ڈھول تاشے سے طلبہ کا استقبال کیاگیا، پھول اور مٹھائیاں پیش کی گئیں، پہلے ہی دن تعلیمی سامان ملنے سے میونسپل طلبہ خوش۔
EPAPER
Updated: June 17, 2025, 2:55 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
ڈھول تاشے سے طلبہ کا استقبال کیاگیا، پھول اور مٹھائیاں پیش کی گئیں، پہلے ہی دن تعلیمی سامان ملنے سے میونسپل طلبہ خوش۔
موسلادھاربارش کےباوجود پیر سے شہر ومضافات کے اسکول کا جوش وخروش سے آغازہوا۔ مختلف اسکولوں میں ڈھول باجے کی آوازوں کے ساتھ طلبہ کا خیر مقدم کیا گیا۔ اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی، سابق کارپوریٹروں ، میونسپل کمشنراور دیگر سیاسی اور سماجی کارکنوں، پرنسپل، اساتذہ اور اسکول مینجمنٹ کمیٹی کےممبران نےاسکول کے پہلے دن طلبہ کا جوش وخروش سے استقبال کیا۔ مقامی لیڈروں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔ طلبہ کے خدمت میں گل اور تحائف پیش کئے گئےساتھ ہی امسال پہلے ہی دن اسکولی سامان دیئے جانے سے طلبہ میں زبردست خوشی دکھائی دی۔ ڈیڑھ سے دو ماہ کی طویل تعطیلات کے بعد پیر کی صبح موسلا دھار بارش میں والدین چھتریوں کو تھامے بچوں کو اسکول لا تے دکھائی دیئے۔ ا سکول کے داخلی دروازوں کو پھولوں سے سجایاگیاتھا۔ اسکول احاطے میں داخل ہونے پر طلبہ کا ڈھول تاشے سے استقبال کیا گیا۔ طلبہ کوگلاب اور چاکلیٹ دے کر کلاس روم میں لے جایاگیا۔ اس موقع پر بی ایم سی کے اسکولوں میں طلبہ کو عوامی نمائندوں کے ذریعہ درسی کتابیں، یونیفارم اور دیگر اسکولی سامان تقسیم کئے گئے۔ وقفہ کے دوران طلبہ میں مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ شہر ومضافات کے تقریباً ۴؍ہزار ۱۰۲؍اسکولوں میں اسکول کے پہلےدن انتہائی جو ش وخروش کے ساتھ طلبہ کا استقبال کیاگیا۔
سنگھرش نگرمیونسپل اُردواسکول کے انچارج خالد شیخ نے انقلاب کوبتایاکہ ’’ہمارے ہاں اُردو کے علاوہ ہندی اورمراٹھی اسکول کے طلبہ زیرتعلیم ہیں ۔ ہم نے اجتماعی طور پراسکول کاپہلا دن انتہائی جوش وخروش سے منایا۔ طلبہ اور والدین کا گرمجوشی سے استقبال کیاگیا۔ اسکول کی جانب سے بنائے گئے سیلفی پوائنٹ پر طلبہ نے تصاویر لیں۔ موسلادھار بارش کےباوجود ۵۰۔ ۶۰؍ فیصد طلبہ کی حاضری درج کی گئی۔ اسکول کے پہلے ہی بی ایم سی کی جانب سے دیئے جانےوالی ۲۷؍تعلیمی اشیاء کےفراہم کئے جانے سے طلبہ میں خوشی کاماحول رہا۔ ‘‘
محمد عمررجب اُردو ہائی اسکول (مدنپورہ)میں بھی اسکول کے پہلے دن طلبہ کا تحائف اور پھول سے خیرمقدم کیا گیا۔ تعلیمی سامان ملنے سے طلبہ پُرجوش اور خوش دکھائی دیئے ۔
محمد عمررجب اُردو ہائی اسکول میں پہلے دن طلبہ میں حوصلہ پیدا کرنے اور علم سے رغبت پیدا کرنے کے لئےان کو گلاب کا پھول اور تحفے دے کر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ جس سے بچوں کا حوصلہ بلند ہوگا اور علم حاصل کرنے کا ذوق بڑھے گا۔ اس طرح استقبال پر بچے خوش نظر آئے اور فوراً اپنی کلاس میں زیر تعلیم دیگر طلبہ کو بھی حاضر کیا۔ اسی کے ساتھ بچوں کو درسی کتابیں اور بی ایم سی کی جانب سے مہیا کردہ تعلیمی لوازمات (یونیفارم، بیاضیں، بیگ، ٹفن باکس وغیرہ) بھی دیئے گئے۔ اس موقع پر اسکول ہیڈ انچارج شہناز اور تمام اساتذہ موجود رہے۔
گوونڈی سنجے نگر میونسپل اُردو اسکول میں مقامی رکن اسمبلی ثناءملک شیخ نے طلبہ کا استقبال کیا۔ انہوں نے طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے پڑھائی کی اہمیت اور افادیت پر سیرحاصل گفتگوکی۔ اسی طرح شہر ومضافات کےد یگر اسکولوں میں الگ الگ طریقے سے اسکول کے پہلے دن بچوں کااستقبال کیاگیا۔