تقریباً۵۰؍ ہزارافراد متاثر، پرانے ٹیوب ویلوں کی جگہ نئے ٹیوب ویل لگانےکا مطالبہ۔ بحران کو دور کرنے کیلئے فوراًمشترکہ طور پر کام کرنے کی ہدایت۔
EPAPER
Updated: June 13, 2025, 3:36 PM IST | Agency | Saharanpur
تقریباً۵۰؍ ہزارافراد متاثر، پرانے ٹیوب ویلوں کی جگہ نئے ٹیوب ویل لگانےکا مطالبہ۔ بحران کو دور کرنے کیلئے فوراًمشترکہ طور پر کام کرنے کی ہدایت۔
شدید گرمی کے درمیان سہارنپور شہر میں پینے کے پانی کا بڑا بحران ہے۔ تقریباً۵۰؍ ہزارافراد اس سے براہ راست متاثر ہو رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈویژنل کمشنر اتل کمار رائے نے جمعرات کو کہا کہ وہ جل نگم اور نگر نگم دونوں کو ہدایت دے رہے ہیں کہ وہ شہر کے کچھ حصوں میں پینے کے پانی کے بحران کو دور کرنے کے لئے فوراًمشترکہ طور پر کام کریں۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں واٹر ٹینکرز کے ذریعے پانی کی سپلائی کی بھی بات کہی ہے۔
انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ پانی کا بہت زیادہ کفایت کے ساتھ استعمال کریں اور پانی کا ذخیرہ کریں۔ جل نگم کے مطابق سہارنپور شہر میں ۲؍ ہزار ۷۵۵؍نلکے ہیں۔ جل نگم کے عہدیداروں نے اعتراف کیا کہ شہر کے وارڈ۳۵، ۴۷؍ اور وارڈ۵۰؍ سمیت کئی جگہوں سے پینے کے پانی کا مسئلہ رپورٹ ہوا ہے۔ گرمیوں میں زیر زمین پانی کی سطح بھی گر جاتی ہے اور شدید گرمی کی وجہ سے پانی کا استعمال بھی بڑھ جاتا ہے۔ سہارنپور شہر کی آبادی تقریباً۱۰؍ لاکھ ہے۔ شہر میں پانی کی سپلائی کے لئے ۸؍ اوور ہیڈ ٹینک اور۲۳۵؍ ٹیوب ویل ہیں لیکن پانی کی کمی نے شہر کے ایک بڑے حصے میں مسائل پیدا کر دیئے ہیں۔ وارڈ۷؍کے ۲؍ٹیوب ویل خراب ہیں لیکن میونسپل کارپوریشن ان کی مرمت کرانے پر توجہ نہیں دے رہا ہے۔ وارڈ۳۷؍ کے دو ٹیوب ویل پرانے ہیں۔
گل کالونی کے باشندوں نے پانی کے مسئلہ کی شکایت حکام سے کی ہے۔ وارڈ۴۷؍ میں ٹیوب ویل سے پانی کی سپلائی اتنی نہیں ہے جتنی ضرورت ہے۔ وہاں کے باشندوں نے مطالبہ کیا ہے کہ پمپ کی گنجائش بڑھائی جائے تاکہ پانی گھروں تک پہنچ سکے۔ میونسپل کارپوریشن نے کئی مقامات پر ناقص پمپس کو تبدیل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی ہے۔ متعلقہ علاقوں کے باشندوں کا بھی مطالبہ ہے کہ پرانے ٹیوب ویلوں کی جگہ نئے ٹیوب ویل لگائے جائیں۔
مادھونگر میں دن بھر پانی کا مسئلہ رہتا ہے۔ پانی کی سپلائی کے انتظارمیں رات بھر جاگنا پڑتا ہے۔ پرانا لوہا بازار میں پانی کی ٹینکی عرصہ دراز سے ٹوٹی ہوئی ہے۔ پانی کی قلت سے نبرد آزما متاثرین کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی گرمی کو دیکھتے ہوئے جل نگم اور نگر نگم دونوں کو جلد از جلد مسئلہ حل کرنا چاہئے۔ اس سلسلے میں ڈیویژنل کمشنر اتل کمار رائے نے کہا کہ وہ جلد ہی سینئر عہدیداروں کی میٹنگ بلائیں گے اور مسئلہ کے مستقل حل کو یقینی بنائیں گے۔