Inquilab Logo

بھیونڈی : رکن اسمبلی کی میونسپل کمشنر اورافسران سے میٹنگ

Updated: January 10, 2020, 4:54 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

رکن اسمبلی رئیس شیخ نے جمعرات کو میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں میونسپل کمشنر کے ساتھ سبھی محکموں کے سربراہان کے ہمراہ شہر کی تعمیر و ترقی سے متعلق ان کی کارکردگی اور منصوبوں پر گفتگو کی۔

رکن اسمبلی رئیس شیخ بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب
رکن اسمبلی رئیس شیخ بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب

بھیونڈی : رکن اسمبلی رئیس شیخ نے جمعرات کو میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر میں میونسپل کمشنر کے ساتھ سبھی محکموں کے سربراہان کے ہمراہ  شہر کی تعمیر و  ترقی سے متعلق ان کی کارکردگی اور منصوبوں پر گفتگو کی۔ انہوںنے سبھی محکموں کے سربراہان سے اس معاملے میں تعاون دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے تعلیم، صحت، سڑکیں ، فلائی اوور،مینا تائی ٹھاکرے آڈیٹوریم، پرشورام ٹاورے اسٹیڈیم اور شہر کے ڈیولپمنٹ پلان بالخصوص قبرستان  سے متعلق افسران سے جواب طلب کیا۔ تقریباً ۲؍ گھنٹوں کی میٹنگ کے بعد انہوں نے شہری انتظامیہ کے کام کاج پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔
 رکن اسمبلی رئیس شیخ نے میونسپل اسکولوں میں گرتے تعلیمی معیار پر سخت فکرمندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ان کی پہلی ترجیح ہے اور  معیارتعلیم کو بلند کرنے کیلئے انہیں جوبھی کرنا پڑے ، وہ کریں گے ۔انہوں نے شہر میں گزشتہ ۱۰؍برس سے ایجوکیشن آفیسر نہ ہونے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے جلد ہی ایجوکیشن آفیسر کی تقرری کا بھی وعدہ کیا۔ مینا تائی ٹھاکرے آڈیٹوریم کی تزئین کاری کیلئے ۱۱؍کروڑروپوں کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے میونسپل کمشنر کو ہدایت دی کہ اس سلسلے جلد از جلد سبھی کاغذی کارروائی پوری ہونی چاہئے۔انہوں نے بھیونڈی اور ممبئی ریلوے کوجوڑنے کیلئے جلد ہی وزیر  ریل پیوش گوئل سے ملاقات کرکے ان سے  اس پر کام شروع کرنے کے بارے میںتکنیکی مسائل اور اس کے حل پر گفتگو کریں گے۔  
 ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے رئیس شیخ نے کہا کہ رکن اسمبلی منتخب ہونے کے بعد انہوں نے شہر کا دورہ کرسبھی محکمہ کے کام کاج کا جائزہ لیاجس سے پتہ چلا کہ شہریوںکو ملنے والی سہولیات کو پوری طرح نظرانداز کیا جارہا ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ وہ پاور لوم انڈسٹری کیلئے بہتر سہولیات سے متعلق وزراء سے رابطے میں ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK