Updated: September 22, 2023, 6:33 PM IST
| New Delhi
پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان نے پولیس کانسٹیبلس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت پنجاب پولیس کو ملک بھر میں سر فہرست کرنے کیلئے جلد ہی مصنوعی ذہانت متعارف کروائےگی۔ یہ اقدام ریاستی پولیس کو مزید بہتر بنانے کیلئے خوش آئند ثابت ہوگا۔
پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان۔ تصویر: آئی این این
پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت سنگھ مان نے کہا کہ پنجاب پولیس کی قابلیت بڑھانے کیلئے مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت جلد ہی پنجاب پولیس کو ملک بھر میں سر فہرست بنانے کیلئے مصنوعی ذہانت ٹیکنالوجی متعارف کروائے گی۔ سرکاری بیان کے مطابق بھگونت مان نے یہاں ۲؍ ہزار ۹۹۹؍ کانسٹیبلس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں مجمع سے خطاب کرتے ہوئے یہ کہا ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کی کہ یہ اقدام ریاستی پولیس کو مزید بہتر بنانے کیلئے خوش آئند ثابت ہوگا۔ اس فیصلے کا مطلب پنجاب کو مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی استعمال کرنے میں سب سے آگے کرنا ہے۔ ایک سرحدی ریاست ہونے کے ناطے کئی ریاستی دشمن قوتیں ریاست کے امن کو خراب کرنےکا عزم کرتی ہیں لیکن پنجاب پولیس نے ہمیشہ ایسی کوششوں کو ناکام بنایا ہے۔ ریاست کو درپیش آنے والے بڑے چیلنجیز سے نمٹنے کیلئے ضروری ہے کہ پنجاب پولیس تفتیش، سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں وقت کے حساب سے ضروریات کے مطابق تیار رہے۔ علاوہ ازیں انہوں نے امید ظاہر کی کہ ریاستی پولیس پیشہ وارانہ عزم کے ساتھ لوگوں کی خدمات کرنے کی اپنی پرعزم وراثت کو برقرار رکھے گی۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ ریاستی حکومت نے سڑک حادثات کے سبب اموات کی شرح جاننے اور سڑکوں پر ٹریفک نظام کو ہموار کرنے کیلئے سڑک سورکھیا فورس لانچ کی ہے۔ اس فورس کو سڑکوں پر گاڑیوں کی نقل و حمل کو ہموار کرنے، بے دھڑک گاڑیوں کی ڈرائیونگ اور سڑک حادثات کو چیک کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ یہ فورس پولیس کی ذمہ داریوں کو کم کرے گی۔