Inquilab Logo

سماجوادی سربراہ کی اتحادیوں سےملاقات

Updated: January 13, 2022, 11:04 AM IST | Inquilab News Network/Agency | Lucknow

سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں آخری دور کی بات چیت ، انتخابات کے پہلے دو مراحل کی سیٹوںکیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان جلد ہی ہوسکتا ہے۔ اکھلیش یادو کے چچا شیوپال یادو ، اپنے بھتیجے کی قیادت میں اتحاد کی حکومت بنانے کیلئے پرعزم

The Samajwadi Party chief tweeted the photo after the meeting..Picture:INN
سماجوادی کے سربراہ نے ملاقات کے بعد یہ تصویر ٹویٹ کی۔ تصویر: پی ٹی آئی

بدھ کو سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اپنی اتحادی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کی ۔ اس دوران  اہم امور پر تبادلۂ خیال کیاگیا ۔ خاص طور پر سیٹوں کی تقسیم پر بات چیت ہوئی ہے۔     ذرائع کے مطابق اترپردیش اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سماج وادی پارٹی(ایس پی) صدر اکھلیش یادو نے بدھ کو اتحادی پارٹیوں کے ساتھ سیٹوں کی تقسیم کے سلسلے میں آخری دور کی بات چیت کا آغاز کردیا۔ جنیشور مشر ٹرسٹ کے دفتر  میں ہونے والی اس میٹنگ میں سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے سربراہ اوم پرکاش راج بھر، آر ایل ڈی کے ڈاکٹر مسعود احمد ، پرگتی شیل سماجوادی پارٹی ( پی ایس پی) کے سربراہ اور اکھلیش کے چچا شیوپال سنگھ یادو ، ان کےبیٹے آدتیہ یادو  اور دیگر پارٹیوں کے لیڈروں نے شرکت کی۔  خاص بات ہے کہ اس میٹنگ کے دوران نیشنل کانگریس پارٹی(این سی پی) کو اتحاد کے تحت ایک سیٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ایس پی کی جانب سے این سی پی کے ریاستی صدر اوماشنکر یادو کے ساتھ اکھلیش یادو کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے ا طلاع دی گئی کہ این سی پی کو بلندشہر کی انوپ شہر سیٹ دی گئی ہے۔
 ایس پی کی جانب سے کئے گئے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ این سی پی کے یوپی صدر اوماشنکر یادو نے اکھلیش یادو سے ملاقات کر کے الیکشن پر تبادلہ خیال کیا۔ اس میں کہا گیا ہے کہ این سی پی لیڈر کے کے شرما بلند شہر کی انوپ شہر اسمبلی سیٹ سے ایس پی این سی پی اتحاد کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔ اس دوران اکھلیش نے بھی اپنے ٹویٹ میں میٹنگ  شامل ہونے والے اتحادی  جماعتوں کے لیڈروں کے ساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے  لکھا’’ایس پی کی تمام اتحادی پارٹیوں کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ آج اترپردیش کی ترقی اور مستقبل کے بارے میں بات چیت ہوئی۔‘‘ ذرائع کے مطابق میٹنگ میں پی ایس پی کو ۶؍ سیٹیں دینے پر اتفاق ہوا ہے۔  یادر ہے کہ  میٹنگ میں کچھ دیر شرکت کے بعد شیوپال روانہ ہوگئے،حالانکہ سیٹوں کی تقسیم پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ایسا مانا جارہا ہے کہ پی ایس پی کو گنور، جسونت نگر،بھوجپور، جسرانا، مبارکپور اور غازی پور کی سیٹیں دی گئی ہیں۔    حالانکہ پی ایس پی کے سربراہ  شیوپا ل یادو نے ملاقات کی تصویر اس تبصرہ کے ساتھ  ٹویٹ کی : ’’سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو جی کی قیات میں شامل تما م اتحاد ی جماعتوں   سے آئندہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں سے متعلق تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ریاست میں کروڑوں افراد کی خواہش ہےکہ اتر پر دیش میں   اکھلیش یادو کی قیادت میں سماجوادی اتحاد کی سر کار بنے ۔ ‘‘  موصولہ اطلاع کے مطابق ترنمول کانگریس(ٹی ایم سی) کو بھی ایس پی اتحاد میں ایک سیٹ دی گئی ہے۔ اس کے تحت مرزا پور ضلع کی مڑہان سیٹ پر ٹی ایم سی کے للتیش پتی ترپاٹھی اپنی قسمت آزمائیں گے۔  ذرائع کے مطابق جن پارٹیوں سے سیٹوں کے سلسلے میں کچھ اختلافات نظر آرہے ہیں ان میں آر ایل ڈی اور سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق ۴۰۳؍اراکین اسمبلی سیٹوں میں ایس پی نے۱۰۳؍سیٹیں اتحادی پارٹیوں کیلئے چھوڑنے کی پیشکش کی ہے۔ آر ایل ڈی صدر جینت چودھری کے ساتھ ۳؍ دور کی بات چیت کے بعد آر ایل ڈی کو ۳۲؍سیٹیں دینے پر اتفاق ہوا ہے۔ اختلاف ان۶؍ سیٹوں پر ہے  جن پر ایس پی کے امیدوار آر ایل ڈی کے انتخابی نشان پر قسمت آزمائیں گے۔  ذرائع کے مطابق اس درمیان راج بھر  اپنی پارٹی کو کم سے کم  ۳۶؍ سیٹیں دینے پر بضد ہیں۔ مانا جا رہا  ہے کہ سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی  اور دیگر اتحادی پارٹیوں کے ساتھ سیٹوں کے تال میل کیلئے سماجوادی سربراہ اکھلیش یادو کی قیادت میں مزید میٹنگیں ہوں گی۔   اس ملاقات کی تصویر سہیل دیو  بھارتیہ سماج پارٹی کے سربراہ او پی راج بھر نے اس تبصرے کے ساتھ ٹویٹ کی :’’  سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو جی کی قیات میں تمام اتحادی جماعتوں   سے انتخابی تیاریوں سے متعلق تبادلۂ خیال کیا گیا ۔ پسماندہ ، دلت ، اقلیت سما ج کے محروم اور استحصال زدہ طبقے کی مخالف بی جے پی حکومت کو گھر بھیجنا ہے، اسے الو داع کہنا ہے ۔   ۱۰؍ مارچ کو  سماجوادی  پارٹی اور  سہیل دیو بھارٹیہ سماج  پارٹی کی قیادت میں قائم بھا گیداری سنکلپ مورچہ  کے اتحاد کی حکومت بنانے کیلئے ہم ایک ساتھ جمع ہوئےہیں۔ ‘‘ ذرائع نے بتایا کہ سماجوادی کی قیادت میں قائم اتحاد کی جانب سے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے پہلے دو مراحل کی سیٹوں پر امیدواروں کے ناموں کا اعلان جلد ہی  ہوسکتا ہے۔اس پر اتحادی جماعتیں تبادلۂ خیال میں مصروف ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK