Inquilab Logo

وڈالا دین بندھو نگر میں کورونا کے مریضوں سے مکین خوفزدہ

Updated: May 22, 2020, 9:43 AM IST | Kazim Shaikh | Wadala

علاقے میں روزانہ افطار کے وقت لگنے والی مارکیٹ کو فوری طور پر کھلے میدان میں منتقل کرنے کا مطالبہ

Wadala - Pic : Inquilab
سالپینٹ روڈ پر بازار کے سبب ایسی بھیڑ ہوتی ہے ۔ تصویر ؛ انقلاب

یہاں دین بندھو نگر کے علاقے میں ایک طرف  کوروناکے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہےتو دوسری طرف  یہاں پر شام میں افطار کے وقت اس قدر بھیڑ بھاڑ ہوتی ہے کہ روڈ پر چلنا پھرنا دشوار ہے اور   بازار میں سوشل ڈسٹنسنگ کی خلاف ورزی ہوتی ہے ۔  یہی  وجہ ہے کہ مقامی لوگوں میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی سے   بے چینی پائی جارہی ہے ۔ مقامی افراد کا مطالبہ ہے کہ آس پاس میں بی ایم سی کے کئی بڑے میدان ہیں ۔جس میں فوری طور پر اس  افطار بازار کو منتقل کیا جاسکتا ہے ۔ تفصیلا ت کے مطابق وڈالا کے دین بندھو نگر میں سماجی کام کرنے والے محمود خان نے انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ دنوں میں وڈالا کے دین بندھو نگر علاقے میںکورونا کے مریضوں کی تعداد  بڑھ رہی ہے اور اب تک یہاں سے  ۱۳؍ کورونا کے مریضوں کو علاج کیلئے  متعدد اسپتالوں بھیجا گیا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ایک طرف بھیڑ بھاڑ  کور وکنے اور سوشل ڈسٹنسنگ  پر عمل کرنے کیلئے احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں تو دوسری طرف شام میں علاقے میں واقع سالپینٹ روڈ پر لگنے والی افطار بازار میں ہونے والی بھیڑ بھاڑ کی وجہ سے  راہ گیروں کا چلنا پھرنا دشوار ہے ۔ انھوں نے مزید کہا کہ اسی وجہ سے گنیش نگر کے قریب اور مہاراشٹرنگر میں لوگوں کی آمدورفت کیلئے  راستوں کو بندکردیا گیا ہے۔دین بندھو نگر میں مقیم نشاشیخ کے مطابق دین بندھونگر کا علاقہ کافی گنجان ہے اور علاقے کی گلیاں  تنگ ہیں  ۔ ان گلیوں سے نکلنا مشکل ہوتا ہے ۔ ان علاقوں میں  اگر کورونا کے مریض ملنے لگے ہیں تو  پورے علاقےکے مکینوں کیلئے باعث تشویش  ہے ۔ ایک مرتبہ اس گھنی آبادی میں کورونا کی بیماری پھیل جانے پر قابو پانا بہت مشکل ہوجائے گا ۔ نشا شیخ کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے  بی ایم سی کے متعلقہ محکموں کے افسران اور پولیس اہلکاروں سے مطالبہ کیا ہے کہ دین بندھو نگر میں خاص طور  پر افطار مارکیٹ میں بھیڑ بھاڑ کو روکنے کی ضرورت ہے ۔ اس کے علاوہ اس افطار مارکیٹ کو قریب میں بی ایم سی کے وسیع میدان میں عارضی طور پر منتقل بھی کیا جاسکتا ہے ۔  اس سلسلے میں ایف نارتھ وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر گجانن بلالے سے  بات چیت کرنے کی کوشش کی گئی لیکن رابطہ نہیں ہوسکا ۔ البتہ بی ایم سی  کے ایک افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ دین بندھونگر میں کورونا کے اب تک  ۱۳؍ مریض پائے گئےہیں۔ اسی لئے اس پر قابو پانے کیلئے سالپینٹ روڈ کو بند کیا جارہا ہے ۔ انھوں نےمزید کہا کہ مارکیٹ کو  ایک کھلےمیدان میں  جلد سے جلد منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK