مسجد الحرام میں شیخ یاسر بن راشد الدوسری نے نماز استسقا کی امامت کی۔ دعاکی کہ ’’اے اللہ! بابرکت بارش عطا فرما، ایسی بارش برسا جو پاکیزہ، خوشگوار، فائدہ مند ہو اور نقصان دہ نہ ہو۔‘‘
مسجد الحرام میں نماز استسقاء کے وقت کی تصویر۔ تصویر:آئی این این
سعودی عرب میں خشک سالی کے خاتمے اور بارانِ رحمت کیلئے بدھ کو ملک بھر میں نمازِ استسقاء ادا کی گئی۔ سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق خشک سالی کے خاتمے کیلئے بدھ کوملک بھر میں نمازِ استسقاء کے اجتماعات منعقد کیے گئے۔ ان اجتماعات کا انعقاد خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے شاہی فرمان کے مطابق کیا گیا۔
سعودی وزارتِ مذہبی امور کا کہنا ہے کہ نمازِ استسقاء طلوعِ آفتاب کے تقریباً پندرہ منٹ بعد ادا کی گئی۔ جس میں عوام، سرکاری عہدیداران اور غیر ملکی مقیم افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ملک بھر کی۱۲؍ ہزار سے زائد مساجد میں نمازِ استسقاء کے خصوصی اجتماعات کا اہتمام کیا گیا، جہاں اللہ تعالیٰ سے بارش کے نزول اور رحمت کی دعائیں کی گئیں۔ مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبویؐ مدینہ منورہ میں سب سے بڑے اجتماعات ہوئے، جہاں لاکھوں مسلمانوں نے ایک ساتھ اللہ تعالیٰ کے حضور سربسجود ہو کر باران رحمت کیلئے دعائیں مانگیں ۔ مسجد الحرام میں شیخ یاسر بن راشد الدوسری نے نماز استسقا کی امامت کی۔ پھر رقت آمیز دعا بھی کی کہ ’’اے اللہ! نفع بخش بارش عطا فرما، ہم پر رحمت کی موسلا دھار بارش برسا، نہ کہ عذاب کی۔ ایسی بارش برسا جو پاکیزہ، خوشگوار، فائدہ مند ہو اور نقصان دہ نہ ہو۔‘‘ واضح رہے کہ سعودی عرب میں نماز استسقاء سنتِ نبویؐ کے مطابق اس وقت ادا کی جاتی ہے جب بارش کا سلسلہ طویل عرصے تک رک جائے اور خشک سالی کا خطرہ ہو۔خیال رہے کہ سعودی عرب میں موسم باراں (الوصل ) اکتوبر کے وسط سے شروع ہوتاہے اور تقریباً ۵۲؍ دنوں تک رہتاہے۔دوحہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق خلیجی ملک قطر میں بھی باران رحمت کیلئے نماز استسقاء کا اہتمام کیا گیا۔ امیرقطرشیخ تمیم بن حماد الثانی نے جمعرات کو لوسیل مسجد کےوسیع و عریض احاطےمیں استسقاء کی نماز میں شرکت کی۔ رپورٹ کے مطابق نفع بخش بارش کے لئے خصوصی نماز، ملک کی۱۲۴؍ مساجد میں ادا کی گئی۔ شیخ تمیم اور دیگر نمازیوں نےوقت دعا اپنے جبے الٹے پہنے، جو سنتِ نبوی ؐپر مبنی ایک عمل ہے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق پڑوسی ملک کویت کی ۱۲۸؍ مساجد میں بھی ۸؍نومبر کو باران رحمت کیلئے نماز استسقاء ادا کی گئی تھی۔ جبکہ متحدہ عرب امارات میں ۱۷؍اکتوبر کو نماز استسقا کا اہتمام کیا گیا تھا۔
شام میں آج نماز استسقا ادا کی جائےگی
ملک شام کی وزارت اوقاف نے اعلان کیا ہے کہ آج (جمعہ ۱۴؍نومبر) کو ملک بھر میں نماز استسقا کا اہتمام کیا جائے گا۔یہاں بھی بارش میں تاخیر ہونے سے آبی بحران کا خطرہ ہے۔