Inquilab Logo Happiest Places to Work

بارش کے سبب ودربھ کے مختلف علاقوں میں حالات دگرگوں

Updated: August 20, 2025, 11:57 PM IST | Yavatmal

ایوت محل کا پالسی گائوں پانی سے گھر گیا ، دیگر علاقوں سے رابطہ منقطع ، ناگپور اور گڈچرولی کے کئی علاقوں میں بھی تقریبا ًیہی صورتحال

A village in Ayutthaya is completely under water.
ایوت محل میں ایک گائوں پوری طرح پانی میں

ایوت محل ضلع کے  عمر کھیڑ تعلقے میں واقع  پالسی گاؤں طوفانی بارش کی وجہ سے سیلاب کی لپیٹ میں ہے۔ مسلسل بارش کی وجہ سے گاؤں کا رابطہ مکمل طور پر ٹوٹ گیا ہے۔ صورتحال سنگین ہونے پر علاقہ کے رکن اسمبلی کسن راؤ وانکھیڈے کشتی کے ذریعہ گاؤں پہنچے اور سیلاب سے متاثرہ گاؤں والوں سے براہ راست ملاقات کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس دوران کسن راؤ وانکھیڑے نے گاؤں والوںکو فوری امداد پہنچانے کی یقین دہانی کروائی۔ 
  یاد رہے کہ پالسی گاؤں چاروں طرف سے سیلابی پانی سے گھرا ہوا ہے۔ لوگ اپنے روزمرہ کے کاموں کیلئے گھروں سے باہر نہیں نکل پا رہے ہیں۔ انتظامیہ نے کئی خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے جبکہ کچھ کو عارضی پناہ گاہ میں رکھا گیا ہے۔ ناگپور ضلع میں مسلسل ہورہی موسلا دھار بارش کی وجہ سے عمریڈ تحصیل کے مکرڈھوکڑا اور پارڈگاؤں کے آبی ذخائر چھلک گئے ہیں اور ان آبی ذخائر سے پانی چھوڑا جارہا ہے۔ ندی کنارے آباد بستیوں کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ ضلع کی عمریڈ تحصیل میں بھی موسلادھار بارش سے زرعی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ ولد ۔ ہڈکیشور پل زیر آب آنے سے آمد ورفت کئی گھنٹوں تک بند رہی جس سے گاؤں والوں میں غصہ ہے۔ گاؤں والے پچھلے کئی سال سے پل کی اونچائی بڑھانے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن انتظامیہ کی طرف سے کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ اس مطالبہ کے لئے گاؤں والوں نے آئندہ بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کرنے کا انتباہ دیا ہے۔
 ۳؍ دن سے لگاتار جاری موسلادھار بارش سے کپاس اور دھان کی فصلوں، سبزیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ گڈچرولی ضلع جاری مسلسل موسلا دھار بارش نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے۔ ۳؍ دن سے جاری موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ہے جسکے باعث ۱۳؍ بڑی سڑکوں پر ٹریفک مکمل طور پر ٹھپ پڑا ہے اور سیکڑوں دیہات کا ضلع ہیڈ کوارٹر سے رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔ دھان کے کھیتوں میں پانی بھر جانے سے فصل کا بھاری نقصان ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ۲۴ گھنٹوں میں تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے الرٹ رہنے کی اپیل کی ہے۔ گڈچرولی سے گزرنے والی چھتیس گڑھ کی اندراوتی ندی میں طغیانی آئی ہوئی ہے جبکہ ضلع کی پرل کوٹا ندی بھی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے۔ اس ندی کا پانی بھامراگڑھ شہر میں داخل ہونے سے کئی مکانات اور دکانیں زیر آب آگئی ہیں۔ انتظامیہ نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا ہے اور کھانے پینے کا انتظام کیا گیا ہے۔ بارش کی وجہ سے بھامراگڑھ، الاپلی، اہیری، وٹرا، تلودھی، آمگاؤں، کُرکھیڑا، ویرا گڑھ، چوڑمپلی، چپرالا، کڑھیلی ۔ اراڈی، شنکر پور، ڈونگرگاؤں، کوکڈی تلسی، کونڈھالا۔ وڈسا، پورلا ۔ واڑدھا پور، بڈھا پور، بیرا گڑھ، ہالور-کوٹھی اور گڈچرولی، چنڈالا، گروالا پر ٹریفک بند ہے۔ بھامراگڑھ تحصیلدار کشور باگڈے نے بتایا کہ تحصیل کے تمام اسکول حفاظتی وجوہات کی بناء پر ۳؍ تک بند رکھے گئی ہیں اور انتظامیہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK