Updated: December 30, 2025, 8:27 PM IST
| Srinagar
کریسینٹ پبلک اسکول، سری نگر کی ۱۱؍ ویں جماعت کے طالب علم ریحان ابن ارشاد نے انڈین اسپیس سائنس اولمپیاڈ ۲۰۲۵ء کے فائنل لیول میں سپر سینئر کیٹیگری میں پہلا مقام حاصل کر کے اپنی ریاست اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ یہ مقابلہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس بنگلور نے ۲۷؍ سے ۲۹؍ دسمبر ۲۰۲۵ء تک منعقد کیا تھا۔
یہاں کے کریسینٹ پبلک اسکول کے ۱۱؍ ویں کلاس کے طالب علم ریحان ابن ارشاد نے انڈین اسپیس سائنس اولمپیاڈ ۲۰۲۵ء کے سپر سینئر زمرے میں پہلا مقام حاصل کر کے شاندار کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ اولمپیاڈ ہندوستان کے سب سے معزز تحقیقی ادارے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس (آئی آئی ایس سی)، بنگلور کی جانب سے ۲۷؍ سے ۲۹؍ دسمبر ۲۰۲۵ء کو منعقد کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ آئی ایس ایس او ایک قومی سطح کا مقابلہ ہے جو طلبہ کو علمی چیلنجز، سائنسی سوچ، تیز تجزیاتی صلاحیت اور خلا کے مطالعے جیسے موضوعات میں ماہر بننے کا موقع دیتا ہے۔ اس سال اس میں ملک بھر سے ہزاروں طلبہ نے شرکت کی جن میں نمایاں کامیابی پانے والے طلبہ کو فائنل امتحان کیلئے کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے:پوتن کی رہائش گاہ پر حملے کا دعویٰ، ٹرمپ کا اظہارِ تشویش، یوکرین کی تردید

ریحان ابن ارشاد نے نہ صرف اس سخت مقابلے میں شریک ہوئے بلکہ سپر سینئر کیٹیگری میں ۷۵ء۴۲؍ نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔دوسری پوزیشن مہاراشٹر کے آدتیہ مرکر نے جبکہ تیسری پوزیشن چنئی کی وی باگیہ سری نے حاصل کی۔ ریحان کی یہ کامیابی جموں کشمیر کے تعلیمی منظرنامے میں ایک تازہ جوش اور حوصلے کی علامت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔ ریحان نے اپنے اس تعلیمی سفر کے دوران صرف نصابی تعلیم پر انحصار نہیں کیا بلکہ مختلف سائنس ریسرچ پیپرز، اسپیس تھیوریز، اور سائنسی تجزیاتی سوالات کا بھی گہرائی سے مطالعہ کیا۔ ان کے اس جذبے اور مستقل محنت نے انہیں نہ صرف اولمپیاڈ کی تیاری میں مدد دی بلکہ انہیں شاندار سائنسی سمجھ بوجھ بھی فراہم کی۔ ریحان کی اس شاندار کامیابی سے نہ صرف ان کے اپنے تعلیمی مستقبل کیلئے نئی راہیں کھلیں گی بلکہ طلبہ میں سائنسی مضامین کی طرف رغبت بھی مزید بڑھے گی۔ ان کی کارکردگی نے ثابت کیا ہے کہ محنت، لگن اور سائنسی جذبات نوجوانوں کی علمی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔