Inquilab Logo

’’میونسپل اسکولوں کے بھگوا کرن کو روکیں‘‘

Updated: January 09, 2024, 11:54 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

بھگوان رام پر مضمون نویسی معاملہ میں رکن اسمبلی رئیس شیخ کا وزیر اعلیٰ سے مطالبہ، رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے کہا :اقلیتی اسکولوں کو اس سے مستثنیٰ رکھا جائے۔

Member of Assembly Raees Sheikh. Photo: INN
رکن اسمبلی رئیس شیخ۔ تصویر : آئی این این

سماجوادی پارٹی کےرکن اسمبلی رئیس شیخ نےپیر کو وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو مکتوب دے کر مطالبہ کیا ہے کہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی) کے اسکولوں میں `’پربھو شری رام کی سوانح حیات‘ پرمضمون نویسی کے مقابلہ کو روکیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کسی سرکاری یا بلدیہ کے اسکول میں اس طرح کا کوئی مذہبی پروگرام منعقد کرنا اسکولوں کے بھگوا کرن کے مترادف ہے جسے روکا جانا چاہئے۔واضح رہے کہ میونسپل محکمہ تعلیم نے دعویٰ کیا ہے کہ اس میں شرکت لازمی نہیں کی گئی ہےجبکہ اس تعلق سے گزشتہ دنوں ہونے والی میٹنگ میں شریک افسران کا کہناتھاکہ ہم سے کہا گیا ہے کہ سبھی اسکولوں کے طلبہ اس میں حصہ لیں گے۔ 
 اس بارے میں رکن اسمبلی رئیس شیخ نے بتایا کہ’’ بی ایم سی کے اسکولوں کے طلبہ کے درمیان۹؍ تا ۱۹؍ جنوری ’پربھو شری رام کی سوانح حیات ‘ پر مضمون نویسی، پینٹنگ، شاعری اور ڈراما مقابلے منعقد کرنے کا اعلان کیا گیاہے۔میونسپل ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے اس سلسلے میں ۵؍جنوری کو سرکیولر جاری کیا ہے۔‘‘ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ریاستی وزیرمنگل پربھات لودھا نے آئندہ انتخابات کو ذہن میں رکھ کر اس طرح کا ’غیر قانونی‘ مقابلہ منعقد کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کسی سرکاری یا بلدیہ کے اسکول میں اس طرح کا مذہبی مقابلہ منعقد کرنا آئین کے خلاف ورزی ہے۔
اس طرح کے مقابلوں کے انعقاد کی ہدایت ممبئی مضافاتی کے نگراں وزیر منگل پربھات لودھا نے بی ایم سی کو دی تھی۔ریاستی وزیر کی طرف سے اس طرح کے مقابلوں کے انعقاد کی ہدایات دینا مکمل طور پر غیر قانونی ہیں اور آئندہ الیکشن کو ذہن میں رکھ کر یہ ہدایت دی گئی ہے۔ہم مذہبی مقابلے کے ذریعے بی ایم سی کے اسکولوں کے بھگوا کرن کے سخت خلاف ہیں ۔ہم نے۱۵؍دسمبر ۲۰۲۳ء کو اپنے خط میں میونسپل انتظامیہ کو منگل پربھات لودھا کی طرف سے دیئے گئے حکم کی سختی سے مخالفت کی تھی اور ۱۷؍ دسمبر ۲۰۲۳ء کو وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو خط بھیج کر مداخلت کی درخواست کی تھی۔رئیس شیخ نے کہا کہ ’’ہم ایک بار پھر وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وہ منگل پربھات لودھا کے ذریعہ میونسپل اسکولوں کے بھگوا کرن کو روکیں ۔ بصورت دیگرہمارے پاس اس معاملے میں عوام کی عدالت میں جانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہوگا۔
 دریں اثناءمہاراشٹر سماجوادی پارٹی کے صدر اور رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے بھگوان رام پر پینٹنگ اور مضمون نویسی مقابلہ پر اعتراض کرتے ہوئے یہ مطالبہ کیا ہے کہ بی ایم سی اسکولوں میں تمام مذہب سے تعلق رکھنے والے طلبہ زیر تعلیم ہیں ۔ اس میں اقلیتی طلبہ کے جذبات کا بھی خاص خیال رکھیں اور انہیں ان مقابلوں سے مستثنیٰ رکھا جائے ۔ انہوں نے میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل کو ایک مکتوب ارسال کر کے یہ واضح کیا ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے اس مقابلہ کو لازمی قرار دیناسیکولر قدروں کے منافی ہے ۔تعلیم کا بھگوا کرن ناقابل برداشت ہے اس لئے تمام مذاہب کا احترام لازمی ہے اورمیونسپل اسکولوں میں ہر طالب علم کو اس میں شرکت لازمی نہ کی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK