دونوں کمپنیوں میں معاہدہ، ممبئی، بنگلور، گڑگاؤں، کولکاتا اور لکھنؤ میں سہولت دستیاب۔
EPAPER
Updated: September 22, 2025, 2:34 PM IST | Agency | New Delhi
دونوں کمپنیوں میں معاہدہ، ممبئی، بنگلور، گڑگاؤں، کولکاتا اور لکھنؤ میں سہولت دستیاب۔
رائل انفیلڈ کی موٹر سائیکلیں اب فلپ کارٹ پر بھی دستیاب ہوں گی۔ موٹر سائیکل بنانےوالی معروف کمپنی نے ای کامرس کی بڑی کمپنی فلپ کارٹ کے ساتھ معاہدہ کیاہے تاکہ ۳۵۰؍سی سی موٹر سائیکلوں کی اپنی پوری رینج آن لائن فروخت کر سکے۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب رائل انفیلڈ کی ۳۵۰؍ سی سی موٹر سائیکلیں کسی ای کامرس پلیٹ فارم پر دستیاب ہوں گی۔
رائل انفیلڈ کی بلٹ۳۵۰، کلاسک۳۵۰، ہنٹر۳۵۰، گوان کلاسک۳۵۰، اور نئی میٹیور ۳۵۰؍موٹر سائیکلیں آج (پیر۲۲؍ ستمبر ) سے فلپ کارٹ پر ۵؍ شہروںممبئی، بنگلور، گڑگاؤں، کولکاتا اور لکھنؤ میں خریدی جا سکیں گی۔ کمپنی کے مطابق خریداروں کو ڈلیوری اور بعد از فروخت سہولتیں ان شہروں میں موجود رائل انفیلڈ کے مجاز ڈیلرس کے ذریعے فراہم کی جائیں گی۔
فلیپ کارٹ سے رائل انفیلڈ کی۳۵۰؍ سی سی موٹر سائیکل خریدنے والے صارفین کو۲۲؍ ستمبر سے جی ایس ٹی کے مکمل فوائد بھی ملیں گے۔ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور ایچر موٹرس کے سی ای او بی گووندراجن نے بتایا کہ ’’فی الحال ہم ۵؍ شہروں میں فلپ کارٹ پر دستیاب ہیں اور جلد ہی مزید شہروں میں بھی آئیں گے۔ ہمارا مقصد خریداروں کو سہولت فراہم کرنا ہے جبکہ مجاز ڈیلرس کے ذریعے حتمی حوالگی کے ذریعے ذاتی اور معیاری تجربہ یقینی بنانا ہے۔ یہ رائل انفیلڈ خریدنے کی خوشی کو مزید آسان بنانا اور اسے ہر شوقین شخص تک پہنچانے کی ایک اور کوشش ہے۔حال ہی میں رائل انفیلڈ نے اپنی تمام ۳۵۰؍ سی سی موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں ۲۰؍ ہزار روپے تک کی کمی کی ہے۔