Inquilab Logo Happiest Places to Work

راہل گاندھی کو آئندہ تمام انتخابات میں کانگریس کی فتح کا یقین

Updated: September 25, 2023, 12:11 PM IST | Agency | New Delhi

نئی دہلی میںایک میڈیا ہاؤس کے ایونٹ سے راہل گاندھی کا خطاب ،کہاکہ خواتین ریزرویشن بل کل صبح نافذ کیاجاسکتا ہے جبکہ حکومت اسے ۱۰؍ سال ٹالنا چاہتی ہے۔

Rahul Gandhi addressing the conclave. Photo: PTI
راہل گاندھی کانکلیو سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر:پی ٹی آئی

راہل گاندھی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس سال ہونے والے پانچ ریاستوں کے انتخابات میں کانگریس مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں اسمبلی انتخابات جیت رہی ہے، ہم تلنگانہ جیت سکتے ہیں جبکہ راجستھان میں قریبی مقابلہ ہوسکتا ہے، لیکن انہیں یقین ہے کہ وہاں بھی کانگریس جیت جائے گی۔ راہل گاندھی نے اتوار کو دہلی میں ایک میڈیا ہاؤس کےپروگرام میں صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کئی باتیں کہیں ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی عوامی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے کئی حربے اپناتی ہے۔ ایم پی رمیش بدھوڑی کا پارلیمنٹ میں دوسرے ایم پی کوگالی دینا اورایک ملک ایک الیکشن ایسے ہی حربے ہیں ۔ایونٹ میں راہل گاندھی نے کہا کہ جب بھی پارلیمنٹ میں کوئی مسئلہ اٹھایا جاتا ہے تو وہ توجہ ہٹانے کیلئے ایسے حربے استعمال کرتے ہیں ۔ ہم نے بی جے پی کے ایسے حربوں سے نمٹنے کا طریقہ سیکھ لیا ہے۔
کرناٹک انتخابات سے سبق سیکھ کر پارٹی کا بیانیہ طے کیا 
راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس نے کرناٹک انتخابات سے بہت اہم سبق سیکھا ہے کہ بی جے پی( اصل مسائل سے) توجہ ہٹاتی ہے۔ وہ ہمیں اپنا بیانیہ بنانے سے روکتی رہی۔ اسی طرح وہ ماضی میں کئی انتخابات جیتتی رہی ۔ اس سے سبق لیتے ہوئے ہم نے اپنی پارٹی کا بیانیہ طے کرتے ہوئے کرناٹک کا الیکشن لڑا۔راہل نے کہا’’ ہم نے کرناٹک کے لوگوں کو ایک سیدھا طریقہ بتایا کہ ان کے لیے بہت سے سماجی تحفظ کے پروگرام ہیں ، جن پر عمل کیا جا رہا ہے۔ اور اس طرح ہم بیانیہ کو کنٹرول کرنے میں کامیاب ہو گئے۔‘‘
خواتین کو فوراً ریزرویشن ملنا چاہئے 
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نےخواتین ریزرویشن بل کو فوری طور پر نافذ کرنے کے اپنے مطالبہ کا اعادہ کیا۔ گزشتہ روز راجستھان میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا تھا کہ حکومت مردم شماری اور حدبندی کا بہانہ بنا رہی ہے جبکہ حقیقت یہ ہےکہ خواتین کو۳۳؍ فیصد ریزرویشن فوری طور پر بھی فراہم کیا جا سکتا ہے۔راہل گاندھی نے خواتین کے ریزرویشن سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ جب ناری شکتی وندن ایکٹ پاس ہو چکا ہے تو خواتین کے ریزرویشن کو فوری طور پر لاگو کیا جانا چاہئے۔ کانگریس اس ریزرویشن سسٹم کو فوری نافذ کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے لیکن مرکزی حکومت مردم شماری اور حد بندی کے بہانے بنانے میں مصروف ہے۔ اگر کانگریس اتحاد اقتدار میں آتا ہے تو ہماری حکومت فوری طور پر خواتین کے ریزرویشن کو نافذ کرے گی۔‘‘راہل گاندھی نے کہاکہ خواتین ریزرویشن بل کل صبح نافذ کیاجاسکتا ہے لیکن بی جےپی تاخیر کررہی ہے اور اسے ۱۰؍سال تک ٹالنا چاہتی ہے۔
اڈانی اور مودی کے تعلقات پر سوال 
راہل گاندھی نے ایک بار پھر اڈانی اور مودی حکومت کے درمیان تعلقات پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام بڑی صنعتیں اڈانی کو دے دی گئی ہیں ۔ ملک کے عوام مہنگائی سے پریشان ہیں لیکن مرکزی حکومت اس پر توجہ نہیں دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کا بدھوڑی کا بیان ہو یا انڈیا بمقابلہ بھارت کا مسئلہ، یہ تمام بنیادی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے ہیں ۔کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے بھارت جوڑو یاترا کے حوالہ سے بھی بی جےپی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور میڈیا اپوزیشن کے پیغام کو صحیح طریقے سے لوگوں تک نہیں پہنچنے دیتے۔ یہی وجہ تھی کہ انہوں نے لوگوں تک پہنچنے کے لیے ’بھارت جوڑو یاترا‘ کا سہارا لیا تھا۔
۲۰۲۴ء میں اپوزیشن بی جے پی کو حیرت میں ڈال دے گا
راہل گاندھی نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد’ انڈیا‘ چیزوں کے ساتھ خود کوڈھال رہا ہے اور مل کر کام کر رہا ہے۔ہندوستان کی ۶۰؍فیصد آبادی اپوزیشن کے ساتھ ہے۔ہم یقینی طور پر۲۰۲۴ء کے عام انتخابات میں بی جے پی کو حیرت زدہ کرنے والے ہیں ۔بی جے پی حقیقی مسائل کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ ہندوستان میں اصل مسائل غربت، بے روزگاری، نچلی ذاتوں ، او بی سی اور قبائلیوں کے ساتھ ناانصافی اور مہنگائی ہے۔ بی جے پی ان کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ اس لیے وہ کہتی ہےکہ آؤ بدھوڑی جی بیان دو۔ آئیں مل کر الیکشن کرائیں ۔ آئیے انڈیا کا نام بدل دیں ۔ یہ سب ایک خلفشار ہے۔ ہم یہ جانتے اور سمجھتے ہیں ۔ ہم انہیں ایسا کرنے نہیں دیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK