• Sun, 15 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پوتن کی عمر۱۵۰؍ سال تک بڑھانے کی تحقیق؟ روس میں طویل العمربندروں کے خون کا ذخیرہ

Updated: November 14, 2026, 10:04 PM IST | Mascow

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ۱۵۰؍ سال تک عمر بڑھانے کی تحقیق کا ذکر کیا ہے، روسی سائنس دان طویل العمر بندروں کے خون کے نمونے جمع کرکے بڑھاپے کے حیاتیاتی اسباب کا مطالعہ کر رہے ہیں۔ اس تحقیق کا مقصد انسانی عمر بڑھانے کے ممکنہ طریقوں کو سمجھنا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب صدر ولادیمیر پوتن انسانی عمر۱۵۰؍ سال تک پہنچنے کے امکانات کا ذکر کرچکے ہیں۔ تاہم اس بات کا کوئی ثبوت نہیں کہ بندروں کا خون پوتن کو لگانے یا انہیں طویل عمر دینے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔

Russian President Vladimir Putin. Photo: INN
روسی صدر ولادیمیر پوتن۔ تصویر: آئی این این

روس کے دو سائنسی اداروں، کرچاتوف انسٹی ٹیوٹ اور پیٹرووسکی روسی ریسرچ سینٹر آف سرجری نے طویل العمر بندروں کے خون کے نمونوں کا ایک خصوصی ذخیرہ (بایوبینک) قائم کیا ہے۔ اس کے ذریعے سائنس دان یہ سمجھنے کی کوشش کریں گے کہ بعض جانور نسبتاً زیادہ عمر تک کیسے زندہ رہتے ہیں اور ان کے جسم میں بڑھاپے کے دوران کیا تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔ اس تحقیق کو مستقبل میں انسانی عمر بڑھانے اور عمر رسیدگی کے عمل کو سست کرنے کے امکانات سے جوڑا جارہا ہے۔ روسی خبر رساں ادارے تاس کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق پیٹرووسکی ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر کونسٹنٹن کوٹینکو نے ماسکو میں منعقدہ کرچاتوف جینومک فورم کے دوران بتایا کہ دونوں اداروں نے طویل العمر بندروں کے خون کے نمونوں کا بایوبینک تیار کیا ہے۔ ان نمونوں کو عمر رسیدگی کی حیاتیات سے متعلق تحقیق میں استعمال کیا جائے گا۔ آزاد روسی میڈیا ادارے ایجنٹستوو نے بھی اس پیش رفت کی تفصیلات شائع کی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: گریٹا تھنبرگ کی COP31 میں شرکت، عالمی لیڈروں کو تنقید کا نشانہ بنایا

اس منصوبے کی نگرانی کرچاتوف انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ میخائل کووالچک کررہے ہیں، جنہیں روسی صدر ولادیمیر پوتن کا قریبی ساتھی اور سائنس کے معاملات میں ان کا غیر رسمی مشیر سمجھا جاتا ہے۔ کووالچک نے فورم میں بتایا کہ ان کے ادارے کی افزائش گاہوں میں۲۲؍ مختلف اقسام کے ۷۰۰۰؍سے زیادہ بندر موجود ہیں۔ ان میں بعض کی عمریں۱۸؍ سال سے زیادہ اور کچھ کی۳۰؍ سال سے بھی تجاوز کرچکی ہیں۔ ان کے مطابق عمر رسیدہ بندروں کی مختلف مراحل پر مکمل جانچ کی جارہی ہے۔ اس میں خون کے حیاتیاتی اور کیمیائی تجزیے، جسمانی ساخت، خون کی نالیوں کی حالت، دماغی اسکین اور دیگر اعضا کا معائنہ شامل ہے۔ تحقیق کار یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ عمر بڑھنے کے ساتھ جسم کے مختلف نظام کس طرح متاثر ہوتے ہیں اور نسبتاً طویل عمر پانے والے جانوروں میں کون سی حیاتیاتی خصوصیات پائی جاتی ہیں۔ کووالچک نے اس تحقیق کو مستقبل میں انسانی عمر بڑھانے کے لیے ایک ایسا نظام تیار کرنے کی بنیاد قرار دیا ہے جس سے عمر رسیدگی کے عمل کو بہتر طور پر سمجھا جاسکے۔ 
بعد ازاں اس منصوبے کو روس میں بڑھاپے سے نمٹنے اور انسانی عمر میں اضافے سے متعلق وسیع تر سائنسی کوششوں کا حصہ سمجھا جارہا ہے۔ پوتن بھی کئی مواقع پر طویل انسانی عمر کے امکانات کا ذکر کرچکے ہیں۔ ستمبر۲۰۲۵ءء میں چین کے صدر شی جن پنگ کے ساتھ بیجنگ میں ایک غیر رسمی گفتگو کے دوران دونوں لیڈروں کے درمیان انسانی اعضا کی پیوندکاری اور۱۵۰؍ سال تک زندہ رہنے کے امکان پر بات ہوئی تھی۔ اس گفتگو میں پوتن نے حیاتیاتی ٹیکنالوجی کی ترقی اور اعضا کی مسلسل پیوندکاری کے ذریعے انسانی عمر بڑھانے کا تصور پیش کیا تھا، جبکہ شی جن پنگ نے بھی اس صدی میں انسانوں کے۱۵۰؍ سال تک زندہ رہنے کے امکان کا ذکر کیا تھا۔ پوتن نے بعد میں ماسکو میں مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک نمائش کے دوران بھی کہا تھا کہ ممکن ہے انسان۱۵۰؍ سال کی عمر تک پہنچ سکے۔ تاہم ان بیانات کو کسی ثابت شدہ طبی پیش رفت یا اس بات کا ثبوت نہیں سمجھا جاسکتا کہ روس نے انسانی عمر کو اس حد تک بڑھانے کا طریقہ دریافت کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: آئزن کوٹ نے اہم پارلیمانی عہدوں پر اتفاق رائے قائم کرلیا، یاہو کے دور کا اختتام

واضح رہے کہ طبی ماہرین کے مطابق عمر رسیدگی ایک پیچیدہ حیاتیاتی عمل ہے جس میں دماغ، ہڈیوں، عضلات، خون کی نالیوں اور جسم کے دیگر نظاموں میں تبدیلیاں شامل ہوتی ہیں۔ صرف اعضا کی پیوندکاری یا خون کے نمونے حاصل کرنے سے اس عمل کو مکمل طور پر روکنا ممکن نہیں۔ جانوروں پر کی جانے والی تحقیق سے انسانی علاج تک پہنچنے کے لیے طویل تجربات، طبی آزمائشوں اور حفاظت کے سخت معیارات درکار ہوتے ہیں۔ ماہرین نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ بندروں پر حاصل ہونے والے نتائج کو براہ راست انسانوں پر نافذ نہیں کیا جاسکتا۔ انسانوں میں اب تک تصدیق شدہ طویل ترین عمر کا ریکارڈ فرانس کی جین کالمان کے پاس ہے، جو۱۲۲؍ سال اور۱۶۴؍ دن زندہ رہیں اور ۱۹۹۷ءمیں انتقال کرگئیں۔ تاہم اس ریکارڈ کے مقابلے میں۱۵۰؍ سال تک انسانی عمر پہنچانے کا تصور اب بھی سائنسی تحقیق اور قیاس آرائی کے دائرے میں ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK