Inquilab Logo Happiest Places to Work

تہواروں کے پیش نظر ریلوے کا اعلان، رعایتی راؤنڈ ٹرپ پیکیج اسکیم

Updated: August 09, 2025, 6:43 PM IST | New Delhi

انڈین ریلوے نے تہوار کے موسم میں بھیڑ بھاڑ پر قابو پانے اور مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے رعایتی راؤنڈ ٹرپ پیکیج اسکیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے

Indian Railway.Photo:INN
انڈین ریلوے۔ تصویر:آئی این این

انڈین ریلوے نے تہوار کے موسم میں بھیڑ بھاڑ  پر قابو پانے اور مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے رعایتی راؤنڈ ٹرپ پیکیج اسکیم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت مسافروں کو ۲۰؍فیصد کی رعایت ملے گی۔
ریلوے کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اس اسکیم کا مقصد تہواروں کے دوران بھیڑ بھاڑ کو کنٹرول کرنا، بکنگ کے عمل کو آسان بنانا اور ٹرینس کے مؤثر کام کاج کو یقینی بنانا ہے۔ مسافر باہر جانے والے اور واپسی کے سفر کو ایک ساتھ بُک  کر کے اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ دونوں سفر کے لیے مسافر کی تفصیلات، سفری کلاس اور اصل اور منزل ایک ہی ہونی چاہیے۔ اس اسکیم کے تحت بکنگ۱۴؍ اگست سے شروع ہوگی اور سفر۱۳؍ اکتوبر سے۲۶؍ اکتوبر کے درمیان کیا جاسکتا ہے جبکہ واپسی ۱۷؍ نومبر سے یکم دسمبر کے درمیان ہوگی۔ واپسی کے سفر کے لیے ایڈوانس ریزرویشن پیریڈ (اے آر پی) نافذ نہیں ہوگا۔

یہ بھی پڑھیئے:۵۰؍ فیصد امریکی ٹیرف کے اعلان سے ایم ایس ایم ایز پر خطرہ

مسافروں کے لیے واپسی کے سفر کے بنیادی کرایے پر۲۰؍ فیصد کی رعایت پر غور کیا جائے گا، جس کا اطلاق صرف تصدیق شدہ ٹکٹوں پر ہوگا۔ بکنگ آن لائن (آئی آر سی ٹی سی ویب سائٹ یا ایپ) یا ریلوے ریزرویشن کاؤنٹرس کے ذریعے کی جا سکتی ہے لیکن دونوں سفر کے لیے بکنگ کا طریقہ ایک جیسا ہونا چاہیے۔ اس اسکیم کے تحت بک کروائے جانے والے ٹکٹوں پر کرایہ کی واپسی یا ترمیم کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ دیگر رعایتیں جیسے ریل سفری کوپن، واؤچر، پاس یا پی ٹی او نافذ نہیں ہوں گے۔
ریلوے کے مطابق یہ اسکیم تمام کیٹیگریز اور ٹرینوں پر نافذہوگی، بشمول اسپیشل ٹرینیں (آن ڈیمانڈ ٹرینیں)، لیکن فلیکسی کرایہ والی ٹرینوں کو اس اسکیم سے خارج کر دیا گیا ہے۔ ریلوے نے تمام زونل ریلوے کے پرنسپل چیف کمرشیل  منیجرس کو اس اسکیم کو نافذ کرنے اور اس کی تصدیق کرنے کی ہدایت دی ہے۔ نیز، سینٹر فار ریلوے انفارمیشن سسٹم (سی آر آئی ایس) سے کہا گیا ہے کہ وہ سافٹ ویئر میں ضروری تبدیلیاں کریں اور  آئی آر سی ٹی سی اور کونکن ریلوے کارپوریشن کو مطلع کریں۔
ریلوے بورڈ کے ڈائریکٹر (مسافروں کی مارکیٹنگ) پروین کمار نے کہا کہ یہ اسکیم ریلوے کی وزارت کے فائنانس ڈائریکٹوریٹ کی رضامندی سے شروع کی گئی ہے، جس کا مقصد تہواروں کے موسم میں مسافروں کو سستا اور آسان سفر فراہم کرنا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK