Inquilab Logo

آرجے ڈی کا انتخابی منشور جاری، ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ

Updated: April 14, 2024, 12:27 AM IST | Inquilab News Network | Patna

پرانی پنشن کی بحالی، اگنی ویر منصوبہ کا خاتمہ،۵۰۰؍روپے میں گیس سلنڈر،غریب خواتین کو ہرسال ایک لاکھ روپےکی مدد،بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ اور خصوصی پیکیج جیسے دیگر وعدے بھی شامل۔

RJD leader Tejashwi Yadav and others on the occasion of release of election manifesto. Photo: PTI
آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو اور دیگرانتخابی منشور کے اجرا ء کے موقع پر۔ تصویر :پی ٹی آئی

آر جے ڈی لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے اعلان کیا ہے کہ اگر ملک میں انڈیا اتحادکی حکومت بنتی ہے تو پانچ سال میں ایک کروڑ نوکریاں دی جائیں گی۔وہیںغریب طبقے کی خواتین کو ہر سال ایک لاکھ روپے کی امداد دی جائے گی۔ بہار کو خصوصی ریاست کا درجہ اور خصوصی پیکیج بھی دیا جائے گا۔ تیجسوی یادو نےسنیچر کو پارٹی دفتر میں۲۰۲۴ءکے لوک سبھا انتخابات کیلئے انتخابی منشور’ پریورتن پتر‘جاری کرتے ہوئے کئی اہم اعلانات کئے ۔  انہوں نے کہا کہ ہم جو کہتے ہیں اسے پورابھی کرتے ہیں۔ پریورتن پتر(انتخابی منشور)میں جو وعدے کیے گئے ہیں انہیں پورابھی کیاجائےگا۔
 تیجسوی نے کہا کہ ہم سبھی سرکاری محکموں اور سرکاری اداروں میں۳۰؍ لاکھ اسامیوں کے علاوہ۷۰؍لاکھ مزید اسامیاں لائیں گے اور کل ایک کروڑ نوکریاں دیں گے۔ بے روزگاری کے خاتمے کی پہل۱۵؍اگست سے شروع ہوجائےگی۔ انہوں نے کہا کہ بہار کو خصوصی ریاست کادرجہ دینے کا مطالبہ تقریباً ۲؍ دہائی پرانا ہے۔ بہار کی ترقی کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔انہوں نے اعلان کیا کہ اگر مرکز میں ہمارے اتحادکی حکومت بنتی ہے تو بہار کو خصوصی ریاست کادرجہ دیا جائے گا  اور اسکےساتھ ہی ۱ء۶۰؍ لاکھ کروڑ کاخصوصی پیکیج بھی ملےگا۔بہار کے سبھی لوک سبھا حلقے کو اس پیکیج کے تحت۴۰۰۰؍کروڑ روپے کی خصوصی رقم ملے گی۔

یہ بھی پڑھئے: ناسک: ووٹروں کی انگلیوں پر لگانے کیلئے۱ء۳۰؍ لاکھ لیٹر سیاہی درکار
 

اپوزیشن لیڈرنے اعلان کیا کہ آج ملک میں گیس سلنڈر کی قیمتیں آسمان چھو رہی ہیں۔انڈیااتحادکی حکومت بننے پر گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت۵۰۰؍روپے مقرر کی جائے گی۔ بہار میں بجلی سب سے مہنگی ہے۔ حکومت بنتے ہی کمیشن تشکیل دیا جائےگا۔ اس کے علاوہ ہر گھریلو صارف کو ہر ماہ۲۰۰؍یونٹ مفت بجلی دی جائے گی۔پریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اگر ہماری حکومت بنی تو چار سالہ اگنی ویر اسکیم ختم کر دی جائے گی۔ انہوں نے پرانی پنشن اسکیم کے نفاذ کا بھی اعلان کیا۔
کچھ دیگراہم اعلانات
 فوجیوں کے تقرری کے عمل کو تیز کیا جائے گا۔ پیرا ملٹری فورس کا کوئی جوان ڈیوٹی کے دوران جان گنواتاہے تو اسے شہید کا درجہ دیا جائے گا۔
ریلوے کی بھرتی کو۲۰۱۴ءسے پہلے کے معیار پر لےجا کر اسے دوگنا کرتےہوئےمایوس نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیےجائیں گے۔
بہتر رابطے کیلئے بہار میں پورنیا، گوپال گنج، مظفر پور، بھاگلپور اور رکسول میں ہوائی اڈے بنائے جائیں گے۔ ریاست کی اقتصادی ترقی اور سیاحت کی سہولت کے لیے نئے ہوائی اڈے ضروری ہیں۔ سبھی ریاستوں اور پڑوسی ممالک کے ساتھ ہمارا رابطہ اور بھی بہتر ہو جائے گا۔
 بہار کی زرعی مصنوعات کی ایم ایس پی کویقینی بنائیں گے۔ کسانوں کے مشورےسے کسانوں کے لیے وقف پالیسیاں بنائی جائیں گی۔
 سوامی ناتھن رپورٹ کی سفارشات کو نافذ کریں گے۔ منڈل کمیشن کی بقیہ سفارشات کو نافذکیاجائےگا۔
آرجےڈی کامنشوراپوزیشن کو پسندنہیں
آر جے ڈی لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہم جو کہتے ہیں اسے پورا بھی کرتے ہیں۔حالانکہ تیجسوی کا یہ وعدہ اپوزیشن جماعتوں کو پسند نہیں آرہاہے۔
این ڈی اے کے حلقوں نے آر جے ڈی کے منشور پر سخت تنقید کی ہے اور اسے گمراہ کن قرار دیا ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ اور بی جے پی کے ریاستی صدرسمراٹ چودھری نے کہا کہ لالو پرساد یادو کا پوراکنبہ صرف بدعنوانی کر سکتا ہے۔ ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکریوں کا وعدہ کرکے انہوں نے صرف ایک خواب دکھایا ہے۔ لالو یادو نے ایک روڈ میپ تیار کیا ہے کہ کس طرح ایک کروڑ نوکریوں کے نام پر لوگوں کی زمینوں پر قبضہ کیا جائے۔ نتیش حکومت کے وزیر وجے چودھری نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ تیجسوی کو۲۰؍ کروڑ بولنا چاہئے تھا۔ لوک جن شکتی پارٹی (آر)کے صدرچراغ پاسوان نے کہا کہ بہار میں صرف تیجسوی کے خاندان کے لوگ ہی طویل عرصے سے اقتدار میں ہیں۔ کسی کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ اس عرصے میں کسی کو نوکری کیسے ملی۔ الیکشن کے وقت بڑی باتیں کہی جاتی ہیں لیکن اقتدار میں آنے کے بعد بہانے بنائے جاتے ہیں۔ اب لوک سبھا انتخابات میں بہار کے عوام نے پھر سے نریندر مودی کو تیسری بار وزیر اعظم بنانے کا عزم کر لیا ہے۔ یوپی اس کی ایک مثال ہے کہ کس طرح ڈبل انجن والی حکومت میں ترقی حاصل کی جاتی ہے۔ لالو رابڑی کی حکمرانی پر حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وہ وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے بہار کی بہتری کے لیے کام کرتے تو آج بہار پسماندہ ریاست نہ ہوتی۔ ہاتھی کے دانت دکھانے کے اور کھانے کے اور ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK