روسی صدر ولادمیر پوتن نےنقدی اور سونے کی برآمد پر پابندی عائد کر دی، یہ اقدام متوازی معیشت کے نظام کا مقابلہ کرنے اور سرمائے کے اخراج کو روکنے کی وسیع تر مہم کا حصہ ہے۔
EPAPER
Updated: March 27, 2026, 5:00 PM IST | Moscow
روسی صدر ولادمیر پوتن نےنقدی اور سونے کی برآمد پر پابندی عائد کر دی، یہ اقدام متوازی معیشت کے نظام کا مقابلہ کرنے اور سرمائے کے اخراج کو روکنے کی وسیع تر مہم کا حصہ ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے بدھ کو نقدی اور سونے کی برآمد کو محدود کرنے والے دو فرمانوں پر دستخط کر دیے۔ یہ اقدام متوازی معیشت کا مقابلہ کرنے اور سرمائے کے اخراج کو روکنے کی وسیع تر مہم کا حصہ ہے۔پہلے فرمان کے تحت، یکم اپریل سے روس کی سرحد پار کرکے یوریشین اکنامک یونین (EAEU) میں لے جانے والی نقد روبل کی وہ مقدار جو روس کے بینک آف روس کی شرح تبادلہ کے مطابق ایک لاکھ امریکی ڈالر سے زائد ہو، مخصوص استثنیٰ کے ساتھ، ممنوع قرار دے دی گئی ہے۔جبکہ دوسرے فرمان میں یکم مئی سے۱۰۰؍ گرام سے زیادہ وزنی سونے کی سلاخوں کی روس سے برآمد پر پابندی عائد کی گئی ہے۔تاہم اس میں کچھ مستثنیات شامل ہیں اور یہ کمرشل بینکوں پر عائد نہیں ہوتی۔بعد ازاں دونوں فرمان سرکاری پورٹل پر شائع کر دیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈیجیٹل طریقہ کار اپنانے کی سرکاری کوششوں کے باوجود، نقدی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ صرف جنوری۲۰۲۶ء میں بینکنگ سسٹم سے نقدی کا خالص اخراج تقریباً۱۳؍ اعشاریہ ۲؍ بلین ڈالر رہا، جس کی وجہ کاروباروں کا بڑھتے ہوئے ویلیو ایڈڈ ٹیکس (VAT) اور دیگر ٹیکسوں سے بچنے کے لیےمتوازی معیشت میں منتقل ہونا ہے۔روسی نائب وزیر خزانہ الیکسی موئسیف نے کہا کہ’’ غیر قانونی لین دین میں سونا تیزی سے زرمبادلہ (Foreign Exchange) کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے سرمائے کا اخراج اور منی لانڈرنگ کی سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے۔تاہم دستاویز کے مطابق، یکم مئی۲۰۲۶ء سے، افراد، قانونی اداروں اور انفرادی کاروباری افراد کی طرف سے۱۰۰؍ گرام سے زائد کل وزن والی ریفائنڈ گولڈ (خالص سونے) کی سلاخوں کی روس سے برآمد پر پابندی عائد کی جاتی ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیش سانحہ: بس کے دریائے پدما میں گرنے سے۲۳؍ سے زائد افراد ہلاک
واضح رہے کہ نقدی کے لیے استثنیٰ صرف اس وقت حاصل ہوگا جب اسے مخصوص بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے ذریعے برآمد کیا جائے، بشرطیکہ برآمد کنندہ کے پاس بینک اسٹیٹمنٹس یا دیگر دستاویزات ہوں جو حکومت کی جانب سے متعین کردہ بینک اکاؤنٹس سے رقم نکالنے کی تصدیق کرتی ہوں۔سونے کی سلاخوں کے لیے، مستثنیات اس وقت دی جاتی ہیں جب ریفائنڈ گولڈ کی برآمد ونوکوو، شیریمیتیوو، دومودیدوو اور کنیوچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر روسی ریاستی سرحد کے فضائی چوکیوں کے ذریعے کی جائے، بشرطیکہ فیڈرل چیمبر کا اجازت نامہ موجود ہو۔اس کے علاوہ مستثنیات ان معاملات کے لیے بھی ہیں جہاں سونے کی سلاخوں کی برآمد قانونی اداروں اور انفرادی کاروباری افراد کے ذریعے غیر EAEU ریاستوں کو کی جائیں۔