ٹرینوں پر سوارہونے میں دقت ، بد نظمی کی شکایت ،ریلوے کا حفاظتی نقطۂ نظر سے ٹھوس قدم اٹھانے کاوعدہ۔
EPAPER
Updated: November 13, 2023, 10:07 AM IST | Saeed Ahmad Khan | LTT
ٹرینوں پر سوارہونے میں دقت ، بد نظمی کی شکایت ،ریلوے کا حفاظتی نقطۂ نظر سے ٹھوس قدم اٹھانے کاوعدہ۔
ان دنوں چھٹیوں اور تہواروں کے سبب آبائی وطن جانے والوں کی کثرت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ تمام ہی ٹرمنس پر مسافروں کا اژدہام ہے۔ دوسری جانب ریلوے انتظامیہ کے بہتر حفاظتی انتظامات اور ریلوے پروٹیکشن فورس (آر پی ایف) نیز گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آر پی) جوانوں کی تعیناتی کے دعوے کے برعکس لوکمانیہ تلک ٹرمنس ( ایل ٹی ٹی)پر زبردست بھیڑ بھاڑ نظر آئی اور مسافر اپنے سامان اور اہل خانہ کے ساتھ کسی صورت ٹرین میں سوار ہونے کیلئے مشقت کرتے دکھائی دیئے۔
سنیچر کی رات میں ایل ٹی ٹی سے گورکھپور جانے والی کشی نگر ایکسپریس کے مسافر ڈبے میں گھسنے کیلئے پریشان تھے۔اس موقع پر مسافروں نے بدنظمی کی بھی شکایت کی۔ مشتاق احمد خان نامی مسافر کو وطن روانہ کرنے کیلئے ایل ٹی ٹی اسٹیشن جانے والے ان کے بھائی اشتیاق احمد خان نے بتایا کہ اس قدر بھیڑ بھاڑ تھی کہ مسافر پریشان ہوگئے۔ وہاں موجود پولیس والے بھی سختی کررہے تھے لیکن اس بھیڑ میں ٹرین کے اندر داخل ہونا مشکل تھا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لوگ سامان سر پر رکھ کر اور بیگ کندھے پر لٹکاکر ادھر سے ادھر بھاگ رہے تھے اور کنفرم ٹکٹ والوں کے ساتھ ویٹنگ والے مسافروں کی بھی اچھی خاصی تعداد مزید بھیڑ بھاڑ کا سبب تھی۔
ایک دوسرے مسافر محمود خان نے بتایا کہ ان کے رشتے دار بھی آبائی وطن بستی جارہے تھے لیکن بھیڑ کے سبب ڈبے میں گھسنا محال تھا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اسٹیشن پر کچھ مسافروں کی بھی غفلت دکھائی دی ۔ ٹرین چھوٹنے میں وقت ہونے کے باوجود مسافر انتہائی عجلت کا شکار تھے۔ ان کے مطابق اگر مسافر تھوڑا تحمل اور صبر سے کام لیں تو شاید بے تحاشہ بھیڑ نہ ہو۔ ریلوے انتظامیہ کو بھی پہلے ہی سے بھیڑ بھاڑ پر کنٹرول کرنے کیلئے نظم کرنا چاہئے۔ اسی طرح سورت اسٹیشن پر ایک دن قبل بے تحاشہ بھیڑ کے سبب ایک مسافر کی جان چلی گئی ہے ، اس لئےاندیشہ ہےکہ کہیں یہاں بھی کوئی حادثہ نہ ہوجائے۔
حفاظتی انتظامات پر توجہ دینے کا وعدہ
مسافروں کی پریشانی اور بھیڑ بھاڑ کے تعلق سے انتظامات سے متعلق ریلوے کے دعوے کے برخلاف ’انقلاب‘ نے کشی نگر ایکسپریس کی کچھ تصاویر چیف پی آر او ڈاکٹر شیوراج مانس پورے کو بھیجیں تو انہوں نے بھی حیرت کا اظہار کیا اور بھیڑ بھاڑ کا اعتراف کیا۔انہوں نے یقین دلایا کہ فوری طور پر توجہ دی جائے گی۔ چیف پی آر او نے بھساول جنکشن کی تصاویر بھیجیں جہاں آر پی ایف کے جوان اعلان کر رہے ہیں ، قطار لگوا رہے ہیں اور مسافروں کی مدد کررہے ہیں ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بلاتاخیر ایل ٹی ٹی پر مزید توجہ دی جائے گی تاکہ مسافروں کوتمام پریشانیوں سے بچایا جاسکے۔