۴۷۹؍ ڈرونز اور میزائیلوں سے روسی حملوں کا اعتراف کرتے ہوئے یوکرین نے فضا میں ہی ۲۷۷؍ ڈرونز اور ۱۹؍ میزائیلوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔
EPAPER
Updated: June 11, 2025, 12:43 PM IST | Agency | Kyiv
۴۷۹؍ ڈرونز اور میزائیلوں سے روسی حملوں کا اعتراف کرتے ہوئے یوکرین نے فضا میں ہی ۲۷۷؍ ڈرونز اور ۱۹؍ میزائیلوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔
گزشتہ دنوں یوکرین نے روس پر ڈرون کی مدد سے کافی بڑا حملہ کیا تھا۔ اس کے بعد ہی سے اندازہ لگایاجارہا تھا کہ روس بھی جوابی حملہ کرے گا۔ پیر اور منگل کی درمیانی رات کو وہی ہواجس کا خدشہ تھا۔ اطلاعات کے مطابق یوکرین پر روس کے ذریعہ اب تک کے سب سے خوفناک حملہ کیا گیا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق روس نے یوکرین پر۴۷۹؍ ڈرونز اور۲۰؍ میزائیلوں سے گزشتہ تین برسوں میں اب تک کا سب سے بڑا ہوائی حملہ کیا ہے۔ یہ جانکاری یوکرینی فضائیہ نے دی ہے اور اعتراف کیا ہے کہ یہ اب تک کا سب سے بڑا حملہ ہے۔ یوکرینی فضائیہ کے مطابق حملے میں خاص طور سے یوکرین کے وسطی اور مغربی علاقوں کو ہدف بنایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:مہندر سنگھ دھونی آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کئے گئے
اس کے ساتھ ہی یوکرینی فضائیہ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ دفاعی کوشش کے تحت اس نے ۲۷۷؍ ڈرونز اور۱۹؍ میزائیلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا ہے۔ یوکرین فضائیہ کے مطابق روس کے ۱۰؍ ڈرونز اور ایک میزائل ہی اپنے ہدف تک پہنچ سکے، بقیہ سارے ناکام رہے۔ اس حملے میں ایک شخص کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع دی گئی ہے، حالانکہ یوکرینی فضائیہ کے دعوؤں کی کسی طرح تصدیق نہیں ہو پائی ہے۔ دیگر اطلاعات کے مطابق اس حملے میں کم از کم ۲؍ افراد کی موت ہوئی ہے۔
دریں اثنایوکرینی صدر ولادمیر زیلنسکی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مشرقی اور شمال مشرقی محاذ پر حالات ہنوز بے حد خراب بنے ہوئے ہیں۔ انھوں نے روسی حملوں سے ہونے والے نقصان پر زیادہ جانکاری نہیں دی لیکن اتنا ضرور کہا کہ یوکرین کو اپنے مغربی ساتھیوں سے خصوصاً ایئر ڈیفنس سسٹم کی مزید مدد کی ضرورت ہے۔ حالانکہ امریکہ کی پالیسی سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے سبب حالات خراب بنے ہوئے ہیں۔ اس درمیان روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے یوکرین کے۴۹؍ ڈرونز اپنے علاقے کے۷؍ حصوں میں مار گرائے ہیں۔ روس کے وورونیش علاقے میں ۲۵؍ ڈرون گرائے گئے ہیں، جس سے گیس پائپ لائن کو نقصان پہنچا اور آگ بھی لگ گئی جبکہ چواشیا میں ۲؍ یوکرینی ڈرونز الیکٹرانک وارفیئر پلانٹ سے ٹکرائے، جو ماسکو سے۶۰۰؍ کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔