ریاست کے۲۲؍ اضلاع کے ۱۹۹۶؍ گاؤں اب بھی زیر آب،گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں ۳؍ افراد کی موت سےمتوفیوں کی تعداد ۴۶؍ ہوگئی ،۲۳؍ ہزار افراد کو اب تک بچایا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: September 08, 2025, 10:17 AM IST | Agency | Chandigarh
ریاست کے۲۲؍ اضلاع کے ۱۹۹۶؍ گاؤں اب بھی زیر آب،گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں ۳؍ افراد کی موت سےمتوفیوں کی تعداد ۴۶؍ ہوگئی ،۲۳؍ ہزار افراد کو اب تک بچایا گیا ہے۔
چندی گڑھ (ایجنسی) : بھاکڑا بیاس مینجمنٹ بورڈ (بی بی ایم بی) کے باندھ میں پانی کی سطح میں کمی کے سبب کم مقدار میں پانی چھوڑا جا رہا ہے جس سے پنجاب میں سیلاب کی صورتحال میں بہتری آئی ہے تاہم ریاست کے۲۲؍ اضلاع کے ۱۹۹۶؍ گاؤں اب بھی زیر آب ہیں۔گزشتہ۲۴؍گھنٹوں میں امرتسر اور روپ نگر میں مزید ۳؍ افراد فوت ہو گئے جس کے بعد مہلوکین کی کل تعداد۴۶؍ہو گئی، جبکہ پٹھان کوٹ میں تین افراد لاپتہ ہیں۔ اس سال پنجاب میں راوی ندی میں ۱۴ء۱۱؍لاکھ کیوسیک پانی کا غیر معمولی بہاؤ دیکھا گیا جو۱۹۸۸ء کے ریکارڈ ۱۱ء۲؍ لاکھ کیوسیک سے زیادہ ہے۔ پچھلے ۲؍ برسوں میں پنجاب حکومت کی جانب سے۲۰۰؍کروڑ روپے سے زائد لاگت سے کیے گئے ٹھوس اقدامات کے باعث باندھ مستحکم رہے اور بیاس ندی کے سرکاری کنٹرول والے باندھوں میں کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا۔ سیلاب کی واحد وجہ غیر معمولی بارش تھی، جن میں صرف۲۵؍ اگست کو چمبا میں معمول سے۱۲۰۵؍ فیصد، کانگڑا میں ۲۷۵؍ فیصد اور پٹھان کوٹ میں ۸۲۰؍ فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔
ہندوستانی فوج، فضائیہ، این ڈی آر ایف اور بی ایس ایف کی ٹیموں نے تقریباً۲۳؍ ہزار افراد کو محفوظ نکالا ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ اضلاع میں گرداسپور، فاضلکا، فیروز پور، امرتسر، کپورتھلا اور ترن تارَن شامل ہیں۔ گھروں اور مویشیوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ مقامی افراد اور غیر سرکاری تنظیموں کی مدد سے ریسکیو اورراحت رسانی کے کام جاری ہیں۔ پنجاب کے ڈیری کوآپریٹیو ادارہ ’ملکفیڈ‘ نے بھی ڈیری کے کسانوں اور مویشیوں کے لیے دوہری حکمت عملی اختیار کی ہے تاکہ کوئی خاندان غذائی قلت کا شکار نہ ہو ۔ پنجاب کے وزیر ریوینیو، ری ہیبلیٹیشن اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ، ہردیپ سنگھ منڈیاں نے بتایا کہ ۲۲؍ اضلاع کے۱۹۹۶؍متاثرہ دیہاتوں میں سیلاب متاثرہ باشندوں کی کل تعداد۳؍ لاکھ ۸۷؍ ہزار۱۳؍ ہوچکی ہے۔
گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں میں مزید۹۲۵؍ افراد کو بچایاگیا ہے جس سے بچائے گئے افراد کی تعداد۲۲؍ ہزار ۸۵۴؍ہو گئی ہے۔سب سے زیادہ افراد گرداسپور (۵۵۸۱) ، فاضلکا (۴۲۰۲)، فیروز پور(۳۸۸۸)، امرتسر۳۲۶۰)، ہوشیار پور(۱۶۱۶)، پٹھان کوٹ(۱۱۳۹) اور کپورتھلا (۱۴۲۸) سے نکالے گئے ہیں۔