف کے علاقوں میں جاری تعمیراتی کاموں کی سست رفتاری کے باعث روزانہ ہزاروں مسافروں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔تقریباً ڈیڑھ سال قبل ایس ٹی ڈپو کو عارضی طور پر وٹھل واڑی منتقل کئے جانے کے بعد مسافروں کے سفر میں نہ صرف وقت کا ضیاع بڑھ گیا ہے بلکہ اضافی مالی بوجھ بھی برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

کلیان ریلوے اسٹیشن کے اطراف ۲۰۲۱ ء سے جاری اسمارٹ سٹی منصوبےکے تحت فلائی اوور، سڑکوں کی توسیع اور جدید طرز کے کثیر منزلہ ایس ٹی بس ڈپو کی تعمیر کا کام تاحال مکمل نہیں ہو سکا ہے۔۵؍ برس گزرنے کے باوجود منصوبہ تکمیل کے مراحل تک نہ پہنچنے سے عوامی ناراضگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو شدید دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مسافروں کا کہنا ہے کہ تعمیراتی کاموں کے باعث دور دراز علاقوں سے آنے والی بیشتر ایس ٹی بسیں اب کلیان بس ڈپو تک نہیں پہنچ پاتیں اور راستے ہی میں مسافروں کو اتار دیا جاتا ہے۔ اس کے بعد انہیں اپنی منزل تک پہنچنے کے لئے رکشوں کا سہارا لینا پڑتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: ٹورینٹ پاور کمپنی کے لائسنس کی تجدید روکنے کیلئے آواز بلند

مسافروں کے مطابق بعض رکشا ڈرائیور صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ۱۰۰ ؍سے ۱۵۰ ؍روپے تک کرایہ وصول کر رہے ہیں جس سے عام شہریوں پر اضافی مالی بوجھ پڑ رہا ہے۔خصوصی طور پر وزنی سامان کے ساتھ سفر کرنے والے بزرگ شہری، خواتین اور طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہیں نہ صرف اضافی اخراجات برداشت کرنے پڑتے ہیں بلکہ طویل فاصلہ طے کرنے میں جسمانی مشقت بھی اٹھانی پڑتی ہے۔اس سلسلے میں ایس ٹی انتظامیہ کے بس منیجر دیودھر نے بتایا کہ تعمیراتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرانے کیلئے متعلقہ محکموں کیساتھ مسلسل رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کیلئے دسمبر ۲۰۲۶ ءکی حتمی مدت مقرر کی گئی ہے تاہم کوشش کی جا رہی ہے کہ اس سے قبل ہی عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔مسافر ریاض الحق نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ عوامی مشکلات کم کرنے کیلئے فوری طور پر عبوری انتظامات کئے جائیں۔ روزانہ ہزاروں مسافر بالخصوص وزنی سامان اٹھائے ہوئے افراد غیر ضروری پریشانی کا شکار ہیں جبکہ رکشا ڈرائیور من مانی کرایہ وصول کرکے ان کا استحصال کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK