Inquilab Logo Happiest Places to Work

آندھرا پردیش میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال میں تیزی سےاضافہ

Updated: July 16, 2025, 11:15 AM IST | Agency | Hyderabad

الیکٹرک بسوں کی فروخت بھی بڑھ گئی،حکام الیکٹرک گاڑیوں کو عام لوگوں تک پہنچانے اور انہیں سستے داموں میں دستیاب کروانے کی کوششوں میں مصروف۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

ریاست آندھرا پردیش میں  الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال دن بہ دن تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ٹو وہیلرس، تھری وہیلرس اور کاروں کے ساتھ ساتھ  الیکٹرک بسوں کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
 وزیر اعلیٰ چندرابابو نائیڈو، جو گرین انرجی اور ماحولیاتی تحفظ کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں، کی سوچ کے مطابق حکومت  الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ کے لئے  اقدامات کر رہی ہے۔ اسی تناظر میں حکام  الیکٹرک گاڑیوں کو عام لوگوں تک پہنچانے اور انہیں سستے داموں میں دستیاب کروانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ 
  یادرہےکہ میپما ادارہ کے ذریعہ خواتین کو سبسڈی پر الیکٹرک وہیکلس فراہم کئے جا رہے ہیں جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھ رہے ہیں بلکہ خواتین میں خود انحصاری کا رجحان بھی پروان چڑھ رہا ہے۔
  آٹو ڈرائیورس بھی  پیٹرول اور ڈیزل کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث  الیکٹرک آٹوز کو ترجیح دے رہے ہیں جو کہ ماحول دوست اور کم خرچ ذریعہ آمد و رفت ثابت ہو رہے ہیں۔ 
 حکومت کی جانب سے ریاست بھر میں چارجنگ اسٹیشنس کے قیام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ صارفین کو گاڑی چارجنگ میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
  عوام میں  بیداری کے لئے مختلف مقامات پر بیداری کیمپ، ورکشاپس اور تشہیری مہم بھی چلائی جا رہی ہے تاکہ لوگ الیکٹرک گاڑیوں کے فوائد کو سمجھ سکیں۔ صنعتی شعبہ میں بھی کئی کمپنیاں اپنی ڈلیوری اور لاجسٹک گاڑیوں کو  الیکٹرک ماڈلس میں تبدیل کر رہی ہیں۔
حکومت نے  الیکٹرک گاڑیوں کی رجسٹریشن پر فیس میں رعایت، ٹیکس میں چھوٹ اور سبسڈی فراہم کرتے ہوئے عوام کو اس جانب راغب کرنے کی سنجیدہ کوشش کی ہے۔ 
  اس سلسلےمیںماہرین کا کہنا ہے کہ ای وی گاڑیاں نہ صرف ماحولیاتی آلودگی کو کم کرتی ہیں بلکہ طویل مدتی طور پر ان کے رکھ رکھاؤ اور ایندھن پر کم خرچ آنے کی وجہ سے یہ اقتصادی طور پر بھی فائدہ مند ثابت ہو رہی ہیں۔ حکومت کا مقصد ریاست کو آنے والے برسوں میں ملک کے سرفہرست  الیکٹرک وہیکل اپنانے والے علاقوں میں شامل کرنا ہے اور اسی مقصد کے تحت منصوبہ بند انداز میں کام جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK