Inquilab Logo Happiest Places to Work

قرض کی قسطوں سے بچنے کیلئے فرضی نمبر پلیٹ لگا کررِکشہ چلانے والا ڈرائیور گرفتار

Updated: July 23, 2026, 3:57 PM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

اصل آٹو مالک کو ای چالان کا پیغام ملنے پر جعلسازی بے نقاب۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

قرض کی بقایا قسطوں کے باعث آٹو رکشہ ضبط ہونے کے خوف سے ایک ڈرائیور نے دوسرے آٹو کی فرضی نمبر پلیٹ لگا کر گاڑی چلانا شروع کر دیا۔ تاہم ای چالان کا پیغام اصل آٹو مالک کے موبائل پر پہنچنے سے جعلسازی بے نقاب ہو گئی۔ شکایت کے بعد ٹریفک پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ نظام پور پولیس نے اس کے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔ پولیس کے مطابق بھیونڈی ٹریفک برانچ کے اہلکار پنڈھریناتھ وشے کو باغِ فردوس علاقے میں ٹریفک ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔ اسی دوران ایس ٹی اسٹینڈ سے ونجارپٹی ناکہ کی جانب جانے والی آٹو رکشہ نمبر MH-04-FC-5325 میں مقررہ حد سے زائد مسافر سوار کیے جانے پر موٹر وہیکل ایکٹ کی دفعہ۲۳۹/۱۷۷؍ کے تحت ای چالان جاری کیا گیا۔ چند ہی لمحوں بعد اس چالان کا پیغام تھانے کے رہائشی آٹو مالک حامد شیخ کے موبائل پر موصول ہوا، حالانکہ ان کی آٹو اس وقت بھیونڈی میں موجود ہی نہیں تھی۔ اس غیر معمولی صورتحال پر انہوں نے فوری طور پر تھانہ ٹریفک پولیس سے رابطہ کرکے شکایت درج کرائی ۔ شکایت موصول ہونے پر اسسٹنٹ پولیس کمشنر شرد اووال اور سینئر پولیس انسپکٹر کشور کھرات کی ہدایت پر ٹریفک پولیس نے ونجارپٹی علاقے سے ملزم بجرنگ بھاگوت پھڈ کو حراست میں لیا۔ پوچھ گچھ کے دوران اس نے اعتراف کیا کہ قرض کی بقایا اقساط کے باعث گاڑی ضبط ہونے کے خوف سے اس نے اپنی آٹو (MH-04-FC-3400) پر دوسرے آٹو کی نمبر پلیٹ لگا رکھی تھی۔ اس اعتراف کے بعد نظام پور پولیس نے بی این ایس  کی دفعہ۳۱۸؍(۴)کے تحت دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK