• Mon, 26 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایل کلاسیکو میں ریئل میڈرڈ کی شاندار فتح، بارسلونا کو ۱۔۲؍گول سے شکست

Updated: October 26, 2026, 5:04 PM IST | Barcelona

اسپینش فٹ بال لیگ لالیگا کے سب سے بڑے مقابلے ایل کلاسیکو میں ریئل میڈرڈ نے اپنے روایتی حریف بارسلونا کو اس کے ہوم گراؤنڈ اسپاٹیفائی کیمپ نو میں ۱۔۲؍گول سے شکست دے دی۔

El Clasico.Photo:X
ایل کلاسیکو۔ تصویر:ایکس

اسپینش فٹ بال لیگ لالیگا کے سب سے بڑے مقابلے ایل کلاسیکو میں  ریئل میڈرڈ نے اپنے روایتی حریف بارسلونا کو اس کے ہوم گراؤنڈ اسپاٹیفائی کیمپ نو میں ۱۔۲؍گول سے شکست دے دی۔ ۲۵؍ اکتوبر  ۲۰۲۶ء کو کھیلے گئے اس سنسنی خیز مقابلے میں فرانسیسی اسٹار کائلین ایمباپے نے دو گول کرکے  ریئل  میڈرڈ کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ بارسلونا کی جانب سے رافینیا نے ایک گول کرکے مقابلہ برابر کیا، لیکن میچ کے آخری لمحات میں ایمباپے کے فیصلہ کن گول نے میزبان ٹیم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ اس کامیابی کے ساتھ  ریئل  میڈرڈ نے رواں لالیگا سیزن میں بارسلونا کے مسلسل نو فتوحات کے سلسلے کو بھی ختم کردیا۔ 


میچ کے ابتدائی لمحات میں دونوں ٹیموں نے محتاط انداز اختیار کیا، تاہم ریئل  میڈرڈ نے تیز حملوں کے ذریعے بارسلونا کے دفاع پر دباؤ برقرار رکھا۔ ریئل میڈرڈ کو  ۴۱؍ویں منٹ میں کامیابی ملی، جب یان دیومانڈے کے بائیں جانب سے بھیجے گئے کراس کو روکنے کی کوشش میں بارسلونا کے دفاعی کھلاڑی جیرارڈ مارٹن سے گیند ٹکرا کر ایمباپے کے جسم سے لگی اور جال میں چلی گئی۔ اس گول کے ساتھ ریال میڈرڈ نے۰۔۱؍گول  کی برتری حاصل کرلی۔ بارسلونا نے جلد برابر ی کرنے کی کوشش کی، لیکن نوجوان اسٹار الامین جمال گول کرنے کا ایک اچھا موقع ضائع کرگئے۔ پہلے ہاف کے اختتام تک ریئل  میڈرڈ اپنی برتری برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔ 
 دوسرے ہاف میں بارسلونا نے حملوں کی رفتار بڑھائی اور ۶۱؍ویں منٹ میں رافینیا کے گول کی بدولت مقابلہ  ۱۔۱؍سے برابر کردیا۔ پیڈری نے بہترین انداز میں گیند رافینیا تک پہنچائی، جس پر برازیلی کھلاڑی نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا دیا۔ گول کے بعد بارسلونا نے ریئل  میڈرڈ پر دباؤ بڑھایا اور برتری حاصل کرنے کے لیے متعدد حملے کیے۔ ریئل میڈرڈ کے گول کیپر آندری لونن نے بھی اہم موقعوں پر شاندار دفاع کیا، جس سے ان کی ٹیم مقابلے میں برقرار رہی۔ 

یہ بھی پڑھئے:شاداب خان کی ناقابلِ یقین سنچری، پاکستان نے آخری وکٹ پر میچ جیت لیا

میچ کے آخری مرحلے میں جب دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ جاری تھا، ریئل میڈرڈ نے ایک تیز جوابی حملے کے ذریعے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ کھیل کے۸۷؍ویں منٹ میں بارسلونا کے متبادل کھلاڑی گیبریل جیسس سے گیند چھوٹنے کے بعد ریال میڈرڈ نے تیزی سے حملہ کیا۔ متبادل کھلاڑی ایڈورڈو کیماؤنگا گیند لے کر آگے بڑھے اور دفاعی کھلاڑی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایمباپے کو بہترین پاس دیا۔ ایمباپے نے موقع ضائع کیے بغیر گیند کو جال میں پہنچا دیا اور ریئل میڈرڈ کو۱۔۲؍گول کی برتری دلا دی۔ یہ گول میچ کا فیصلہ کن لمحہ ثابت ہوا۔ آخری سیٹی بجنے تک ریئل  میڈرڈ نے اپنی برتری برقرار رکھی اور ایل کلاسیکو میں اہم کامیابی حاصل کرلی۔ 
اس مقابلے میں دو گول کرنے کے ساتھ ایمباپے نے ریئل میڈرڈ کی جانب سے اپنے مجموعی گولوں کی تعداد ۱۰۰؍ تک پہنچادی۔ رواں لالیگا سیزن میں ان کے گولوں کی تعداد بھی ۱۰؍ میچوں میں ۱۱؍ ہوگئی ہے۔ ان کی کارکردگی نے نہ صرف ٹیم کو تین قیمتی پوائنٹس دلائے بلکہ ٹائٹل کی دوڑ میں ریال میڈرڈ کی پوزیشن بھی بہتر کردی۔  اس فتح کے بعد بارسلونا ۱۰؍ میچوں میں ۲۷؍ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ ایٹلیٹکو میڈرڈ  ۲۶؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ریئل  میڈرڈ ۲۴؍ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ اس طرح ریئل  میڈرڈ نے بارسلونا کے ساتھ پوائنٹس کا فرق کم کرکے تین کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:۶۳؍سال کی عمر میں فلمسازآنند پنڈت نے ۷؍ دن میں ۳۳۳؍ کلومیٹر سائیکلنگ کرتے ہیں

بارسلونا کے لیے یہ شکست اس لیے بھی اہم ہے کہ ٹیم کو اس سے قبل یورپی چیمپئنز لیگ میں پیرس سینٹ جرمین کے خلاف ۲۔۴؍گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ بارسلونا کے کوچ ہانسی فلک نے مصروف شیڈول اور مسلسل سفر کے باعث کھلاڑیوں کی تازگی متاثر ہونے کا ذکر کیا، تاہم ٹیم کی کارکردگی پر مایوسی بھی ظاہر کی۔ دوسری جانب ریئل میڈرڈ کے کوچ جوزے مورینہو نے اپنی ٹیم کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔   ریئل  میڈرڈ کی یہ فتح محض روایتی حریف کے خلاف کامیابی نہیں بلکہ لالیگا ٹائٹل کی دوڑ میں ایک اہم پیش رفت بھی ہے۔ ایمباپے کے فیصلہ کن دو گول، کیماؤنگا کی شاندار معاونت اور لونن کے اہم دفاع نے میچ کا رخ بدل دیا، جبکہ بارسلونا کو اپنی مسلسل فتوحات کا سلسلہ ٹوٹنے کے بعد آئندہ مقابلوں میں واپسی کے لیے مزید محنت کرنا ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK