• Wed, 03 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

روس کا یورال تیل ہندوستان کے لیے سستا ہوا

Updated: September 02, 2025, 8:34 PM IST | New Delhi

۲۰۲۲ء میں یوکرین کی جنگ شروع ہونے کے بعد ہندوستان روسی تیل کا بڑا خریدار بن گیا تھا لیکن امریکہ نے اس تجارت کے لیے ہندوستان پر بھاری محصولات عائد کر دیئے ہیں۔

Crude Oil.Photo:INN
خام تیل۔ تصویر:آئی این این

روس کا یورال خام تیل ہندوستان کے لیے سستا ہو گیا ہے۔ یہ تیل اب برینٹ کروڈ کے مقابلے۳؍ سے۴؍ ڈالر فی بیرل سستا دستیاب ہے۔ یہ قیمت ستمبر کے آخر اور اکتوبر میں لوڈ کیے جانے والے تیل کے لیے ہے۔ خبر رساں ایجنسی بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ یہ معلومات خفیہ ہیں۔ ۲۰۲۲ء میں یوکرین کی جنگ شروع ہونے کے بعد  ہندوستان روسی تیل کا بڑا خریدار بن گیا تھا لیکن امریکہ نے اس سے تجارت کے لیے ہندوستان  پر بھاری محصولات عائد کر  دیئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور ان کے عہدیداروں کی تنقید نے ہندوستان کو روس اور چین کے قریب کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھئیے:ہندوستان اورامریکہ کے تجارتی معاہدے پر گفتگوکا سلسلہ دراز

ہندوستان اور روس کے درمیان خصوصی تعلقات
چین میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ہندوستان اور روس کے درمیان تعلقات خاص ہیں۔ انہوں نے چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کی۔ دونوں لیڈروں نے باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کا وعدہ کیا۔ ادھر امریکی وائٹ ہاؤس کے مشیر پیٹر ناوارو نے ہندوستان  پرسخت تنقید کی۔ اس کے جواب میں  ہندوستان کے پیٹرولیم وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے کہا کہ روسی تیل کی خریداری نے تیل کی عالمی قیمتوں کو بڑھنے سے روکا۔ انہوں نے یہ بات `دی ہندو  اخبار میں لکھے اپنے مضمون میں کہی۔
 ہندوستانی ریفائنریز روسی تیل خرید رہی ہیں۔ اگست کے شروع میں خریداری کچھ وقت کے لیے رک گئی۔ لیکن اب سستا یورال تیل پھر سے پرکشش ہوتا جا رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے یہ تیل برینٹ سے۵۰ء۲؍فی   بیرل سستا تھا۔ جولائی میں یہ رعایت صرف ایک ڈالر تھی۔
 دوسری طرف امریکی تیل کو کچھ ریفائنریوں نے پریمیم قیمت پر خریدا، جو۳؍ڈالر فی بیرل زیادہ تھا۔ ۲۷؍ اگست سے یکم ستمبر تک ہندوستانی ریفائنریوں نے۴ء۱۱؍ ملین بیرل روسی تیل خریدا۔ اس میں سے ایک کارگو امریکہ کے ممنوعہ جہاز وکٹر کونیٹسکی سے جہاز سے دوسرے جہاز کی منتقلی کے ذریعے آیا۔ یورال تیل روس کا اہم برآمد کنندہ ہے، جو اس کی مغربی بندرگاہوں سے بھیجا جاتا ہے۔ چین روس کا سب سے بڑا تیل خریدار ہے، جو پائپ لائنوں اور ٹینکرس کے ذریعے تیل لیتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK