۱۶۸؍ میگا واٹ کا ڈیٹا سینٹر ہو گا ، یہ ملک میں فیس بک کی پیرنٹ کمپنی میٹا کا پہلا ڈیٹا سینٹر ہو گا جس کی تعمیر اگلے ۲؍ برس میں مکمل ہو جائے گی ۔
معاہدہ۔ تصویر:آئی این این
ریلائنس انڈسٹریز امریکی ٹیک کمپنی میٹا کے ساتھ مل کر گجرات کے جام نگر میں۱۶۸؍ میگاواٹ کا ڈیٹا سینٹر قائم کرے گی۔میٹا کے پاس فیس بک، میسنجر، انسٹاگرام اور وہاٹس ایپ جیسی سوشل میڈیا ایپس کی ملکیت ہے اور۱۴۰؍ کروڑ سے زیادہ آبادی کے ساتھ ہندستان اس کے لئے ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے۔ریلائنس انڈسٹریز نے بدھ کو جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ دونوں کمپنیوں کے درمیان ہونے والی شراکت داری کے تحت ملک میں خصوصی طور پر میٹا کے لیے پہلا ڈیٹا سینٹر تعمیر کیا جائے گا۔ توقع ہے کہ اس کی تعمیر دو برس میں مکمل ہو جائے گی۔ مستقبل میں اس کی گنجائش۱۶۸؍ میگاواٹ سے مزید بڑھانے کا آپشن بھی رکھا گیا ہے۔معاہدے کے تحت میٹا اس ڈیٹا سینٹر سے لیز پر صلاحیت حاصل کریگی۔ ریلائنس انڈسٹریز ڈیٹا سینٹر کے پورے لائف سائیکل کے دوران جامع خدمات فراہم کرے گی، جن میں ڈیزائن اور تعمیر، یوٹلٹی کا انتظام، قابلِ تجدید توانائی کی فراہمی، نیٹ ورک کنکٹی ویٹی اور مکمل طور پر منظم آپریشنل خدمات شامل ہیں۔
یہ ڈیٹا سینٹر میٹا کے عالمی انفراسٹرکچر کا حصہ ہوگا اور اس کے بنیادی کاروبار اوراے آئی کمپیوٹنگ کی ضروریات کو بھی سہارا فراہم کرے گا۔پریس ریلیز کے مطابق جام نگر میں تعمیراتی سہولیات، قابلِ تجدید توانائی کی دستیابی، آبی وسائل اور جیو کے وسیع فائبر نیٹ ورک تک رسائی جیسے عوامل اسے ڈیٹا سینٹر کے لیے ایک اسٹریٹجک مقام بناتے ہیں۔ یہ ڈیٹا سینٹر قابلِ تجدید توانائی سے چلایا جائے گا اور اسے ٹھنڈا رکھنے کے لیے سمندری پانی کو میٹھے پانی میں تبدیل کرنے کا عمل استعمال کیا جائے گا ۔ ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹرمکیش امبانی نے میٹا کے ساتھ اس شراکت داری کو ملک کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر شعبے میں ایک انقلابی لمحہ قرار دیا۔