• Sun, 23 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’تکبر کے سبب راون کی لنکا جل کر خاک ہوئی ‘‘

Updated: November 22, 2025, 11:09 PM IST | Palghar

ایکناتھ شندے کا اشارہ کس کی طرف؟ ڈھانو میںتقریر کے دوران نائب وزیر اعلیٰ نے وہ سب کہہ دیا جو وہ میٹنگ میں نہیں کہہ سکے

Deputy Chief Minister Eknath Shinde addressing a program (file photo)
نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ( فائل فوٹو)

نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سنیچر کے روز پال گھر ضلع کے ڈھانو علاقے میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کر رہے تھے جس میں انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا ’’ تکبر کے سبب راون کی لنکا جل کر خاک ہو گئی۔‘‘اب میڈیا میں یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ ان کے اس جملے کا رخ کس کی طرف تھا؟ عام طور پر وہ اس طرح کے جملے ادھو ٹھاکرے کیلئے استعمال کرتے ہیں لیکن انہوں نے اپنی تقریر میں زیادہ تر ایسی باتیں کہیں جن کا تعلق موجودہ حکومت سے ہے۔  حال ہی میں ہوئے بی جے پی اور شندے گروپ کے تنازع کے پس منظر میں سوال کیا جا رہا ہے کہ کیا ایکناتھ شندے دیویندر فرنویس اور بی جےپی کو کوئی اشارہ دے رہے ہیں؟ یاد رہے کہ ایکناتھ شندے نے کئی اضلاع میں مخالفین کے ساتھ اتحاد کر لیا ہے۔ اس لئے بھی یہ سوال اب زور پکڑتا جا رہا ہے۔ 
  ڈھانو میں تقریر کرتے ہوئے شندے نے کہا ’’ آپ کے ایکناتھ شندے نے ۸۰؍ سیٹوں پر الیکشن لڑ کر ۶۰؍ سیٹیں جیتی ہیں ۔  میں آپ سے صرف اتنا ہی کہنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ کو اس علاقے کو سچ مچ ترقی دلانی ہے تو راج مچھی (شندے گروپ کے صدر بلدیہ کے امیدوار) اور ان کی ٹیم کو ووٹ دیجئے۔ ‘‘انہوں نے کہا ’’ آئندہ ۲؍ تاریخ کو آپ سارے کام ایک طرف رکھ کر پورا ایک ووٹنگ کیلئے مختص رکھیں۔ میں اپنے کارکنان سے بھی کہنا چاہتا ہوں کہ وہ اپنی آنکھوں میں تیل ڈال کر کام کریں اور اپنی نگاہیںصرف اس علاقے کی ترقی پر مرکوز رکھیں ۔ اس کیلئے راج مچھی اور ان کی ٹیم کو جیت دلانے کی بھرپور کوشش کریں۔‘‘
 ایکناتھ شندے نے ایک اور جملہ ادا کیا جو خود کو مہایوتی سے الگ ظاہر کرنے والا تھا ۔ انہوں نے کہا ’’ شہری ترقیات کا محکمہ آپ کے ایکناتھ شندے کے پاس ہے۔ ڈھانو میں سمندر کنارے موجود ماہی گیروں کے مکانات کو ہم قانونی حیثیت عطا کریں گے۔ جیسا کہ ہم نے نوی ممبئی میں کیا تھا۔‘‘ شندے نے اس موقع پر اور بھی کئی وعدے کئے جیسے ڈھانو میں نگر پنچایت کی اپنی عمارت تعمیر کرنا۔ ماہی گیروں کو سہولیات فراہم کرنا۔ آلودگی سے پاک روزگار قائم کرنا۔ یہ سارے وعدے انہوں نے ’’ آپ کے ایکناتھ شندے‘‘ یعنی اپنے دم پر کئے۔کہیں بھی مہایوتی حکومت کا نام نہیں لیا۔ نہ ہی وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کا تذکرہ کیا۔ 
  اہم بات یہ ہے  ڈھانو میونسپل کونسل کے الیکشن میں شیوسینا (شندے) اور بی جے پی کے درمیان براہ راست مقابلہ ہے کیونکہ یہاں سے شیوسینا (ادھو) کے سنجے پاٹل اور کانگریس کے حفیظ خان اپنا نام واپس لے چکے ہیں۔ ایسی صورت میں ایکناتھ شندے کی ساری تقریر کو بی جے پی کے خلاف سمجھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ہم سب ڈھانو کے لوگ متحد ہو چکے ہیں۔ ہم اجارہ داری کے خلاف متحد ہوئے ہیں۔ ہم تکبر کے خلاف متحد ہوئے ہیں۔ راون کے اندر بھی تکبر تھا مگر اسی تکبر کے سبب راون کی لنکا جل کر خاک ہو گئی۔   انہوں نے کہا ’’آپ کو بھی ۲؍ تاریخ کو یہی کرنا ہے، بدعنوانی کو ختم کرنا ہے ، ترقی کا ساتھ دینا ہے۔‘‘ ایکناتھ شندے کی تقریر سے لگتا ہے کہ انہوں نے انتخابی مہم کے بہانے براہ راست دیویندر فرنویس اور ان کی پارٹی کو نشانہ بنایا ہے اور جو باتیں وہ میٹنگ میں نہیں کہہ سکے اپنی تقریر میں کہہ گئے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK