یاد ہے ممبرا کا عفان کُٹی جس نے ۱۵؍ سال کی عمر میں’روبکس کیوب‘ کو اپنا مشغلہ بنایا تھا، آج متعدد عالمی ریکارڈ ز اُس کے نام ہیں۔
اوپر کی تصویرحال ہی کی ہے جب عفان نے روبکس کیوب پر ۸۷؍ ویں سالگرہ کی مناسبت سے انقلاب کا نام لکھا تھا۔ تصویر: آئی این این
یاد ہے ممبرا کا وہ طالب علم ’ماسٹر عفان کٹی ‘جس نے ۱۵؍ سال کی عمر میں، جب وہ دسویں میں تھا، موبائل کی لت چھوڑ کر ’روبکس کیوب‘ کو اپنا مشغلہ بنایا تھااور آج وہ عالمی شہرت یافتہ ہو گیا ہے ۔آج اس کے نام متعدد ریکارڈز ہیں یہاںتک کہ سی بی ایس سی کے پہلی ،ششم ، ہفتم اور ہشتم جماعت کی نصابی کتاب(دی پاپولرنالیج ٹری)میں انگریزی میں اس کا ایک سبق ’’جہاں چاہ وہاں راہ‘‘ کے عنوان سے دیا گیا ہے۔ اس سبق میں بتایا گیا ہے کہ موبائل کی لت میں مبتلا طالب علم نے کس طرح اپنی لت کو چھوڑ ااور دنیا کے لئے ایک مثال بن گیا ۔ واضح رہے کہ انقلاب نے ۲۰۲۰ء میں ماسٹر عفان کٹی کی خبر شائع کی تھی ۔ اس وقت وہ دسویں جماعت میں زیر تعلیم تھے۔ ۵؍سال گزر جانے کے بعد جب نمائندہ ٔ انقلاب نے ایک بار پھر ان سے ملاقات کی تو انہوں نے اپنی کامیابی کی روداد سنائی ۔ عفان کٹی آج بھی روزانہ تقریباً ۳؍ گھنٹے ’روبکس کیوب‘ پر پریکٹس کرتے ہیں اور آنکھ بند ہونے کے باوجود کیوب پر ان کی انگلیاں انتہائی تیزی سے حرکت کرتی ہیں اور چند سیکنڈ میں وہ نام یا تصویر بنا لیتے ہیں ۔ انہوں نے چار ڈائمنشن میں نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی چار پشتوں کی تصویر آنکھ بند کر کے بناکر بتائی ہےجس کے بعد انہیں اعزاز سے نوازاگیا۔

اس موقع کی تصویر جب اس نے کیوب پر سورہ ٔ الناس لکھا تھا۔ تصویر: آئی این این
عفان ممبرا میں اپنے والدین اور بڑے بھائی کے ساتھ رہتے ہیں۔ان سے گزشتہ ۵؍ سال کے سفر کے تعلق سے پوچھنے پر انہوں نے بتایاکہ اس دوران انہوں نے بین الاقوامی سطح کے سرٹیفکیٹ سے لے کر قومی سطح کے سرٹیفکیٹ اور بک آف ریکارڈ میں شمولیت حاصل کی ہے۔ ان کے ایوارڈ کی کافی لمبی فہرست ہے جن میں ’روبکس کیوب‘ پر یو اے ای کی جانب سے سرٹیفکیٹ بھی شامل ہے۔اس کے علاوہ اعزاز کے طور پر سعودی حکومت کی جانب سے عفان کو عمرہ کرنے کا بھی موقع دیا گیا تھا۔
موبائل سے’روبکس کیوب‘ کا سفر
عفان کٹی فی الحال ممبرا کے ایم ایس کالج میں بی کام کے تیسرے سال میں زیر تعلیم ہیں۔ ان کی رہائش گاہ پر جس کمرے میں ان سے ملاقات ہوئی اس میں ڈھیر سارے سرٹیفکیٹ ، ایوارڈس اور ٹرافیاں سجی ہوئی تھیں۔دوران گفتگو انہوں نے بتایا کہ ’’مَیںبچپن میں تقریباً ڈیڑھ سال تک موبائل کے لت میں مبتلا ہو گیا تھا اور اسی لت کی وجہ سے میری آنکھیں کمزور ہو گئیں اور چشمے کا سہارا لینا پڑا لیکن میرے والد رفیق کٹی نے مجھے ’کیوب‘ (جسے بچوں کو کھیل کے ذریعے توجہ مرکوز کرنے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے) لاکر دیا ۔ اس کویب میں میرا شوق اتنا بڑھا کہ یہ میرا پیشن بن گیا اور اب میں بین الاقوامی سطح پر موبائل کی لت سے باہر آنے کیلئے موٹیویشن لیکچر بھی دیتا ہوں۔‘‘
عفان کے والد رفیق کٹی نے بتایا کہ ’’ ۳؍ سال میں ہزار گڈ مارننگ میسیج بنانے پر انجینیئس چارم ورلڈ ریکارڈس(آئی سی ڈبلیوآر) کی جانب سے عفان کو گرینڈ ماسٹر کا خطاب دیا گیا ہے۔‘‘ انہوںنے مزید بتایاکہ ’’ کیرلا کے مرکز نالج سٹی میں ایک عالیشان مسجد اسے’روبکس کیوب‘ پر بنانے پر مسجد انتظامیہ کی جانب سے عفان کو سرٹیفکیٹ دیا گیا ہے۔‘‘
گرینڈ ماسٹر عفان کٹی کے کارنامے
۱۔ عفان کُٹی نے جن بک آف ریکارڈ اور مقرروں (اسپیکروں) کی فہرست میں اپنا نام درج کروایا ہے ان میں: گنیس ورلڈ ریکارڈ، لمکا بُک آف ریکارڈ، ایشیا بک آف ریکارڈ، انڈیا بُک آف ریکارڈ، ٹی ای ڈی ۔ایکس اسپیکر ، جوش اسپیکر، انجینیس چارم ورلڈ ریکارڈ،ٹیلینٹ ریکارڈ بک، انڈین اسکول۔ سیلیبس شامل ہے۔
۲۔عفان کٹی نوری گروپ آف کمپنیز کے برینڈ امبیسیڈربھی ہیں۔
۳۔عفان نے ہندوستان اور بیرون ملک مختلف اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں ۳۵۰؍ سے زیادہ موٹیویشنلیکچرز دیئے ہیں۔
۴۔آنکھوں پر پٹی باندھ کرہندوستان اور بیرون ملک روبکس کیوب پر ایک ہزار سے زیادہ معززین کے نام لکھے ہیں۔
۵۔ہندوستان اور بیرون ملک روبکس کیوب پر آنکھوں پر پٹی باندھ کر۱۰۰؍سے زیادہ معززین کی تصاویر بنائی ہیں۔
۶۔ ۲۶؍ مئی۲۰۲۰ءسے یکم ستمبر۲۰۲۰ء تک روبکس کیوب پر اللہ تعالیٰ کے۹۹؍ نام(اسمائے حسنیٰ) مع معنی بنائے۔
۷۔۲؍ستمبر۲۰۲۰ء سے ۹؍دسمبر۲۰۲۰ءتک رسول پاک کے۹۹؍ نام مع معنی روبکس کیوب پربنائے۔
۸۔۱۰؍دسمبر۲۰۲۰ءسے۸؍ جنوری۲۰۲۱ء تک قرآن شریف کے ۳۰؍ پاروں کے نام روبکس کیوب پربنائے۔
۹۔ ۹؍ جنوری ۲۰۲۱ء سے۲؍مئی ۲۰۲۱ء تک قرآن شریف میں۱۱۴؍سورتوں کے نام روبکس کیوب پر بنائے۔
۱۰۔ ۳؍مئی۲۰۲۱ءسے۲۷؍ مئی۲۰۲۱ء تک روبکس کیوب پر ان ۲۵؍ پیغمبروں کے نام بنائے جن کا ذکر قرآن شریف میں آیا ہے۔
۱۱۔ ۲۸؍مئی۲۰۲۱ء سے۲۳؍ جولائی۲۰۲۱ء تک کیوب پر ۵۶؍اسلامی اصطلاحات، ماہ، سال، ہفتے کے نام بنائے۔
۱۲۔ ۲۴؍ جولائی۲۰۲۱ءسے۳۱؍ مئی۲۰۲۲ء تک روبکس کیوب پر ان ۳۱۳؍صحابہ کے نام بنائے جنہوں نے بدر کی جنگ لڑی۔ اسی طرح یکم جون ۲۰۲۲ء سے ۱۴؍ جون ۲۰۲۲ء تک جنگ بدر میں شہید ہونے والے۱۴؍ صحابہ کے نام روبکس کیوب پر بنائے۔
۱۳۔۲۰۲۱ء اور ۲۰۲۲ءمیں رمضان کے مہینے میں سحری اور افطار کے اوقات کیوب پر بنائے۔
۱۴۔ عفان نے ۱۵؍ جون۲۰۲۲ء سے ۱۶؍ اپریل ۲۰۲۵ء تک الگ الگ ملکوں کی ۱۰۰۳؍ مسجدوں کے نام روبکس کیوب پر بنائے۔
۱۵۔ ۱۷؍ اپریل۲۰۲۵ءسے صحابہ کرام کے نام روبکس کیوب پر لکھنا شروع کر دیا ہے ،جو ہمارے پیارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ رہےتھے۔
عفان کی تمنا
ماسٹر عفان کی تمنا ہے کہ وہ حرم شریف مکہ میں اللہ کے ۹۹؍نام آنکھوں پر پٹی باندھنے کر روبکس کیوب پر بنائیں اور اسی طرح ہمارے پیارے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے۹۹؍ناموں کو مسجد نبوی میں بنائیں۔اس کیلئے انہیں انتظامیہ اور اسپانسر کا انتظار ہے۔
ان کی ایک اور تمنا یہ ہے کہ وہ ہندوستان کے قومی ترانے(جن گن من..) کو ’روبکس کیوب‘ پر لکھنا چاہتے ہیں لیکن اس کیلئے کوئی اسپانسر کی تلاش ہے۔