Inquilab Logo Happiest Places to Work

۲۰۲۴ء کے نتائج بی جے پی کو حیران کر کے رکھ دیں گے راہل گاندھی کو یقین

Updated: September 25, 2023, 9:21 AM IST | Inquilab News Network | Assam

آسام میں ’پرتی دن میڈیا نیٹ ورک‘ کے کانکلیو میں کانگریس صدر راہل گاندھی نے سیر حاصل گفتگو کی،اس کے ۳؍ اہم نکات:

Rahul Gandhi. Photo :INN
راہل گاندھی۔ تصویر:آئی این این

۲۰۲۴ء بی جے پی کیلئے حیران کن ہوگا
کانگریس کے سابق صد راہل گاندھی نے ۲۰۲۴ء کے پارلیمانی الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو جن کلیدی مسائل کا سامنا ہے ان میں   مالی نا برابری، دولت کا چند مخصوص ہاتھوں  میں  ارتکاز،نچلی ذاتوں   کے ساتھ نامناسب برتاؤ، بے روزگاری اور مہنگائی اہم ہیں ۔ ان کے مطابق’’چونکہ بی جےپی ان کا سامنا نہیں  کرسکتی اس لئےکبھی بدھوڑی سے بیان دلا دیا جاتا ہے تو کبھی ون نیشن ون الیکشن کا شوشہ چھوڑا جاتاہے، یہ سب دھیان بھٹکانے کی کوششیں  ہیں ، اپوزیشن متحد ہے، ہم ۶۰؍ فیصد ہیں ، ۲۰۲۴ء میں   بی جےپی کو حیران ہونا پڑےگا۔ 
انتخابی بیانیہ پر کانگریس کا قبضہ 
راہل گاندھی کے مطابق کانگریس یہ سمجھ چکی ہے کہ بی جےپی کی حکمت عملی دھیان بھٹکانے اور اپوزیشن کو انتخابی بیانیہ طے نہ کرنے دینا ہے۔ نتیجہ یہ ہوا ہے کہ اب ہماری توجہ الیکشن میں  اپنے بیانیہ پر مستحکم رہنے کی ہوتی ہے۔ ان کے مطابق’’ہم نے کرناٹک میں  ریاست کیلئے واضح نظریہ پیش کیا۔ عوام کو بتایا کہ یہ سوشل سیکوریٹی پروگرام ہے جو ہم آپ کیلئے نافذ کریں گے اور اس کےبعد ہم نے انتخابی بیانیہ پر کنٹرول قائم رکھا۔‘‘ راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ راجستھان، مدھیہ پردیش ،چھتیس گڑھ اور تلنگانہ میں  بھی کانگریس ہی انتخابی بیانیہ طے اور کنٹرول کر رہی ہے۔
ذات پر مبنی سروے پر زور
 راہل گاندھی نے پورے ملک میں  ذات پر مبنی سروے پر زور دیا اور کہا کہ بی جےپی اس سے بچنے کی کوشش کررہی ہے،اس لئے عوام کا دھیان بھٹکانے کی کوششیں   ہور ہی ہیں ۔ انہوں   نے کہا کہ ’’بدھوڑی اور نشی کانت دوبے کی شکل میں  آپ جو کچھ دیکھ رہے ہیں  وہ ذات پر مبنی سروے کے مطالبے سے ملک کے عوام کی توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK