Updated: April 13, 2026, 3:27 PM IST
| Mumbai
فل سالٹ (۷۸؍رن)، وراٹ کوہلی (۵۰؍رن) اور کپتان رجت پاٹیدار (۵۳؍رن) کی طوفانی بلے بازی کے بعد گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء کے ۲۰؍ویں میچ میں ممبئی انڈینس کو ۱۸؍ رنز سے شکست دے دی۔
آر سی بی کا میچ۔ تصویر:ایکس
فل سالٹ (۷۸؍رن)، وراٹ کوہلی (۵۰؍رن) اور کپتان رجت پاٹیدار (۵۳؍رن) کی طوفانی بلے بازی کے بعد گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء کے ۲۰؍ویں میچ میں ممبئی انڈینس کو ۱۸؍ رنز سے شکست دے دی۔ ٹورنامنٹ میں یہ اس کی تیسری جیت ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں تیسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔
۲۴۱؍ رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، ممبئی انڈینز کی اوپننگ جوڑی ریان رکلٹن اور روہت شرما نے ابھی ۵۷؍ رن جوڑے تھے کہ روہت شرما (۱۹) رن پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔ آٹھویں اوور میں سویاش شرما نے ریان رکلٹن کو آؤٹ کر کے آر سی بی کو پہلی کامیابی دلائی۔ ریان رکلٹن نے ۲۲؍ گیندوں پر تین چوکے اور تین چھکے لگا کر ۳۷؍ رنز بنائے۔
سویاش شرما نے اسی اوور کی پانچویں گیند پر تلک ورما (ایک) کو بھی آؤٹ کردیا۔ کپتان ہاردک پانڈیا نے سوریہ کمار یادو کے ساتھ اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ اس دوران ۱۳؍ویں اوور میں کرونال پانڈیا نے سوریہ کمار یادو کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ سوریہ کمار یادو نے ۲۲؍گیندوں میں پانچ چوکے لگا کر ۳۳؍ رنز بنائے۔ ممبئی کا چوتھا وکٹ ۱۵؍ویں اوور میں ہاردک پانڈیا کی صورت میں گرا۔ ہاردک پانڈیا نے۲۲؍ گیندوں میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگا کر۴۰؍ رنز بنائے۔ انہیں جیکب ڈفی نے آؤٹ کیا۔ نمن دھیر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم مقررہ ۲۰؍ اوورز میں ۵؍وکٹوں پر۲۲۲؍ رنز ہی بنا سکی اور میچ ۱۸؍ رنز سے ہار گئی۔ شیرفین ردرفورڈ نے ۳۱؍ گیندوں پر ایک چوکا اور نو چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ ۷۱؍رن کی اننگز کھیلی، لیکن اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔ ممبئی کی چار میچوں میں یہ تیسری شکست ہے۔ مچل سینٹنر آٹھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ آر سی بی کے لیے سویاش شرما نے دو وکٹ لیے۔ جیکب ڈفی، راسخ سلام اور کرونال پانڈیا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھئے:ایران اپنی تباہ شدہ تیل سہولیات کو دو ماہ میں بحال کر دے گا: نائب وزیر برائے تیل
آج یہاں ممبئی انڈینس نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری آرسی بی کے لیے فل سالٹ اور وراٹ کوہلی کی اوپننگ جوڑی نے دھماکہ خیز بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ کے لیے ۱۲۰؍ رنز جوڑے۔ شاردُل ٹھاکر نے ۱۱؍ویں اوور میں فل سالٹ کو ہاردک پانڈیا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراتے ہوئے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ فل سالٹ نے۳۶؍ گیندوں پر چھ چوکے اور چھ چھکے لگا کر ۷۸؍ رنز کی طوفانی اننگز کھیلی۔
یہ بھی پڑھئے:ممتا کا بی جے پی پرایک ہزار کروڑ کی ڈیل کا الزام
۱۵؍ویں اوور میں ہاردک پانڈیا نے بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وراٹ کوہلی کوباؤنڈری پر کیچ آؤٹ کرا دیا۔ وراٹ کوہلی نے ۳۸؍ گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے ۵۰؍ رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور میں مچل سینٹنر نے رجت پاٹیدار کو تلک ورما کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ رجت پاٹیدار نے۲۰؍ گیندوں میں چار چوکے اور پانچ چھکے لگا کر(۵۳؍رن ) رنوں کی نصف سنچری اننگز کھیلی۔ جیتیش شرما ۱۰؍ رنز بنانے کے بعد چوتھی وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ آر سی بی نے مقررہ ۲۰؍ اوورز میں چار وکٹ پر ۲۴۰؍ رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ ٹم ڈیوڈ ۱۶؍ گیندوں پر ۳۴؍ رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ ممبئی انڈینز کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ، ہاردک پانڈیا، مچل سینٹنر اور شاردُل ٹھاکر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔