• Sat, 10 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ووٹنگ اورگنتی کا عمل شفافیت سے مکمل کرنے کی ریٹرننگ افسران کو ہدایت

Updated: January 09, 2026, 11:18 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ایڈیشنل میونسپل کمشنر کے ہمراہ تفصیلی میٹنگ۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر بیداری کے لئے مختلف طریقوں پرعمل کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے ۔۱۵؍جنوری کو عوامی تعطیل۔

A signature campaign is being conducted for voter awareness at the BMC KG South Ward office, for which a large board has been displayed. In the picture below, a woman is signing the board. Picture: PTI
بی ایم سی کے جی ساؤتھ وارڈ کے دفتر میں ووٹرس بیداری کیلئے دستخطی مہم چلائی جارہی ہے جس کیلئے بڑا بورڈ آویزاں کیا گیا۔ زیرنظر تصویر میں ایک خاتون بورڈ پردستخط کررہی ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی
۱۵؍جنوری ۲۰۲۶ءکو ہونے والے میونسپل کارپوریشن الیکشن اور۱۶؍جنوری کو ووٹوں کی گنتی کے تعلق سے ووٹنگ اورگنتی کا عمل شفافیت سے مکمل کرنے کی رٹرننگ افسران کو ہدایت دی گئی۔۸؍جنوری بروز جمعرات ایڈیشنل میونسپل کمشنر(شہر)اشونی جوشی کے ہمراہ بی ایم سی ہیڈکوارٹرز میںتفصیلی میٹنگ کی گئی،اس میں کہا گیا کہ ووٹنگ اور گنتی کے عمل کو بے خوف ہوکر انجام دہی کو یقینی بنایا جائے۔ اسی طرح الیکشن سے متعلق تمام ضابطو ں کوسختی سے نافذ کیا جائے ۔ اس کےعلاوہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر بیداری کیلئے مختلف طریقوں پرعمل کرنے کی بھی میٹنگ کے دوران افسران کوتلقین کی گئی۔ ووٹنگ کا وقت صبح ساڑھے ۷؍ بجےسے شام ساڑھے ۵؍بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔
  میٹنگ کے دوران ایڈیشنل میونسپل کمشنر نے بتایا کہ ووٹنگ کے عمل میں کام کرنے والے افسران اور ملازمین کا تربیتی سیشن اختتام کے قریب ہے، تصویروں کے ساتھ ووٹر لسٹ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، پولنگ اسٹیشنوں کا تعین کیا گیا ہے اورریاستی الیکشن کمیشن کی منظوری سے بعض مقامات پر پولنگ اسٹیشنوں میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ اس ضمن میں۲۳؍ریٹرننگ آفیسرس کو واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کو ان تبدیلیوں کے بارے میں فوری طور پر مطلع کردیں۔اسی طرح گنتی کا عمل انتہائی شفاف، بے خوف اور قانونی طریقے سے انجام دیا جائے۔ ووٹوں کی گنتی کے دوران تمام قانونی شقوں پر سختی سے عمل کیا جائےاور اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ کوئی غلطی نہ ہو، خواہ جان بوجھ کر ہو یا غیر ارادی طور پر، یہ ذمہ داری ریٹرننگ افسران کی ہے۔
اس میٹنگ میں اسپیشل ڈیوٹی آفیسر (انتخابات) وجے بالموار، جوائنٹ کمشنر (ٹیکس اسیسمنٹ اینڈ کلیکشن)  وشواس شنکروار، ڈپٹی کمشنر (جنرل ایڈمنسٹریشن) کشور گاندھی، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر (کوکن ڈویژن) فروگ مکڈم اور دیگر افسران موجود تھے۔
  دوران میٹنگ یہ بھی بتایا گیا کہ امیدواروں کے حلف ناموں کی اشاعت کے ساتھ ساتھ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کی ویب سائٹ، ووٹر لسٹ (مارک کاپی)، تبدیل شدہ پولنگ اسٹیشنوں، امیدواروں کے نمائندوں، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم کمیشننگ) کے سرکاری معائنہ اور عمل آوری ، گنتی اور سیاسی پارٹیوں اورامیدواروںکی تجاویز جیسے اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔اسی طرح پولنگ اسٹیشنوں پر بنیادی سہولیات، افرادی قوت کے مؤثر انتظام اور تکنیکی پہلوؤں پر خصوصی زور دیا جا رہا ہے۔ انتخابی عمل کو پرامن اور بہتر طریقے سے انجام دینا ایک بڑی ذمہ داری ہے۔اس لئے بڑی تعداد میںپولیس فورس،مسلسل گشت اور ٹیکنالوجی کی مدد سے نگرانی کی جارہی ہے۔ گنتی کے مراکز پر میٹل ڈٹیکٹر لگائے جائیں اور متعلقہ افسران پوسٹل ووٹنگ کے عمل سے متعلق تمام قواعد و ضوابط کو صاف شفاف طریقے سے اور وقت پر مکمل کرنے کیلئے اپنی ذمہ داری کا خیال رکھیں۔ 
  دورانِ میٹنگ ووٹر بیداری کے تعلق سے بھی الیکشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں تبادلۂ خیال کیا گیا ۔ اس میں اس جانب توجہ دلائی گئی کہ ووٹروں کوبیدار کیا جائے ،ایک بھی ووٹر ووٹ دینے  سے رہنے نہ پائے، اسے اِس عمل میں لازماً شریک کیا جائے ، اسکولی طلبہ کے ذریعے عوامی بیداری ریلی نکالی جائے، بینرس اورپوسٹرس آویزاں کئے جائیں اور ہروہ ممکن طریقہ اپنایا جائے جس سے ووٹنگ فیصد بڑھے اور اس کے ذریعے زیادہ سے زیادہ رائے دہندگان شامل ہوکر جمہوری نظام کوعملی طور پرمستحکم کریں۔ 
یادر ہے کہ اس بی ایم سی الیکشن میںاس دفعہ ایک کروڑ ۳؍لاکھ ۴۴؍ہزار۳۱۵؍ووٹرس حق رائے دہی کا استعمال کریںگے۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن اوربی ایم سی ایڈیشنل کمشنر اورافسران کی جانب سے کئی طرح کےدعوے کئےجارہے ہیںمگر حکمراں محاذ کی جانب سے کیا روش اپنائی گئی ہے،کسی سے مخفی نہیں ہے۔ 
  دریں اثناء ۱۵؍جنوری کو بی ایم سی الیکشن کے موقع پر ریاستی حکومت کی جانب سے عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے تاکہ شہری آسانی کے ساتھ اپنا ووٹ دے سکیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK