آئی اے ٹی اے نے کہا کہ پروازوں کے دوران جی پی ایس سگنل کی مداخلت کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے پائلٹوں کو زیادہ مستعد رہنے کی ضرورت ہے۔ ایسے واقعات ہندوستان کے کئی بڑے ہوائی اڈوں پر بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
EPAPER
Updated: December 14, 2025, 7:02 PM IST | New Delhi
آئی اے ٹی اے نے کہا کہ پروازوں کے دوران جی پی ایس سگنل کی مداخلت کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے پائلٹوں کو زیادہ مستعد رہنے کی ضرورت ہے۔ ایسے واقعات ہندوستان کے کئی بڑے ہوائی اڈوں پر بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ اسوسی ایشن (آئی اے ٹی اے) جو کہ ایک عالمی ایئر لائنز تنظیم ہے، نے کہا کہ پروازوں کے دوران جی پی ایس کی مداخلت کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، جو کہ تشویشناک ہے اور اس کے لیے پائلٹس کو پہلے سے زیادہ مستعد رہنے کی ضرورت ہے۔آئی اے ٹی اے دنیا بھر میں تقریباً ۳۶۰؍ایئرلائنز کی نمائندگی کرتا ہے، جو عالمی فضائی ٹریفک کے ۸۰؍فیصد سے زیادہ کو سنبھالتی ہے۔ ایئر انڈیا، انڈیگو، ایئر انڈیا ایکسپریس، اور اسپائس جیٹ بھی اس تنظیم کا حصہ ہیں۔
حال ہی میں، دہلی، ممبئی، کولکاتا، امرتسر، حیدرآباد، بنگلورو، اور چنئی کے ہوائی اڈوں پر جی پی ایس کی جعل سازی (جھوٹے سگنل بھیج کر گمراہ کن) اور مداخلت کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔اس ہفتے جنیوا میں ایک میٹنگ کے دوران،آئی اے ٹی اے حکام نے بتایا کہ جی پی ایس سسٹم میں مداخلت کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ہندوستان اے آئی مسابقت میں تیسرے نمبر پر
آئی اے ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل ولی والش نے کہا کہ غلط سگنلز کی الجھن اور خلل کی وجہ سے پائلٹس کو آپریشن کے دوران زیادہ مستعد رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مسئلہ اب پوری دنیا میں پھیل چکا ہے۔انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن اور گلوبل نیویگیشن سیٹیلائٹ سسٹم کی جعل سازی کو بین الاقوامی ریڈیو فریکوئنسی مداخلت کی ایک شکل سمجھتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:میسی کی ممبئی آمد، ورلی سی لنک کو سجایا گیا، لوکل ٹرینوں میں شائقین کی بھیڑ
آئی اے ٹی اے کے سینئر نائب صدر (آپریشنز اینڈ سیفٹی) نک کیرین نے کہا کہ اس طرح کے واقعات ابتدائی طور پر مغربی ایشیا میں دیکھے گئے اور روس یوکرین تنازع کے بعد مشرقی یورپ میں اس میں اضافہ ہوا۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے واقعات اب ہندوستان، ایشیا اور وینزویلا میں بھی ہو رہے ہیں۔ آئی اے ٹی اے کے اعداد و شمار کے مطابق، فی ایک ہزار پروازوں میں جی پی ایس سگنل ضائع ہونے کی شرح ۲۰۲۲ء میں۳۱؍ سے بڑھ کر۲۰۲۵ء میں ۵۹؍ ہو جائے گی۔ یہ اعداد و شمار فلائٹ ڈیٹا ایکسچینج (ایف ڈی ایکس) سے لیے گئے ہیں۔ ایک عالمی ایوی ایشن ڈیٹا مینجمنٹ پروگرام جہاں بہت سی ایئر لائنز اپنا ڈیٹا شیئر کرتی ہیں۔۲۰۲۴ء میں یہ شرح۵۶؍ تھی جو مسلسل بڑھتے ہوئے رجحان کی نشاندہی کرتی ہے۔