Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایف ڈی اے کی کارروائیوں سے ریسٹورنٹ اور ہوٹل مالکان پریشان

Updated: August 01, 2026, 12:18 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

صرف مکھی، جھینگر یا گیلے فرش کی بنیاد پر لائسنس معطل کر نے کو نامناسب بتایا۔

Tukaram Munde. Photo: INN
تکارام منڈے۔ تصویر: آئی این این

فوڈ اینڈ ڈرگس ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) کی سخت کارروائی سے بالخصوص ہوٹل اور ریسٹورنٹ  مالکان پریشان ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ حفظان صحت  کے اصولوں کے خلاف ایف ڈی اے کی کارروائی ٹھیک ہے لیکن معمولی کمیوں جیسے ہوٹل میں ایک جھینگر یا فرش گیلا ہونے پر لائسنس کی منسوخی کو نامناسب قرار دیا۔ اپیل کی کہ ہمیں کمیوں کو درست کرنے کا موقع دیا جانا چاہئے۔ ہوٹلوں کے بند ہونے سے کئی  لوگوں کی روزی روٹی متاثر ہو رہی ہے ۔

  ایف ڈی اے کے کریک ڈاؤن سے بیشتر ہوٹل والے متفق ہیں لیکن ان کا یہ بھی کہنا ہےکہ جس طرح معمولی خامیوں کے عوض ان کے لائسنس منسوخ کئے جا رہے ہیں ، وہ ٹھیک نہیں ہے۔ ان خامیوں کو درست کیا جاسکتاہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’پانچ سال میں گھر بنا، چند منٹوں میں ملبہ‘‘

چرنی روڈ پر واقع ایک ہوٹل   مالک نے کہا کہ ’’ ایف ڈی اے کی سختی سے کاروبار کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ ہر وقت ہوٹل کا لائسنس معطل ہونے کا خوف طاری رہتا ہے ۔اس کی وجہ سے میری ڈیوٹی بڑھ گئی ہے کہ دوپہر اورشام کے اوقات میں کچھ دیر کیلئے گھر جاکر آرام کرلیتاتھا لیکن اب ہوٹل کے پورے اوقات کے دوران گھر نہیں جاپاتا ہوں ۔ ویسے توایف ڈی اے کے ضابطوں پرعمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن سبھی ضابطوں پر باقاعدگی سے عمل نہیں کیا جاسکتا۔ کوئی نہ کوئی خامی ضرور نکل آتی ہے۔ چنانچہ ایسے میں ہوٹل والوں کیلئے کاروبارکرنا مشکل ہو گیاہے ۔‘‘

جنوبی ممبئی کے ایک مشہور فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے منیجر کے مطابق ’’ہم سمجھتے ہیں کہ یہ کارروائی حفظان صحت اورعوام کے مفاد میں ہے لیکن ریسٹورنٹ کا لائسنس معطل کرنے سے پہلے بہتری لانے کا موقع دیا جانا چاہئے ۔ معمولی کوتاہیاں ہو سکتی ہیں، صرف مکھی، کاکروچ(جھینگر) یا گیلے فرش کی بنیاد پر لائسنس معطل کر دینا کتنا مناسب ہے؟ کسی ریسٹورنٹ کو بند کرنے سے نہ صرف اس کا اپنا عملہ بلکہ اس سے تعلق رکھنے والے دیگر دکاندار اور مال سپلائی کرنے والے بھی متاثر ہوتے ہیں ۔ ایف ڈی اے کے خوف سے کاروبار کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں ۔‘‘

پریل میں واقع ایک ریسٹورنٹ کے منیجر کے بقول ’’ایف ڈی اے کی متعدد شرائط ہیں ۔ سبھی اُصول پر عمل کرنا مشکل ہے لیکن ہم پوری کوشش کر رہے ہیںکہ مذکورہ شرائط پر عمل کیا جائے ۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: وکھرولی الیکشن آفس میں ایس آئی آر کے تعلق سے میٹنگ

جنوبی ممبئی کے ایک فاسٹ فوڈ دکان کے مالک نے ممبئی کے اسٹریٹ فوڈ فروشوں کی جانب توجہ مبذول کرائی۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہاکہ کیا حکام کو صرف ان لوگوں کی صحت کی فکر ہے جو ریستورانوں میں کھاتے ہیں لیکن سڑکوں پر کھانے والوں کی نہیں ؟

واضح رہے کہ ایف ڈی اے نے چرچ گیٹ  کے مشہور آئس کریم پارلر ، جنوبی ممبئی کی معروف ہوٹلوں ،شہرومضافات کےکلبوں   کے کینٹین پر کارروائی کرتے ہوئے ان کے لائسنس معطل کردیئے ہیں۔ اسی طرح   دیگر شہریوں میں بھی  اس کی کارروائی جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK