Inquilab Logo Happiest Places to Work

بارش اور سیلاب سے کئی ریاستوں میں تباہی

Updated: June 28, 2025, 11:48 AM IST | Agency | New Delhi

مختلف حادثات میں مجموعی طور پر ۱۰؍افراد کی موت، کیدارناتھ ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ میںیاتری پھنس گئے، احمدآباد، سورت میں سیلاب کا پانی گھروں میں گھسا،مختلف ریاستوں کیلئے اورینج الرٹ۔

Kedarnath: Rescue team rescues pilgrims trapped in landslide in Mankatiya. Photo: INN
کیدارناتھ: منکٹیہ میں لینڈ سلائیڈنگ میں پھنسے یاتریوں کو ریسکیو ٹیم  نکالتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

دہلی کو چھوڑ کر ملک کی تمام ریاستوں میں بارش ہو رہی ہے۔ اتراکھنڈ میں موسلادھار بارش کی وجہ سے کیدارناتھ ہائی وے ایک بار پھر منکٹیہ علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بند ہوگیا ہے۔ سڑک پر پتھر اور ملبہ مسلسل گر رہا ہے۔ ایس ڈی آر ایف اور این ڈی آر ایف کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور متبادل راستوں سے یاتریوں  کو بحفاظت نکال رہی ہیں۔ ادھر ملک میں بارشوں سے ہونے والی اموات کی تعداد میں بھی اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔ 
  ہماچل پردیش کے کلو ضلع میں بادل پھٹنے سے اب تک ۷؍افراد کی موت ہو چکی ہے، جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔ بدھ کو کلّو کے پانچ مقامات جیوا نالہ (سینج)، شیلا گڑھ (گڑھسا) وادی، استرو گیلری (منالی)، ہورن گڑھ (بنجار)، کانگڑا اور دھرم شالہ میں بادل پھٹے تھے۔ 
وہیں  جموں و کشمیر کے راجوری، پونچھ، ڈوڈہ اور کٹھوعہ اضلاع میں بادل پھٹنے اور موسلا دھار بارش سے آنے والے سیلاب میں  ۲؍بچوں سمیت ۳؍افراد کی موت ہو گئی ہے۔ 
  گجرات کے احمد آباد، سورت اور نوساری اضلاع میں گزشتہ ۲؍دنوں سے موسلادھار بارش ہورہی ہے۔ سورت کے بعد اب احمد آباد میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ گھروں میں پانی بھر گیا ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک کی تمام ریاستوں میں بارش کا امکان ہے۔ مشرقی راجستھان، مغربی مدھیہ پردیش، اتراکھنڈ، گجرات، وسطی مہاراشٹر، گوا، کرناٹک اور کیرالہ میں بارش کا اورنج الرٹ ہے۔ 
 خیال رہے کہ ہریانہ کے ۹؍اضلاع میں بھی پچھلے دو دنوں  سے زبردست بارش ہورہی ہے۔ اس باعث معمولات زندگی درہم برہم ہیں۔ جمعرات کو چرکھی دادری، مہندرگڑھ، پانی پت، بھیوانی، جھجھر، فتح آباد وغیرہ میں زبردست بارش ہوئی، جبکہ آس پاس کے علاقوں  میں ہلکی پھلی بوندا بارنی رہی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK