Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریلوے پولیس اہلکار کی مستعدی ، ماں اور بچے کی جان بچ گئی

Updated: April 30, 2026, 2:02 PM IST | Ejaz Abduilghani | Kalyan

چلتی ٹرین سے اترتے وقت خاتون کا توازن بگڑ گیا مگراسسٹنٹ سب انسپکٹراوروہاں موجود دیگر افرادفوراًمدد کو دوڑے۔

Woman Falls While Getting Off A Moving Train.Photo:INN
خاتون چلتی ٹرین سے اترتے وقت گرپڑی- تصویر :آئی این این

کلیان( اعجاز عبدالغنی) کلیان ریلوے اسٹیشن پر ریلوے پروٹیکشن فورس( آئی پی ایف) کے ایک جوان کی مستعدی اور بہادری کی وجہ سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ آپریشن جیون رکشا کے تحت ڈیوٹی پر تعینات اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے چلتی ٹرین سے اترتے وقت پھسلنے والی خاتون اور اس کے معصوم بچے کی جان بچائی۔

یہ بھی پڑھئے:بلجیم: ۱۷؍ ہزار بچے اپنے والدین کے ساتھ قید میں پرورش پا رہے ہیں: بیلجا نیوز

یہ سنسنی خیز واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون مسافر نے چلتی ٹرین سے اترنے کی کوشش کی جس کے نتیجے میں وہ اپنا توازن کھو بیٹھی تھی۔تفصیلات کے مطابق منگل کی صبح ۵ بجکر ۵۱؍ منٹ پر کلیان ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر ۵ پر داناپور۔ایل ٹی ٹی ایکسپریس داخل ہو رہی تھی۔ ابھی ٹرین کی رفتار تھمی نہیں تھی کہ۲۴؍سالہ انتیما شکلا نامی خاتون نے جو اپنے ایک سالہ بیٹے سروج کے ساتھ الہ آباد(پریاگ راج) سے ممبئی کا سفر کر رہی تھی، جلد بازی میں نیچے اترنے کی کوشش کی۔ اس دوران اس کا پاؤں پھسل گیا اور وہ بچے سمیت ٹرین اور پلیٹ فارم کے درمیان خلا کی جانب گرنے لگی۔

یہ بھی پڑھئے:رِچا چڈھا نے گوا میں بیلی ڈانس کیلئے کورس مکمل کیا

وہاں ڈیوٹی پر موجود اسسٹنٹ سب انسپکٹر ہیمنت بھرگوڈے نے جیسے ہی یہ منظر دیکھا انہوں نے بجلی کی سی تیزی دکھائی۔’آپریشن جیون رَکشا‘ کے تحت الرٹ ڈیوٹی انجام دینے والے ہیمنت نے اپنی جان کی پروا کئے بغیر فوری دوڑ لگائی اور خاتون کو اس وقت پیچھے کھینچ لیا جب وہ ٹرین کے پہیوں کی زد میں آنے ہی والی تھی ۔ یہ واقعہ اسٹیشن پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں میں محفوظ ہوگیا۔ ریلوے حکام اور مسافروں نے اے ایس آئی ہیمنت بھرگوڈے کی اس جرات مندانہ کارروائی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ آر پی ایف انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کی اس مستعدی سے دو قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ گئیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK