Inquilab Logo

راہل گاندھی رائے بریلی پہنچے، حق کی لڑائی میں عوام کا ساتھ دینے کا وعدہ کیا

Updated: February 21, 2024, 10:32 AM IST | Agency | Raebareli

محروم طبقات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک آپ خود اپنی حالت کا جائزہ نہیں لیں گے، آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔

Rahul Gandhi received a grand welcome in Rae Bareli. Photo: PTI
رائے بریلی میں راہل گاندھی کا زبردست استقبال کیا گیا۔ تصویر: پی ٹی آئی

کانگریس کے سابق صدر اور رکن پارلیمان راہل گاندھی اپنی ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘کے ساتھ اپنی والدہ کے حلقہ انتخاب رائے بریلی پہنچ گئے ہیں۔ وہاں پر انہوں نے ایک بار پھر ذات پات پر مبنی مردم شماری کی اہمیت و افادیت پر گفتگو کی اور اپنے مطالبے کو ایک بار پھر دہرایا۔انہوں نے کہا کہ ملک کی مجموعی آبادی کا۷۳؍ فیصد ہونے کے باوجود دلت، پسماندہ طبقات اور قبائلی غربت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔  یہ باتیں انہوں نے  رائے بریلی کے سپر مارکیٹ میں منعقدہ ایک جلسہ عام میں کہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان طبقات کی محرومی کو دور کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ذات کی بنیاد پر مردم شماری کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں اصل فائدہ سرمایہ داروں کو مل رہا ہے لیکن غریب، پسماندہ، دلت اور قبائلی عوام کو خاموش نہیں رہنا ہے، انہیں اپناحق لینا ہے۔
راہل گاندھی کی یاترا فرصت گنج سے رائے بریلی میں داخل ہوئی اور سیندی چوراہا، راہی، ملک ماو اسکوائر اور سول لائنز ڈگری کالج سے ہوتی ہوئی تقریباً تین  بجے سپر مارکیٹ پہنچی۔اس موقع پرانہوں نےدلت، اوبی سی اور قبائلی برادری کے ساتھ ہی ای ڈبلیو ایس اور اقلیتی طبقات کی محرومی کا بھی تذکرہ کیا اور ان کی حق کی لڑائی میں ان کے ساتھ رہنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لوگ مجموعی آبادی کا تقریباً۹۰؍ فیصد ہیں،اس کے باوجود انہیں تعلیم اورملازمتوں کےساتھ ہی ایک ایک پیسے کیلئے بھٹکنا پڑتا ہے۔
 اجودھیا ایونٹ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں بھی وزیر اعظم مودی اور ان کے ساتھی ارب پتی صنعت کار وغیرہ موجود تھے لیکن کوئی دلت، غریب اور پسماندہ فرد وہاں نہیں پہنچ سکا۔  انہوں نے کہا کہ دلتوں، پسماندہ طبقات اور قبائلی برادریوں کو متحد ہو کر انقلابی قدم اٹھانے ہوں گے جو ذات کی بنیاد پرسروے کے ذریعے پورے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج بڑی پرائیویٹ کمپنیوں میں پسماندہ دلت اور قبائلی طبقے کا کوئی بھی مالک نہیں ہیں، جبکہ اگر آپ منریگا، مزدوروں اور یومیہ اجرت والے مزدوروں کی فہرست نکالیں تو آپ کو ان میں دلت، پسماندہ قبائلی اور غریب ہی نظر آئیں گے۔انہوں نے الزام لگایا کہ دلتوں، پسماندہ قبائلیوں اور غریبوں کا استحصال ہو رہا ہے جبکہ ملک کی دولت سرمایہ داروں کی جیبوں میں جا رہی ہے۔ اب غریبوں، دلتوں، پسماندہ طبقات اور قبائلیوں کو دیکھنا ہوگا کہ ان کے پاس روزانہ کتنا پیسہ آیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک آپ خود اپنی حالت کا جائزہ نہیں لیں گے، آپ آگے نہیں بڑھ سکیں گے۔اس یاترا میں راہل گاندھی ایک کھلی گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔ ان کے ساتھ سونیا گاندھی کے نمائندے کشوری لال شرما اور رائے بریلی میونسپلٹی کے چیئرمین شتروگھن سونکر بھی تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK