• Wed, 05 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستانی خواتین ٹیم سے ٹرافی واپس لے لی جائے گی، آخر اس کی وجہ کیا ہے؟

Updated: November 05, 2025, 3:26 PM IST | Agency | Dubai

ٹرافی کو واپس لے کر آئی سی سی کے دبئی واقع ہیڈ کوارٹر میں رکھ دیا جاتا ہے، جیتنے والی ٹیم کو بعد میں اس کی ایک نقلی ٹرافی دی جاتی ہے جو بالکل اصلی جیسی ہوتی ہے۔

The winning team celebrates with the trophy. Photo: PTI
فاتح ٹیم ٹرافی کے ساتھ جشن منارہی ہے۔ تصویر:پی ٹی آئی
ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے اتوار کو فائنل میں جنوبی افریقہ کو شکست دے کر پہلی بار ون ڈے ورلڈ کپ کا خطاب جیتا۔ ہرمن پریت کور کی کپتانی میں ٹیم انڈیا نے جنوبی افریقہ کو۵۲؍ رنوں سے شکست دی۔ اس شاندار فتح کے بعد ہندوستانی کھلاڑیوں کی ٹرافی کے ساتھ جشن مناتے ہوئے کئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں لیکن آپ یہ جان کر حیران ہو جائیں گے کہ ہندوستانی ٹیم سے یہ ٹرافی واپس لے لی جائے گی۔ ایسا آئی سی سی کے ایک خاص اصول کے تحت کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے تقریباً۲۶؍ سال قبل ایک ضابطہ مرتب کیا تھا جس کے تحت جیتنے والی ٹیم کو ٹرافی صرف فوٹو شوٹ اور وکٹری (فتح) پریڈ کے لئے دی جاتی ہے۔ اس کے بعد ٹرافی کو واپس لے کر آئی سی سی کے دبئی واقع ہیڈ کوارٹر میں رکھ دیا جاتا ہے۔ جیتنے والی ٹیم کو بعد میں اس کی ایک نقلی ٹرافی دی جاتی ہے جو بالکل اصلی جیسی ہوتی ہے۔ اس ضابطے کا مقصد ٹرافی کو چوری یا نقصان سے بچانا ہے۔خواتین ورلڈ کپ۲۰۲۵ء کی ٹرافی کا وزن تقریباً۱۱؍ کلو گرام ہے اور اس کی اونچائی تقریباً ۶۰؍ سینٹی میٹر ہے۔ یہ سونے اور چاندی سے بنائی گئی ہے۔ ٹرافی کے۳؍ چاندی کے کالم اسٹمپ اور بیلز کی شکل کے ہیں جبکہ اس کا اوپری حصہ گولڈ گلوب ہے۔ اس پر اب تک کی تمام فاتح ٹیموں کے نام کندہ ہیں۔ اس بار ہندوستان کا نام پہلی بار اس ٹرافی میں شامل ہوا ہے۔ اب تک کھیلے گئے۱۳؍خواتین ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں آسٹریلیا نے۷؍ بار، انگلینڈ نے۴؍ بار نیز نیوزی لینڈ اور انڈیا نے ۱-۱؍بار ٹائٹل جیتا ہے۔غورطلب ہے کہ نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے۲۹۸؍ رن بنائے تھے۔ جواب میں جنوبی افریقہ کی ٹیم۲۴۶؍رن ہی بنا سکی۔ ہندوستان کی جانب سے شیفالی ورما نے۸۷؍  رن کی شاندار اننگز کھیلی اور دو وکٹیں حاصل کیں، جس کے لئے انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
دپتی شرما نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے۵۸؍ رن بنائے اور۵؍کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔ اس شاندار کامیابی کے بعد سے ہندوستان میں جشن کا ماحول ہے جبکہ بی سی سی آئی کے ساتھ ساتھ آئی سی سی نے بھی ہندوستانی خواتین ٹیم کو کروڑوں روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK