Updated: July 02, 2026, 5:05 PM IST
| New York
یکم جولائی کو ایک امریکی نیوز ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں سیاہ لباس میں ملبوس دو افراد کو عمارت کے عوامی رسائی والے حصے سے کہیں اوپر، اینٹینا کے بالکل آخری سرے پر دیکھا گیا۔ جوڑے نے ۱۰۲ منزلہ عمارت کی اس بلند ترین پوزیشن سے ایک بینر بھی لہرایا جس پر لکھا تھا: ”جب محبت کی طاقت، طاقت کی محبت پر غالب آ جائے گی تو دنیا امن کو جان لے گی۔“
نیویارک شہر کی معروف ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ (Empire State Building) کی چوٹی پر شادی کی پیشکش کرنے اور زمین سے تقریباً ۴۴۳ میٹر کی بلندی پر واقع اس معروف فلک بوس عمارت کے مرکزی اینٹینا کی چوٹی کو سر کرکے امن کا پیغام دینے والے روسی جوڑے کو پولیس نے اس خطرناک اسٹنٹ کے بعد گرفتار کرلیا ہے۔
یکم جولائی کو ایک امریکی نیوز ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریکارڈ کی گئی ویڈیو میں سیاہ لباس میں ملبوس دو افراد کو عمارت کے عوامی رسائی والے حصے سے کہیں اوپر، اینٹینا کے بالکل آخری سرے پر ایک دوسرے کو چومتے ہوئے دیکھا گیا۔ جوڑے نے ۱۰۲ منزلہ عمارت کی اس بلند ترین پوزیشن سے ایک بینر بھی لہرایا جس پر لکھا تھا: ”جب محبت کی طاقت، طاقت کی محبت پر غالب آ جائے گی تو دنیا امن کو جان لے گی۔“
اسی دن بعد میں جاری ہونے والی پولیس باڈی کیمرا فوٹیج میں ایک افسر کو جوڑے تک پہنچنے کیلئے سیڑھی پر چڑھتے ہوئے دیکھا گیا۔ افسر نے جوڑے سے پوچھا، ”آپ لوگ کیسے ہیں؟“ اور پھر کہا، ”دیکھیں، آپ یہاں اوپر نہیں آ سکتے۔“
یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کے مالیاتی گوشوارے منظر عام پر: صدارتی تنخواہ صفر، کرپٹو سے ۴ء۱ ارب ڈالر کی آمدنی
گرفتار جوڑے کی شناخت روسی شہریوں وانیا بیرکس اور انجلینا نیکولاف کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ دونوں ۲۰۲۴ء میں نیٹ فلکس (Netflix) کی ایک دستاویزی فلم ”اسکائی واکرز: اے لو اسٹوری“ (Skywalkers: A Love Story) میں بھی نظر آئے تھے، جس میں ”روف ٹاپنگ“ (شہر کی اونچی عمارتوں پر چڑھنے کا ایک شہری کھیل) میں ان کی مشترکہ دلچسپی کو دکھایا گیا تھا۔
انجلینا کے والد دمتری نیکولاف، جو روس میں ایک سرکس آرٹسٹ ہیں، نے رائٹرز (Reuters) کو بتایا کہ انہیں اپنی بیٹی کے اس اقدام کا پہلے سے علم تھا اور وہ بالکل فکر مند نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ ”میں کیوں پریشان ہوں؟ میں خود چھتوں پر چڑھتا ہوں۔“ انہوں نے مزید کہا کہ ”میرے خیال میں کسی بھی آئین کے مطابق، امریکہ سمیت کسی بھی ملک میں چھت پر چڑھنا ایک عام بات ہے۔“
یہ بھی پڑھئے: اسپین کا لاکھوں غیرقانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کا منصوبہ
ایمپائر اسٹیٹ بلڈنگ انتظامیہ کے ترجمان نے اس واقعے کو ایک ”غیر مجاز واقعہ“ قرار دیا۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ جوڑے کو اپنی منگنی کو یادگار بنانے کیلئے عمارت کا آفیشل ایک ہزار ڈالر کا ”ہیپیلی ایور ایمپائر پروپوزل پیکیج“ خریدنا چاہئے تھا۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ اس جوڑے نے اینٹینا تک رسائی کیسے حاصل کی، جو عوام کیلئے قابل رسائی علاقے سے بہت اوپر واقع ہے۔