Inquilab Logo Happiest Places to Work

یہودی آبادکاروں پر پابندیاں ناکافی، اسرائیلی حکومت کو نشانہ بنایا جائے

Updated: June 12, 2026, 9:36 AM IST | London

برطانیہ کناڈا، فرانس اور نیوزی لینڈ سمیت کئی ممالک نے یہودی آبادکاروں کی معاونت کرنے والوں پر پابندی لگائی۔

Jewish settlers have gone to extremes! Photo: INN
یہودی آباد کاروں نے انتہا کر دی ہے! تصویر: آئی این این

برطانیہ، آسٹریلیا، کناڈا، فرانس، نیوزی لینڈ اور ناروے نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میںیہودی آبادکاروں کے تشدد کی مالی معاونت اور کارروائیوں میں ملوث نیٹ ورکس پر مشترکہ پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ اطلاع کے مطابق برطانیہ نے ۶؍ اداروں اور ایک فرد پر پابندی عائد کی ہے جبکہ فرانس نے اسرائیلی وزیرِ خزانہ بذالل  اسموٹریچ، ۳؍ آبادکار گروپ  رہنماؤں اور ۲۱؍یہودی آبادکاروں کے ملک میں داخلے پر پابندی لگائی ہے۔ تاہم فلسطینی رہنماؤں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات بحران کی سنگینی کے مقابلے میں ناکافی ہیں اور اصل ذمہ دار اسرائیلی حکومت کو جوابدہ نہیں ٹھہراتے۔ برطانوی چیریٹی ادارے کرسچن ایڈ کی برطانوی سربراہ جینیفر لاربئی نے پابندیوں کو بہت کم اور بہت دیر سے اٹھایا گیا قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو مسلسل ان کی زمینوں سے بے دخل کیا جا رہا ہے جبکہ عملی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ کے کمال عدوان اسپتال کے ڈائریکٹر پہلی بار عدالت میں پیش ہوئے؛ حراست کو ’ناانصافی‘ قرار دیا

فلسطینی قومی اقدام کے سیکریٹری جنرل مصطفیٰ برغوثی نے کہا ہے کہ مغربی حکومتیں اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات پر عوامی غصے کو کم کرنے کے لیے علامتی اقدامات کر رہی ہیں، آبادکاری کی منصوبہ بندی، مالی معاونت اور توسیع خود اسرائیلی حکومت کرتی ہے اسلئے صرف چند افراد یا گروہوں پر پابندیاں مسئلے کا حل نہیں۔ واضح ہو کہ اوسلو معاہدوں کے وقت مقبوضہ مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم میں تقریباً ۲؍لاکھ ۵۰؍ہزار اسرائیلی آبادکار موجود تھے جبکہ اب یہ تعداد ۷؍ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔ دوسری جانب تقریباً ۳۰؍ لاکھ فلسطینی انہی علاقوں میں رہتے ہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل برطانیہ کے کرائسس رسپانس منیجر کرسٹیان بینیڈکٹ نے کہا ہے کہ آبادکاروں کے مالی نیٹ ورکس کو نشانہ بنانا کافی نہیں بلکہ ان پالیسیوں کے معماروں کو بھی جوابدہ بنانا ضروری ہے۔  انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم نتن یاہو، سابق وزیرِ دفاع یوآو گلانٹ اور دیگر اعلیٰ حکام پر پابندیوں کا مطالبہ کیا ہے، نتن یاہو اور گلانٹ کو جنگی جرائم کے الزامات پر بین الاقوامی فوجداری عدالت کے وارنٹس کا بھی سامنا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہند نژاد عرب پتی کا امارات سڑک حادثہ متاثرین کیلئے دو کروڑ کی امداد کا اعلان

اقوامِ متحدہ کی ایک تحقیق کے مطابق اسرائیلی حکام آبادکاروں کے حملوں میں براہِ راست ملوث رہے ہیں جبکہ اسرائیلی فورسز نے متعدد مواقع پر آبادکاروں کو تحفظ فراہم کیا۔ دوسری جانب اسرائیل نے نئی پابندیوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں شرمناک اقدامات قرار دیا ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ یہ اقدامات سر زمین اسرائیل میں یہودیوں کی آبادکاری کے حق کے خلاف سیاسی موقف مسلط کرنے کی کوشش ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK