Inquilab Logo Happiest Places to Work

موسم ِ باراں: احتیاط کئی بیماریوں سے بچا سکتی ہے

Updated: June 17, 2025, 3:41 PM IST | Odhani Desk | Mumbai

بارش کے موسم میں سب سے اچھا قدم احتیاط ہوتا ہے، ایسے موسم میں باہر کی غذائیں کھانے سے گریز کیا جائے، زیادہ کیچڑ اور گندگی سے بچنے کے لئے گھر میں ہی رہنے کو ترجیح دی جائے۔ اس موسم میں ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ ہلکی پھلکی غذا کھائیں اور گھر میں رہ کر ہلکی پھلکی ورزش کریں۔

During this season, wash vegetables and fruits thoroughly with lukewarm water before using them. Photo: INN
اس موسم میں سبزیوں اور پھل کو استعمال کرنے سے قبل نیم گرم پانی سے اچھی طرح دھوئیں۔ تصویر: آئی این این

بارش کا موسم اپنے ساتھ ٹھنڈک اور تازگی لاتا ہے۔ لیکن اس کے ساتھ کئی بیماریاں بھی دستک دیتی ہیں۔ دراصل اس موسم میں ہوا میں نمی بڑھنے سے فنگس اور بیکٹیریا تیزی سے پنپتے ہیں۔ ساتھ ہی آلودہ پانی اور کھان پان کی غلط عادت کے سبب ڈائریا، پیچش، ڈینگو، ملیریا، ٹائیفائیڈ، وائرل فیور اور نمونیا جیسی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ خاص طور پر کمزور مدافعتی نظام والے افراد جلد ان انفیکشن کی زد میں آجاتے ہیں۔ اس صورتحال میں اپنی صحت کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔
 ماہرین کے مطابق، مانسون میں ہاضمہ کمزور ہوجاتا ہے اس لئے کھانے پینے کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔ اس موسم میں پیٹ بھر کے کھانے کے بجائے تھوڑا تھوڑا کھانا چاہئے تاکہ نظام ہضم پر زیادہ دباؤ نہ پڑے۔ دن میں ۳؍ کی جگہ ۴؍ سے ۵؍ بار ہلکی اور متوازن غذا کھانی چاہئے۔ اس کے علاوہ رات کا کھانا ہلکا ہو اور اسے سونے سے کم سے کم ۲؍ سے ۳؍ گھنٹے پہلے کھا لینا چاہئے۔ ساتھ ہی جسم میں پانی کی کمی نہ ہو اسلئے مناسب مقدار میں پانی پئیں۔
 مانسون میں جسمانی سرگرمیوں میں کمی آجاتی ہیں کیونکہ لوگ بارش کے سبب باہر ٹہلنے یا ایکسر سائز کرنا چھوڑ دیتے ہیں۔ ساتھ ہی اس موسم میں تلی اور بھنی چیزوں کا استعمال بڑھ جاتا ہے۔ اس لئے جسم میں کیلوریز بڑھنے لگتی ہیں۔ ساتھ ہی نمی اور سستی کے سبب نظام ہضم سست ہوجاتا ہے جس سے فیٹ برن نہیں ہوتا۔ یہی وجہ ہے کہ اس موسم میں وزن بڑھنے کا خطرہ رہتا ہے۔ ا س لئے روزانہ گھر میں ۳۰؍ سے ۴۰؍ منٹ ہلکی پھلکی ورزش کریں۔ موڈ کو بہتر بنانے کے لئے کتابیں پڑھیں۔ گھر کی ہلکی پھلکی صفائی کریں اس سے بھی سستی دور بھاگ جاتی ہے۔ گھر میں معمر افراد اور بچے ہیں تو گھر کی صاف صفائی کا خاص خیال رکھیں۔

کیا کھانا چاہئے؟
٭بارش کے موسم میں اگر نظام ہضم کو بہتر رکھا جائے تو کئی بیماریوں اور مسائل سے بچا جاسکتا ہے اور نظام ہضم کو بہتر بنانے کے لئے تازہ پھلوں کو پانی میں دھونے کے بعد استعمال کرنے سمیت چائے، کافی اور نیم کے پتوں کو گرم کرکے استعمال کیا جائے تو کافی اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔
٭اپنی غذا میں لیموں، جامن، سنگترا، پپیتا، سیب اور انار شامل کریں۔ یہ چیزیں اس موسم میں ہونے والے انفیکشن سے بچاتی ہیں۔
٭سبزیوں میں لوکی، ترئی، ٹنڈا، کدو، کریلا اور کھیرا استعمال کریں۔ یہ سبزیاں مانسون میں پیٹ کے بھاری پن، بدہضمی اور گیس سے راحت دلاتی ہیں۔
٭اپنی خوراک میں تازہ دہی اور چھاچھ (کم مقدار میں) شامل کریں۔ اس سے پیٹ میں انفیکشن کا خطرہ کم رہتا ہے۔
٭اس موسم میں ہلدی والا دودھ اور تلسی ادرک کا کاڑھا ضرور پئیں۔

چند احتیاطی تدابیر
٭پھل اور سبزیوں کو نیم گرم پانی سے اچھی طرح دھوئیں۔
٭چھلکے سمیت کھائے جانے والے پھل اور سبزیوں کو بیکنگ سوڈا والے پانی سے اچھی طرح دھو کر استعمال کریں یا فریج میں محفوظ کریں۔
٭کچن میں کہیں بھی پانی یا نمی جمع ہونے نہ دیں اور کھانے کو ڈھانک کر رکھیں۔
٭کوڑے دان کا ڈھکن ڈھانک کر رکھیں تاکہ مکھیاں کوڑے پر نہ بیٹھ سکیں۔
٭مچھر دانی (ماسکیوٹو نیٹ) کا استعمال کریں۔
٭گھر کے اطراف پانی جمع نہ ہونے دیں، اس میں کئی پھپوندیاں بھی جنم لیتی ہیں۔
٭گھر میں مچھر مار دوائیں چھڑکیں۔
٭روغن ِ صندل کا جسم پر ملنا مچھر اور مکھیوں کو آپ سے دور کرتا ہے۔
٭برسات میں چاول اور کئی سبزیوں میں کیڑے لگ جاتے ہیں لہٰذا استعمال سے قبل جانچ لیں۔ ساتھ ہی چیزوں کو طویل عرصے تک اسٹور نہ کریں۔

گھریلو نسخے
٭نزلے زکام کی شکایت میں نیم گرم پانی کے غرارے مفید ثابت ہوتےہیں، ساتھ آٹے کا چھان (بھوسی) چھ گرام ایک کپ پانی میں جوش دے کر ہلکا نمک ملا کر گرم گرم پی لیں۔ بند ناک کو کھولنے کیلئے سادہ پانی کی بھاپ بھی لی جاسکتی ہے۔
٭کھانسی سے نجات کے لئے ملیٹھی چھ گرام ایک کپ پانی میں جوش دے کر پئیں۔
٭خارش، پھوڑے اور پھنسیوں سے افاقے کے لئے پانی میں نیم کے تازہ پتّے اُبال کر اس سے نہائیں۔
٭بعض اوقات سیلابی پانی سے خارش کی شکایت ہوجاتی ہے یا انگلیاں گَل جاتی ہیں، اس صورت میں نیم کے پتّوں کا جوشاندہ عام پانی میں مکس کرکے نہانے سے افاقہ ہوگا ہے، جبکہ انگلیاں گلنے کی صورت میں اِسی پانی سے دھولیں۔
٭اگر آنکھوں میں جلن محسوس ہو، تو عرقِ گلاب کے دو دو قطرے دِن میں تین بار آنکھوں میں ڈالیں، افاقہ ہوجائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK