Updated: November 12, 2026, 5:01 PM IST
| New York
موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے درمیان اقوام متحدہ کی COP31 کانفرنس میں ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ نے عالمی رہنماؤں کو ان کے وعدوں اور پالیسیوں پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے مالی مفادات اور جغرافیائی سیاسی طاقت کے بجائے انسانوں اور کرۂ ارض کے تحفظ کو ترجیح دینے پر زور دیا۔
گریٹا تھنبرگ۔ تصویر: ایکس
ماحولیاتی تحفظ کی سرگرم کارکن گریٹا تھنبرگ منگل کو اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس (COP31) میں پہنچیں، جہاں انہوں نے اس سالانہ اجتماع کو منافقت سے تعبیر کرتے ہوئے عالمی لیڈروں پر زور دیا کہ وہ مالی منافع اور جغرافیائی سیاسی طاقت کے بجائے انسانوں اور کرۂ ارض کے تحفظ کو ترجیح دیں۔ ترکی کے سیاحتی شہر انطالیہ میں منعقد ہونے والی COP31 کانفرنس ایسے وقت میں ہورہی ہے جب گزشتہ ایک سال کے دوران دنیا کے مختلف حصوں میں تباہ کن موسمیاتی واقعات پیش آئے ہیں۔ ان میں جان لیوا سیلاب اور شدید گرمی کی لہریں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایران کے ساتھ جنگ کے باعث توانائی کی عالمی منڈی میں بھی بے یقینی پیدا ہوئی ہے۔
کانفرنس میں آمد کے موقع پر گریٹا تھنبرگ نے کہا، ’’ہر سال یہ منافقت دیکھنے کو ملتی ہے کہ میزبان ممالک کو اپنی خراب شبیہ بہتر بنانے کا موقع دیا جاتا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ ان مذاکرات میں ایسے لابی کرنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود ہوتی ہے جنہیں انہی تباہ کن صنعتوں کی جانب سے معاوضہ دیا جاتا ہے جو ہمارے موجودہ انتہائی تباہ کن نظام سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے سیاسی اور معاشی نظام انسانی فطرت سے مطابقت کھو چکے ہیں۔
ترکی اس کانفرنس کی مشترکہ میزبانی آسٹریلیا کے ساتھ کررہا ہے۔ دونوں ممالک قابلِ تجدید توانائی کے فروغ اور گھروں کی چھتوں پر شمسی توانائی کے پینل لگانے کی حوصلہ افزائی کررہے ہیں، تاہم بجلی کی پیداوار کے لیے اب بھی بڑی حد تک فوسل فیولز، خصوصاً کوئلے پر انحصار کرتے ہیں۔ اس سے قبل برازیل، متحدہ عرب امارات اور آذربائیجان جیسے ممالک بھی موسمیاتی کانفرنسوں کی میزبانی کرچکے ہیں، جو تیل پیدا کرنے والے بڑے ممالک میں شمار ہوتے ہیں۔ گریٹا تھنبرگ نے خبردار کیا کہ موسمیاتی تبدیلی ’’ہر چیز کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔‘‘ ان کے بقول، ’’ہر وہ چیز اور ہر وہ شخص داؤ پر لگا ہوا ہے جس سے ہم محبت کرتے ہیں۔‘‘
گریٹا تھنبرگ نے کہا کہ ہمیں چند خوش قسمت افراد کے ناقابلِ تصور منافع اور جغرافیائی سیاسی طاقت کو برقرار رکھنے کے لیے دنیا کی اکثریتی آبادی اور اس سیارے کو قربان کرنے کے بجائے انسانوں کے تحفظ اور ان کے فائدے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔ انطالیہ میں ان کی شرکت ۲۰۲۱ء میں اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ہونے والی اقوام متحدہ کی موسمیاتی کانفرنس کے بعد پہلی مرتبہ ہے۔ اس وقت انہوں نے عالمی لیڈروں کے موسمیاتی وعدوں کو مشہور الفاظ ’’بلا، بلا، بلا‘‘ کہہ کر مسترد کردیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: سعودی کابینہ کا بحری گزرگاہوں کی سلامتی کو یقینی بنانے پر زور
سویڈن سے تعلق رکھنے والی گریٹا تھنبرگ ۲۰۱۸ء میں اس وقت عالمی سطح پر مشہور ہوئیں جب محض ۱۵؍ سال کی عمر میں انہوں نے اپنے ملک کی پارلیمنٹ کے باہر تنہا بیٹھ کر ’اسکول اسٹرائیک فار کلائمیٹ‘ کے نام سے ماحولیاتی تحفظ کی مہم شروع کی تھی۔ ۲۰۲۲ء میں انہوں نے ’دی کلائمیٹ بک‘ کے نام سے کتاب بھی شائع کی، جس میں ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔
متعدد اعزازات حاصل کرنے والی گریٹا تھنبرگ نے ماحولیاتی تحفظ کے علاوہ دیگر سماجی مسائل پر بھی آواز اٹھائی ہے۔ ان میں فلسطین کی آزادی کی تحریک بھی شامل ہے۔ گزشتہ سال انہیں لندن میں فلسطین کے حامی بھوک ہڑتال کنے والے مظاہرین کے ساتھ احتجاج کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ حال ہی میں انہوں نے فرانس کے ان طلبہ کی حمایت بھی کی جو تعلیمی شعبے کے لیے زیادہ فنڈز فراہم کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ ۲۰۲۴ء میں انہوں نے جارجیا میں ہونے والے ان مظاہروں میں بھی شرکت کی تھی جن کا مقصد آذربائیجان کی جانب سے COP29 کی میزبانی کے خلاف احتجاج کرنا تھا۔
COP31 میں ترکی کا ایک اہم مقصد دنیا بھر میں بجلی کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ٹرانسپورٹ، رہائش اور بھاری صنعتوں سمیت مختلف شعبوں میں فوسل فیولز کے بجائے بجلی کے استعمال کو بڑھایا جائے گا۔ ترکی کا ہدف ہے کہ ۲۰۳۵ء تک دنیا کی مجموعی توانائی کی کھپت میں بجلی کا حصہ موجودہ ۲۳؍ فیصد سے بڑھا کر ۳۵؍ فیصد تک پہنچایا جائے۔ اس کے لیے شمسی اور ہوائی توانائی جیسے قابلِ تجدید ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کو ترجیح دی جائے گی۔ گریٹا تھنبرگ نے کہا، ’’ہمیں اپنی کامیابیوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے، کیونکہ موجودہ حالات میں ہم اس قدر مایوس کن صورتِ حال سے دوچار ہیں کہ جو مثبت اشارے بھی ملیں، انہیں قبول کرنا ہوگا تاکہ جتنا ممکن ہو، اس کرۂ ارض اور ماحول کو بچایا جاسکے۔‘‘ توقع ہے کہ وہ کئی دن تک COP31 کانفرنس میں موجود رہیں گی۔
کانفرنس میں گریٹا تھنبرگ کی آمد سے نوجوان مندوبین میں خاصا جوش و خروش دیکھا گیا۔ اتحادی تنظیم ’الائنس آف سمال آئی لینڈ اسٹیٹس‘ کی ۲۶؍ سالہ فیلو امبر ٹرنر نے کہا، ’’جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے اس دور میں مجھے امید ہے کہ گریٹا کی یہاں موجودگی ہمیں یاد دلائے گی کہ ہم نے یہ کام کیوں شروع کیا تھا۔ ہمارا مقصد حقیقی تبدیلی لانا، فیصلہ سازوں کو جواب دہ بنانا اور پوری انسانیت کے لیے بہتر مستقبل کی کوشش کرنا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات کے باعث نوجوانوں کے لیے محفوظ اور خوش حال مستقبل کی امید رکھنا مشکل ہوتا جارہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسپین: رہائشی بحران کیخلاف ملک گیر ہڑتال
کانفرنس کے مقام پر ہونے والے مظاہروں میں موسمیاتی تحفظ کے لیے زیادہ مالی وسائل فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا، جبکہ جوہری توانائی کے بڑھتے ہوئے رجحان کی مخالفت بھی کی گئی۔ تھائی لینڈ کی نمائندگی کرنے والے نوجوان مذاکرات کار کاموری اوستھاناندا نے کہا، ’’دنیا کی بڑی موسمیاتی کانفرنسوں میں ایک نمایاں ماحولیاتی کارکن کی موجودگی علامتی اہمیت رکھتی ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس سے COP پر حقیقی اقدامات کرنے اور کیے گئے وعدوں پر عمل درآمد کے لیے دباؤ بڑھے گا۔‘‘
سنگاپور سے تعلق رکھنے والی ماحولیاتی کارکن کیون وو نے کہا کہ گریٹا کی ’’مؤثر موجودگی‘‘ اس نسل کے مطالبات کو مزید تقویت دیتی ہے جسے ان مذاکرات کے نتائج اور اثرات ورثے میں ملیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گریٹا کے علاوہ بھی دنیا بھر سے کئی نوجوان ماحولیاتی کارکن کانفرنس میں موجود ہیں جو اپنی برادریوں، اپنے گھروں اور مشترکہ مستقبل کے تحفظ کے لیے سرگرم ہیں۔ اقوام متحدہ کی یہ کانفرنس انطالیہ میں ۲۰؍ نومبر تک جاری رہے گی، جبکہ COP32 کا انعقاد نومبر ۲۰۲۷ء میں ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں طے ہے۔