• Thu, 30 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

روس یوکرین میں عام شہریوں کے قتل میں ملوث ،اقوام متحدہ کےتحقیقاتی کمیشن کادعویٰ

Updated: October 30, 2025, 10:45 AM IST | Agency | New York

ماسکو کا مقصد یوکرینی شہریوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنا ہے۔روسی حملوں میں عام شہریوں، گھروں، عمارتوں، امداد کی تقسیم کے مراکز اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے والے توانائی کے ڈھانچے کو نقصان ہوا.

A damaged building in Kiev following a Russian attack. Photo: AP/PTI
کیف میں روسی حملے کے نتیجے میں ایک تباہ شدہ عمارت۔ تصویر: اےپی/ پی ٹی آئی
یوکرین میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کے غیرجانبدار تحقیقاتی کمیشن نے بتایا ہے کہ روسی افواج کی جانب سے یوکرین کے شہروں پر متواتر ڈرون حملوں سے بڑی تعداد میں لوگ ہلاک  اور زخمی ہو رہے ہیں۔کمیشن کی رپورٹ کے مطابق روسی فوج کے اقدامات انسانیت کے خلاف دو جرائم کے مترادف ہیں جن میں ایک قتل اور آبادی کا جبراً انخلا اور دوسرا شہریوں کی جبری ملک بدری اور منتقلی شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں دریائے نیپرو کے دائیں کنارے کے ساتھ۳۰۰؍ کلومیٹر سے زیادہ علاقے میں نیپروپیٹروفسک، کیرسون اور میکولائیو صوبوں میں متعدد شہری اہداف کو منظم اور مربوط طور پر نشانہ بنایا گیا ہے جس کا مقصد یوکرینی شہریوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرنا ہے۔ ان حملوں میں عام شہریوں، گھروں، عمارتوں، امداد کی تقسیم کے مراکز اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے والے توانائی کے ڈھانچے کو نقصان ہوا۔
امداد فراہم کرنے والے کارکن بھی حملوں کا ہدف بنے ہیں جنہیں بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت خصوصی تحفظ حاصل ہے۔ رپورٹ کے مطابق، آبادیوں پر حملوں کا مقصد شہریوں میں خوف پھیلانا ہے۔ اس رپورٹ میں ان شہریوں کی گواہی بھی شامل ہے جو ان حملوں کی زد میں آئے اور انہوں نے اپنے حالات زندگی کو ناقابل برداشت قرار دیا ہے۔
شہریوں کے خلاف منظم جرائم
تحقیقاتی رپورٹ میں ایسے دستاویزی ثبوت شامل ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ روسی حکام نے منظم طور پر ایسے اقدامات کئے جن کے ذریعے زیر قبضہ علاقوں سے لوگوں کو جبراً نکال کر یا تو یوکرینی حکومت کے زیرانتظام علاقوں میں بھیجا گیا یا پڑوسی ملک جارجیا منتقل کر دیا گیا۔رپورٹ میں حراست، تشدد اور ذاتی دستاویزات و سامان کی ضبطی کے واقعات کی تفصیل بھی دی گئی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو شدید ذہنی اذیت اور تکالیف پہنچانا جنگی جرم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔
تحقیقاتی کمیشن نے اپنی رپورٹ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی تیسری کمیٹی کے سامنے پیش کی ہے۔یہ نتائج تقریباً۵۰۰؍ دستیاب ویڈیوز کے تجزیے پر مبنی ہیں جن میں سے۲۴۷؍ جگہوں کی تکنیکی تصدیق کی گئی اور۲۲۶؍ یوکرینی شہریوں کے انٹرویوز کئے گئے۔
کمیشن نے روسی الزامات کی بھی جانچ کی جن میں کہا گیا تھا کہ یوکرینی مسلح افواج نے روس کے زیرقبضہ علاقوں میں شہری اہداف پر ڈرون حملے کئے لیکن کمیشن ان الزامات سے متعلق کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا کیونکہ اسے متعلقہ علاقوں تک رسائی حاصل نہیں ہوئی۔ اس ضمن میں گواہوں کی سلامتی سے متعلق خدشات سامنے آئے اور رسائی کے لئے روسی حکام کو دی گئی درخواست کا جواب بھی موصول نہیں ہوا۔
بچوں کے لئے خطرات
یوکرین کے شہروں پر روس کے حملوں سے ہزاروں بچوں سمیت بڑی تعداد میں شہری اپنے گھروں، بجلی، پانی اور بنیادی سہولیات سے محروم ہو رہے ہیں۔ امدادی اداروں نے خبردار کیا ہے کہ موسم سرما کی آمد پر محاذ جنگ کے قریب رہنے والوں کی زندگی کو لاحق خطرات بڑھ رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجیرک کے مطابق گزشتہ سنیچر اور پیر کے درمیان بڑی تعداد میں یوکرینی شہری ہلاک ہوئے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK