Inquilab Logo Happiest Places to Work

سہارنپور ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ۳۱؍گاؤں میں ترقیاتی کام کرے گی

Updated: June 20, 2025, 11:47 AM IST | Agency | Saharanpur

سرکٹ ہاؤس میں ڈیویژنل کمشنر اتل کمار رائے کی صدارت میں منعقدہ اجلاس میں عوامی نمائندوں اور تاجروں نے شرکت کی۔

Saharanpur Development Authority office building. Photo: INN
سہارنپور ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے دفتر کی عمارت۔ تصویر: آئی این این

سہارنپور ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اب سہارنپور شہر کے آس پاس کے۳۱؍گاؤں کی منصوبہ بندی اور ترقی کا کام کرے گی۔ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے وائس چیئرمین سنتوش کمار رائے نے جمعرات کو کہا کہ حکومت نے سہارنپور کے توسیعی علاقے میں ۳۱؍ ریوینیو گاؤں کو شامل کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ اس سلسلے میں بدھ کو دیر شام سرکٹ ہاؤس میں ڈیویژنل کمشنر اتل کمار رائے کی صدارت میں ایک بڑا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں موجود عوامی نمائندوں اور تاجروں نے ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی کارکردگی پر انگلیاں اٹھائیں اور برہمی کا اظہار کیا۔ 
 ایم ایل سی شاہنواز خان، سٹی بی جے پی ایم ایل اے راجیو گمبر، ایم پی عمران مسعود نے ان گاؤں کو ڈیولپمنٹ اتھاریٹی میں شامل کرنے پر سخت اعتراض کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان دیہاتوں کے لوگ اپنے گھروں اور اداروں وغیرہ کے نقشے کی منظوری کے لئے بھاری فیس ادا کرنے پر مجبور ہوں گے۔ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی سہارنپور شہر میں ہی اپنا بامعنی کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے۔ کپڑا بازار ہو، دہلی روڈ ہو، صنعتی اور تجارتی علاقے ہو، شہر کی سڑکوں ، نالیوں اور گٹروں کو لے کر بہت سی شکایات ہیں۔ 
 میٹنگ میں موجود ڈاکٹر اجے سنگھ نے عوامی نمائندوں سے مختلف رائے دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ حکومت کا ہے۔ کسی کےلئے یہ ممکن نہیں کہ اسے قبول نہ کرے۔ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ڈپٹی کمشنر سنتوش کمار رائے نے کہا کہ شہروں، قصبوں اور ٹاؤن علاقوں میں ترقی کی ذمہ داری میونسپل کارپوریشن، میونسپل کونسل اور ٹاؤن ایریا پر عائد ہوتی ہے۔ ان کے محکمے کا کام شہر کے لئے منظم منصوبہ بندی کرنا ہے۔ وہ اس پر فوری توجہ دیں گے اور وہ ماضی کی کوتاہیوں اور خامیوں کے ذمہ دار اور جوابدہ نہیں ہیں کیونکہ وہ حال ہی میں اس عہدے پر آئے ہیں۔ 
 کمشنر اتل کمار رائے جو کہ سہارنپور ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے چیئرمین کے عہدے کی ذمہ داری بھی رکھتے ہیں، نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام عوامی نمائندوں اور ذمہ دار وں کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹھوس اور عملی منصوبہ بندی کریں گے اور اس کے مطابق اقدامات کریں گے۔ انہوں نے عوامی نمائندوں سے موصول ہونے والی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور سنتوش کمار رائے سے کہا کہ مستقبل میں بھی انہیں روشن خیال شہریوں اور عوامی نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے فیصلے کرنے چاہئیں۔ 
 رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قبرستانوں اور شمشانوں کی اراضی کا بھی سہارنپور ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ریکارڈ میں اندراج ہونا چاہئے۔ ان کا ریکارڈ رکھنا بھی مفاد عامہ میں ضروری ہے۔ سینئر کاروباری لیڈر شیتل ٹنڈن اور کاروباری شخصیت انوپم گپتا نے بھی اپنی تجاویز پیش کیں ۔ میٹنگ میں اتھاریٹی کےسیکریٹری سٹی مجسٹریٹ گجیندر کمار، اسپیشل آفیسر آلوک پانڈے اور ایگزیکٹیو انجینئر پردیپ شرما وغیرہ موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK