Inquilab Logo

پوتن نے پھر ایٹمی جنگ کی دھمکی دہرائی

Updated: March 14, 2024, 11:42 AM IST | Moscow

ناٹو کے رکن فن لینڈ کی سرحد پر فوجیں بھیجنے کا فیصلہ کیا، امریکہ کا نام لئے بغیرللکارا کہ روس اپنے تحفظ کیلئے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کیلئے تیار ہے۔

Russian President Putin. Photo: INN
روس کے صدر پوتن۔ تصویر: آئی این این

روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے امریکہ اور مغربی ممالک کو ایک بار پھر ایٹمی جنگ کیلئے للکارتے ہوئے ناٹو کے رکن فن لینڈ کی سرحد پر فوجیں  بھیجنے کا اعلان کردیا۔ واضح رہے کہ ناٹو کے کسی بھی ملک کے خلاف جارحانہ کارروائی تمام ممالک کے خلاف اعلان جنگ کے طور پر دیکھی جاتی ہے۔ امریکہ اس بلاک کا اہم رکن ہے۔ اس پس منظر میں   اس بار جوہری ہتھیار وں  کے استعمال کی پوتن کی دھمکی کو اہم سمجھا جارہاہے۔ 
امریکہ اور یورپی ممالک کو یوکرین جنگ سے دور رہنےکی بار بار وارننگ دے چکے پوتن نے بدھ کو ایک انٹرویو میں  کہا کہ ’’روس تکنیکی طور پر جوہری جنگ کیلئے تیار ہے۔ ‘‘ انہوں  نے کہا کہ اگر امریکہ نے یوکرین میں فوج بھیجی تو موجودہ حالات کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوجائے گا۔ روس میں ۱۵؍ مارچ کو صدارتی انتخابات شروع ہوں گے اور امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ ولادیمیر پوتن ہی آئندہ ۶؍ برس کیلئے صدر منتخب ہوں گے۔ 
انہوں  نےکہا کہ جوہری جنگ کا منظر نامہ ’جلد بازی‘ کا متقاضی نہیں ہے اور انہیں یوکرین میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی۔ مقامی ٹیلی ویژن اور نیوز ایجنسی کے ایک سوال کا جواب میں  پوتن نے مزید کہا کہ ’’فوجی اورتکنیکی نقطہ نظر سے، ہم جوہری جنگ کیلئے یقینی طور پر تیار ہیں۔ ‘‘ روسی صدر نے کہا کہ امریکہ اس بات کو اچھی طرح سمجھتا ہے کہ اگر اس نے امریکی فوجیوں کو روسی سرزمین یا یوکرین میں تعینات کیا تو روس اس کے اس قدم کو مداخلت کے طور پر دیکھے گا۔ انہوں  نے کہا کہ امریکہ میں  روس-امریکہ تعلقات پر نظررکھنے والے کافی ماہر موجود ہیں، لہٰذا، میں نہیں سمجھتا کہ ہم جوہری تصادم کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ ولادیمیر پوتن نے اس پس منظر میں  کہاکہ وہ امید رکھتے ہیں کہ امریکہ ایسے اقدامات سے گریز کرے گا جس سے جوہری تنازع شروع ہو۔ 
اس بیچ روسی میڈیا کے مطابق پوتن نے فن لینڈ اور سویڈن کے ناٹوکا رکن بننے کو ’’بے معنی‘‘ قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ روس فن لینڈ کی سرحد پر اپنےفوجی اور ’’تباہی کا نظام‘‘ نصب کرےگا۔ جوہری جنگ سے متعلق اپنے ملک کی تیاری کے تعلق سے پوتن نے دعویٰ کیا کہ روس کے ایٹمی ہتھیار زمین، سمندر اور فضا سے مار کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور امریکہ کے مقابلے میں   کہیں  زیادہ ایڈوانسڈ ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK