Inquilab Logo Happiest Places to Work

دوبے کے متنازع بیان پر راؤت کا فرنویس و شندے پر شدید حملہ

Updated: July 09, 2025, 11:21 AM IST | Mumbai

راؤت کا دوبے کوجیسے کو تیسا جواب: ’’ مہاراشٹر سے نہ الجھیں ورنہ پٹخنی کیا ہوتی ہے بتادیں گے‘‘

Sanjay Raut. Photo: INN
سنجے راؤت۔ تصویر: آئی این این

زبان کے مسئلے پر مہاراشٹر میں سیاسی کشیدگی کے درمیان شیو سینا (یو بی ٹی) کے لیڈر سنجے راؤت نے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ راؤت نے نشی کانت دوبے کے متنازع تبصروں پر ریاستی حکومت کی خاموشی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ’’ اگر ایکناتھ شندے اور ان کے حامی واقعی بال ٹھاکرے کے نظریات سے مخلص نہیں تو انہیں ان کی تصاویر اپنے دفاتر سے ہٹا دینی چاہئیں۔‘‘ راؤت نے کہا کہ ’’میں دوبے کو کہنا چاہتا ہوں کہ وہ مہاراشٹر سے نہ الجھیں ورنہ پٹخنی کیا ہوتی ہے ہم بتادیں گے۔ ‘‘ راؤت نے کہا کہ دوبے کے  بیان میں’پٹخ  پٹخ کے ماریں گے‘جیسے الفاظ استعمال کیے گئے، جو مہاراشٹر کے سماجی ہم آہنگی کے تانے بانے کو چیلنج کرتے ہیں۔میں تمام مراٹھی لیڈروں سے کہ رہا ہوں کہ وہ دوبے کےبیان کی مذمت کریں تبھی ہم مانیں گے کہ آپ مہاراشٹر اور اس کے لوگوں کیلئے وفادار ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ دوبے نے اشتعال انگیز اور توہین آمیز زبان استعمال کی۔راؤت نے دوبے کو دلال قسم کا آدمی  قرار دیا جو دہلی میں صنعت کاروں سے کمیشن لینے کے لیے بدنام ہے۔ انہوں نے مزید الزام لگایا کہ دوبے نے دہلی یونیورسٹی سے جعلی ڈگری حاصل کی ہے۔ راؤت نے کہا کہ ہماری پارٹی نے ہمیشہ ہندی بولنے والی برادری سے دوستانہ تعلقات قائم رکھے اور کبھی ان کے خلاف نفرت انگیز سیاست نہیں کی۔  راؤت نے فرنویس پر براہ راست حملہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ شیواجی مہاراج کا نام لینے کے قابل نہیں کیونکہ وہ مہاراشٹراور مراٹھی عوام کی توہین پر خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔آخر میں انہوں نے شندے سے کہا کہ اگر وہ وزیر اعظم نریندر مودی یا وزیر داخلہ امت شاہ سے اس مسئلے پر بات نہیں کر سکتے تو استعفیٰ دے دیں۔ راوت نے کہا کہ دوبے کو لگام دینا فرنویس، شندے اور اجیت پوار کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔وزیراعلیٰ فرنویس نے دوبے کے بیان پر یہ کہا کہ’’دوبے کو ایسابیان نہیں دینا چاہئے تھا۔‘‘ جبکہ شیوسینا (شندے ) کے لیڈر سنجے نروپم نے کہا کہ’’دوبے کا بیان واقعی قابل اعتراض کسی سماج کے خلاف پروپگنڈا کرنے کا انہیں حق نہیں ہے۔‘‘شیوسینا یوبی ٹی کے سربراہ ادھوٹھاکرے نے نشی کانت دوبے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’دوبے لکڑبگھا ہیں اور نفرت پھیلانے کیلئے اشتعال انگیز بیان بیازی کررہے ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK