• Sun, 11 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی ایم سی کیلئے سماجوادی پارٹی نے انتخابی منشور جاری کیا

Updated: January 10, 2026, 11:42 AM IST | Inquilab News Network | Azad Maidan

جھوپڑوں کی اونچائی ۱۸؍ فٹ تک کرنےکی اجازت دینے،سیکنڈری اسکولوں کے طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دینے، میڈیکل کالج شروع کرنے، پیدائش اورموت کا سرٹیفکیٹ گھر پہنچانے اور پانی کے بل میں کمی لانے کے وعدے۔

Samajwadi Party leaders releasing the party`s manifesto for the BMC elections. Picture: Inquilab
سماجوادی پارٹی کے لیڈران بی ایم سی الیکشن کیلئے پارٹی کا منشورجاری کرتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی ) الیکشن کیلئے سماج وادی پارٹی نے جمعہ کومنعقدہ پریس کانفرنس میں اپنا انتخابی منشور جاری کیاجس میں ممبئی کے جھوپڑوں کو۱۴؍ فٹ کے بجائے  ۱۸؍ فٹ تک اونچا کرنے کی اجازت دینے،سیکنڈری اسکولوں کے طلبہ کو مفت ٹیبلٹ / لیپ ٹاپ تقسیم کرنے، گنجان آباد  والےعلاقوں میں یونانی دواخانہ قائم کرنے ،مشرقی اور مغربی مضافات میں میڈیکل کالج شروع کرنے، پیدائش/موت کا سرٹیفکیٹ گھر پہنچانے، پانی کے بل میں کمی لانے جیسے اعلانات کئے گئے ہیں۔
سماج وادی پارٹی  مہاراشٹرکے  صدر ابو عاصم اعظمی نے ممبئی کے عوام کے بنیادی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ منشور پیش کیا۔ابوعاصم اعظمی نے انتخابی منشور میں بنیادی سہولیات کے ساتھ مفت پانی فراہمی کا بھی وعدہ کیا  ۔ممبئی کے ہر خاندان کو روزانہ۷۰۰؍ لیٹر صاف اور مفت پانی کا کنکشن دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ تعلیمی معیار کو بلند کرنے کیلئے میونسپل اسکولوں کے معیار کو بہتر بنانا اور ضرورتمند طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کیلئے اسکالرشپ اور سہولیات مفت فراہم کرنا، وہی طبی شعبہ اور محکمہ صحت میں ممبئی کے ہر وارڈ میں جدید طبی سہولیات، محلہ کلینک اور مفت ادویات کا انتظام کرنا بھی ضروری قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ نوجوانوںکیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئےخصوصی منصوبے بنانا بھی انتخابی منشور کا حصہ ہے ۔جھگی جھوپڑیوں کے مکینوں کیلئے بہتر سہولیات، پکے مکانات اور شہر کو گڑھوں سے پاک سڑکیں فراہم کرنا سمیت بی ایم سی کے کام کاج میں شفافیت لانا اور بدعنوانی کو ختم کرنا بھی انتخابی منشور کا بنیادی جز ہے۔
ابو عاصم اعظمی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماجوادی پارٹی ممبئی کی ترقی اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کیلئے پرعزم ہے۔ ہمارا مقصد صرف وعدے کرنا نہیں بلکہ ممبئی کو ایک بہترین اور خوشحال شہر بنانا ہے۔
منشور میں  بیسٹ کی بجلی کی شرح میں کمی لانے  اوربی ایم سی کو پوری طرح ڈیجیٹل بنانے اور بدعنوانی سے پاک کرنے کا   عزم  کیا گیاہے ۔ یہ بھی وعدہ کیا گیا ہے کہ اردو زبان کےفروغ کیلئے اردو گھر قائم کیاجائے  گا اورہر  وارڈ میںپھیری والوں اور ہاکرس کیلئے ہاکنگ زون بنایاجائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK