Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسپین کا لاکھوں غیرقانونی تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کا منصوبہ

Updated: July 02, 2026, 11:14 AM IST | Madrid

۱۰؍لاکھ افراد نے درخواستیں جمع کروادیں،اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز کے مطابق حکومت کا مقصد تارکین وطن کو ایک موقع اور بہتر مستقبل فراہم کرنا ہے۔

Spanish Prime Minister Pedro Sanchez speaking. Photo: INN
اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز  نےکہا ہے کہ ملک  میں  بڑے پیمانے  پر قانونی حیثیت دینےکی حکومتی اسکیم کے تحت ۱۰؍ لاکھ سے زائد غیر قانونی تارکین وطن نے درخواستیں جمع کرائی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپ بھر میں غیر قانونی ترک وطن کے خلاف سخت اقدامات کے برعکس اسپین کی اس اسکیم کے تحت غیر قانونی طور پر مقیم تارکین وطن کو قانونی حیثیت دینے کا عمل جاری ہے۔ حکومت کے مطابق منگل کو درخواستیں جمع کرانےکا آخری دن تھا اور اس پورے عمل کے دوران۱۰؍ لاکھ سے زیادہ افراد نے درخواستیں جمع کروائیں۔  

رپورٹ کے مطابق جب  پیدرو سانچیز کی بائیں بازو کی حکومت نے اپریل میں یہ منصوبہ شروع کیا تھا تو اندازہ لگایا گیا تھا کہ اس سے تقریباً۵؍لاکھ افرادفائدہ اٹھائیں گے جن میں زیادہ تر لاطینی امریکی ممالک سے تعلق رکھنے والے لوگ شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ اور ایران میں تکنیکی سطح کے مذاکرات کا آغاز

ہسپانوی وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے میڈرڈ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ۱۰؍لاکھ سے زائد درخواستوں کا جمع ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لوگوں کو ان کے حقوق اور ذمہ داریوں کا یہ اعتراف دینا کتنا ضروری تھا؟  ان کا کہنا تھا کہ جب ہم کسی انسان کو گمنامی اور شناخت کے بغیر زندگی گزارنے پر مجبور کرتے ہیں تو درحقیقت ہم اپنے ہی ملک کو نقصان پہنچاتے ہیں، اس کا نقصان ہم سب کو ہوتا ہے، حکومت کا مقصد تارکین وطن کو ایک موقع اور بہتر مستقبل فراہم کرنا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دنیا اسپین کو ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھے جو انسانی حقوق کا احترام کرتا ہے، ان کا تحفظ کرتا ہے اور انہیں برقرار رکھتا ہے۔  

یہ بھی پڑھئے: ایران کی جوہری تخفیف کا عمل بحسن و خوبی جاری ہے: ٹرمپ

خیال رہےکہ پیدرو سانچیز یورپ میں نسبتاً کھلی امیگریشن پالیسیوں کے نمایاں حامی سمجھے جاتے ہیں جبکہ ان کے کئی یورپی ہمسایہ ممالک حتیٰ کہ بعض سوشلسٹ حکومتیں بھی، دائیں بازو کی جماعتوں کے بڑھتے ہوئے دباؤ کے باعث امیگریشن سے متعلق قوانین سخت کر رہی ہیں۔ سانچیز کا مؤقف ہےکہ اسپین کی عمر رسیدہ آبادی، دیہی علاقوں میں آبادی میں کمی، معیشت،  فلاحی نظام اور  پنشن کے نظام کو برقرار  رکھنے کے لئے تارکین وطن کی ضرورت ہے لیکن ہسپانوی حکومت نے واضح کیا ہےکہ درخواستوں کی تعداد کا یہ مطلب نہیں کہ تمام درخواست گزاروں کو قانونی حیثیت مل جائےگی۔ درخواست دینے والوں کے لئے ضروری ہےکہ وہ ثابت کریں کہ ان کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے اور وہ یکم جنوری سے پہلے کم از کم مسلسل۵؍ ماہ اسپین میں مقیم رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK