Inquilab Logo Happiest Places to Work

کبھی ممبئی کے فٹ پاتھ پر کتابیں بیچنے والے رضوان ساجن اب دبئی میں کروڑوں روپے کمار ہے ہیں

Updated: June 27, 2025, 11:25 AM IST | Agency | Dubai

رضوان ساجن ڈینیوب گروپ کے بانی اور چیئرمین ہیں جو روزانہ تقریباً۳۲؍ کروڑ روپے کماتےہیں۔آج ان کا گروپ متحدہ عرب امارات ، عمان، قطر، سعودی عرب اور ہندوستان جیسے کئی ممالک میں سرگرم ہے۔

Rizwan Sajan is one of the leading businessmen in Dubai. Photo: INN
دبئی میں رضوان ساجن کا شمار اہم تاجروں میں ہوتا ہے۔ تصویر: آئی این این

متحدہ عرب امارات کا شہر دبئی پوری دنیا میں اپنی لگژری لائف اسٹائل اور بلند و بالا عمارتوں کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہاں نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے کئی حصوں سے لوگ آ کر آباد ہوگئے ہیں اور دبئی کی پراپرٹی میں سرمایہ لگا رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج دبئی جائیداد خریدنے کے لحاظ سے دنیا کے سب سے خاص شہروں میں شامل ہو چکا ہے۔ آج ہم آپ کو دبئی کے ریئل اسٹیٹ بزنس سے جڑے ایک ایسے کامیاب کاروباری شخصیت کے بارے میں بتا رہے ہیں جنہوں نے ’فرش سے عرش تک‘ کا سفر طے کیا ہے۔ 
 ہندوستان میں بہت سے کامیاب تاجر موجود ہیں جنہوں نے محنت، لگن اور ایمانداری کے بدولت کامیابی حاصل کی، ان میں سے ایک نام رضوان ساجن کا ہے جو ڈینیوب گروپ کے بانی اور چیئرمین ہیں۔ آج یہ گروپ یو اے ای، عمان، قطر، سعودی عرب اور ہندوستان جیسے کئی ممالک میں سرگرم ہے۔ ڈینیوب گروپ کا کاروبار بنیادی طور پر تعمیرات اور گھریلو سجاوٹ سے جڑا ہوا ہے۔ آج جو رضوان روزانہ تقریباً۳۲؍ کروڑ روپے کماتے ہیں، کبھی وہ ایک سیلز مین کے طور پر کام کیا کرتے تھے۔ انہوں نے ممبئی میں فٹ پاتھ پر کتابیں بھی بیچی ہیں۔ رضوان کا بچپن جھوپڑوں میں گزرا۔ رضوان کا تعلق ممبئی کے گھاٹکوپر کے ایک جھوپٹرپٹی علاقے سے تھا۔ ان کا بچپن بڑی مشکلات میں گزرا۔ 
 فوربز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ ایک بار ان کے والد نے ایک لاٹری جیتی جس کی بدولت ان کا خاندان جھوپڑی سے ایک چھوٹے سے مکان میں منتقل ہو گیا۔ بچپن میں وہ اپنی بہن کے ساتھ اسکول تک پیدل لمبی مسافت طے کرتے تھے۔ ان دونوں کو روزانہ صرف ۱۵؍ روپے جیب خرچ ملتا تھا جس میں کینٹین سے پیٹ بھر کر کھانا لینا ممکن نہیں تھا۔ انہیں محسوس ہوا کہ خاندان کی مدد کے لئے کچھ کرنا ہوگا۔ ایک بار انہوں نے والد سے ایک ہزار روپے ادھار لے کر کچھ کتابیں خریدیں اور اپنے دوست کو بیچ دیں جس سے تھوڑی کمائی ہوئی۔ اس کے بعد انہوں نے راکھیاں، پٹاخے اور دودھ فروخت کرنے کا کام بھی کیا۔ جب وہ۱۶؍ سال کے تھے تو ان کے والد کا انتقال ہو گیا۔ ۲؍ سال بعد یعنی ۱۹۸۱ء میں انہیں کویت میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی جہاں انہوں نے ٹرینی سیلز مین کے طور پر کام شروع کیا۔ کئی برس بعد۱۹۹۳ء میں انہوں نے ڈینیوب گروپ کی بنیاد رکھی۔ آج رضوان بے شمار دولت کے مالک ہیں۔ گزشتہ کچھ برسوں میں ڈینیوب گروپ کا کاروبار تیزی سے بڑھا ہے۔ آج اس کمپنی کی سالانہ آمدنی ۱۰؍ بلین درہم ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رضوان ساجن روزانہ۳۲؍ کروڑ روپے کماتے ہیں اور ان کی کل دولت کا تخمینہ۲ء۵؍بلین امریکی ڈالر ہے جس سے ان کا شمار دبئی میں امیرترین ہند نژاد افراد میں ہوتا ہے۔ ایک انٹرویو میں رضوان نے کہا تھا، ’’مجھے یقین ہے کہ اگر میں اپنی ساری دولت کھو بھی دوں تو بھی میں دوبارہ کاروبار کھڑا کر سکتا ہوں۔ میں ایسا انسان ہوں جو افریقہ کے جنگلوں میں بھی پیسہ کما سکتا ہے۔ ‘‘ ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ صرف قسمت کے بھروسے پر کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی، اس کے لئے محنت، مستقل مزاجی اور دیانتداری کی سخت ضرورت ہوتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK