• Fri, 14 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

حج کمیٹی اور پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کیلئے کوٹہ مختص

Updated: November 14, 2025, 3:38 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

عازمین اورپی ٹی او دونوں مطمئن ، ۲۰۲۶ء کیلئے حج کمیٹی کو ۷۰؍ فیصد جبکہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کو ۳۰؍ فیصد کوٹہ دیا گیا ،معاہدے کے بعد اس میںترمیم وتنسیخ کی گنجائش نہیں ، اگر سعودی حکومت کی جانب سے مزید کوٹہ الاٹ کیا گیا تو اور بھی عازمین کو موقع مل سکتا ہے۔

This year, more pilgrims are likely to be able to perform Hajj. Photo: INN
اس سال ممکنہ طور پر زیادہ سے زیادہ عازمین ،حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این
ہندوستان اور سعودی عرب کے مابین معاہدے میں عازمین ِحج کا ۲۰۲۶ء کے لئے ایک لاکھ ۷۵؍ہزار کا کوٹہ طے کئے جانے کے بعد حج کمیٹی آف انڈیا اور پرائیویٹ ٹورآپریٹرز(پی ٹی او) سے جانے والے عازمین حج کے لئے کوٹہ مختص کردیا گیا ہے۔ اس سے عازمین حج اورپی ٹی او میں اطمینان کی کیفیت ہے کہ اب کم ازکم ایک لاکھ ۷۵؍ ہزار عازمین کی روانگی کے تعلق سے کسی قسم کی ترمیم وتنسیخ کا اندیشہ نہیں رہے گا، البتہ اگر سعودی حکومت کی جانب سے مزید کوٹہ الاٹ کیا گیا تو اور بھی عازمین کو موقع مل سکتا ہے ۔گزشتہ سال کی عازمین کی تعداد کے مطابق ہی ۲۰۲۶ء کے لئے دونوں ملکوں کے مابین معاہدہ ہوا ہے ۔ اس دفعہ کوٹہ ملنے سے چند ماہ قبل ہی دو مراحل میں قرعہ اندازی کردی گئی تھی۔ پہلے ایک لاکھ عازمین کے لئے قرعہ اندازی کی گئی تھی اس کےبعد تقریباً ۲۳؍ ہزار عازمین کا انتخاب عمل میں آیا۔ معاہدہ کو حتمی شکل دینے کےبعد اب پالیسی کےلحاظ سے ۷۰؍فیصد کوٹہ حج کمیٹی کو اور ۳۰؍ فیصد پرائیویٹ ٹور آپریٹرز(پی ٹی او) کیلئےطے کردیا گیا۔
مہاراشٹر کے عازمین کے لئے مزید امیدیں
کوٹہ طے ہونے کےبعد امید کی جارہی ہے کہ مہاراشٹر کے عازمین کو مزیدسیٹیں ملیں گی اور بچی ہوئی تقریباً ۹؍ہزار ویٹنگ لسٹ میں سےبھی بڑی تعداد میں سیٹیں کنفرم ہوں گی مگر اس کے لئے انتظار کرنا ہوگا۔ یاد رہے کہ ممبئی اور مہاراشٹر کے عازمین کی ویٹنگ لسٹ میں پہلے ہی۷۸۴۳؍سیٹیںکنفرم ہوچکی ہیں اور مجموعی طورپر۲۰؍ ہزار عازمین کی روانگی طے ہوچکی ہے، البتہ ریاست کے کل ۲۹؍ ہزار درخواست دہندگان عازمین میں سے تقریباً ۹؍ہزارعازمین اب بھی اپنی بار ی کے منتظر ہیں۔ دیکھنا ہوگاکہ ان میں سے مزید کتنے عازمین کو حج بیت اللہ کی سعادت سے سرفراز ہونے کا موقع ملتا ہے۔
’’ہماری کوشش جاری رہے گی ‘‘
مہاراشٹر حج کمیٹی کےچیئرمین آصف عثمان خان سے استفسار کرنے پر انہوںنے نمائندۂ انقلاب کو بتایاکہ ’’ دونوں ملکوں کے درمیان حج ۲۰۲۶ء کے لئے معاہدہ ہوجانے کےبعد پس وپیش کی کیفیت ختم ہوگئی ہے ۔ پس وپیش ان معنوں میں کہ جب تک دونوں ممالک معاہدے کوحتمی شکل نہ دے دیں تب تک وضاحت کے ساتھ کوئی بات نہیںکہی جاسکتی تھی لیکن اب وہ کیفیت ختم ہوگئی ہے ۔ حالانکہ حج کمیٹی آف انڈیا کی گائیڈ لائن کے مطابق پیشگی تیاری کرتے ہوئے پہلے ہی قرعہ اندازی کی جاچکی ہےاور منتخب عازمین نے دو قسطیں بھی جمع کرادی ہیں۔‘‘ انہوںنے یہ بھی بتایاکہ ’’ ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے پوری کوشش کی جائے گی کہ زیادہ سے زیادہ درخواست دہندگان کوحج کی ادائیگی کا موقع ملے۔ ویسے بھی گزشتہ سال ملکی سطح پرمہاراشٹر سے جانے والے عازمین کی بڑی تعداد تھی، اس دفعہ بھی اس کی توقع ہے۔‘‘
  انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ بقیہ ۹؍ہزار ویٹنگ لسٹ میں شامل عازمین میں سے زیادہ سے زیادہ عازمین کی سیٹیں کنفرم ہوں اور وہ حج کی سعادت سے سرفراز ہوسکیں۔‘‘ دریں اثناء کوٹہ مختص کئے جانے کےبعد ٹور آپریٹرز کی تنظیموںآل انڈیا حج عمرہ ٹور آرگنائزرس  اسوسی ایشن اور حج فیڈریشن کے علاوہ کچھ ٹور آپریٹرز سے بات چیت کرنے پر ان کاکہنا تھا کہ ’’ حج کمبائنڈ گروپ تشکیل دے کرایک گروپ کو۲؍ ہزار سیٹوں کا کوٹہ دیا گیا تھا اب وہ حتمی طور پرطے ہوگیا ہے، یہ سب سے زیادہ اطمینان بخش بات ہے۔ ٹور آپریٹرز کا ۳۰؍ فیصد کوٹہ مختص ہوگیا ۔ہم سب اسی حساب سے تیاری کررہے ہیں۔ ۵۲؍ ہزار ۲۵؍سیٹوں کا کوٹہ پی ٹی او کو دیا گیا ہے۔ مجموعی طور پرتقریباً ۸۴۰؍ ٹور آپریٹرز میں اسے تقسیم کیاجائے گا۔ تبدیلی یہ کی گئی ہےکہ جو ٹور والے ویٹنگ لسٹ میں تھے ان کو بھی خدمت کا موقع دینے کے لئے کنفرم ٹورآپریٹرز کی چند سیٹیں کم کی گئی ہیں تاکہ ویٹنگ لسٹ والوں کو بھی کچھ سیٹیںدی جاسکیں اوران کا انتظار ختم ہو۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK