سمراٹ چودھری کے مطابق بینکوں کی جوابدہی کو یقینی بنانے کیلئے ان کی کارکردگی کی بنیاد پر درجہ بندی اور اسکورنگ انڈیکس کو نافذ کرنے کی تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: July 23, 2025, 12:32 PM IST | Agency | Patna
سمراٹ چودھری کے مطابق بینکوں کی جوابدہی کو یقینی بنانے کیلئے ان کی کارکردگی کی بنیاد پر درجہ بندی اور اسکورنگ انڈیکس کو نافذ کرنے کی تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔
بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری نےمنگل کو کہا کہ بہار میں بینکوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے رینکنگ انڈیکس بنانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
چودھری نے کہا کہ بینکوں کی جوابدہی کو یقینی بنانے کے لئے ان کی کارکردگی کی بنیاد پر درجہ بندی اوراسکورنگ انڈیکس کو نافذ کرنے کی تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ انڈیکس بینکنگ کارکردگی، سالانہ کریڈٹ پلان کے ہدف کا حصول، کریڈٹ ڈپازٹ تناسب میں اضافہ، ترجیحی شعبے جیسے زراعت، مویشی پروری، ماہی پروری وغیرہ میں قرضوں کی تقسیم، امداد باہمی گروپوں کو قرض کی دستیابی اور حکومت کی اسکیموں جیسے مدرا یوجنا، کسان کریڈٹ کارڈ اور پی ایم ای جی پی وغیرہ میں شراکت کو بنیاد بنا کر تیار کیا گیا ہے۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کی اقتصادی ترقی میں بینکوں کا رول اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک کا کام صرف بچتوں کو محفوظ رکھنے تک محدود نہیں ہے بلکہ اس سے ریاست کی اقتصادی رفتار بھی مضبوط ہوتی ہے۔ بینک زراعت، صنعت، تجارت، خدمت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں قرض فراہم کرکے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں بھی مدد کرتے ہیں۔ بینکوں کے اس اہم کردار کو ذہن میں رکھتے ہوئے، مالی سال کے آغاز میں ریاستی سطح کی بینکرس کمیٹی کے ذریعے سالانہ کریڈٹ پلان کے تحت بینکوں کے لئے قرض کی وصولی کا ہدف مقرر کیا جاتا ہے۔ مالی سال ۲۵-۲۰۲۴ء کے دوران زیادہ تر بینک ان اہداف کو حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ریاست کا کریڈٹ ڈپازٹ تناسب بھی فی الحال قومی اوسط سے کم ہے۔
چودھری نے کہا کہ اس صورتحال کو بہتر بنانے اور بینکوں کی جوابدہی کو یقینی بنانے کے لئے ان کی کارکردگی کی بنیاد پر درجہ بندی، اسکورنگ انڈیکس کو نافذ کرنے کی تجویز کو منظوری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف وہی بینک جو اس انڈیکس میں کم از کم۴۰؍ نمبر حاصل کرتے ہیں ریاستی حکومت کی اسکیموں میں شامل ہوں گے اور صرف انہیں ہی سرکاری ڈپازٹس اور پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگس، اتھارٹیز اور سوسائٹیز کے ساتھ بینکنگ لین دین قبول کرنے کی اجازت ہوگی۔