۳۰۰؍ یونٹ مفت بجلی اور غریبوں کیلئے مفت علاج کے ساتھ خواتین کیلئے۴۰؍ ہزار روپےکی سالانہ مدد کااعلان۔
EPAPER
Updated: November 27, 2026, 12:31 PM IST | Agency | Lucknow
۳۰۰؍ یونٹ مفت بجلی اور غریبوں کیلئے مفت علاج کے ساتھ خواتین کیلئے۴۰؍ ہزار روپےکی سالانہ مدد کااعلان۔
سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے جمعرات کو یومِ آئین کے موقع پر پارٹی کا انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے نوجوانوں، کسانوں، خواتین، سرکاری ملازمین اور محروم طبقات کیلئے وعدوں کی طویل فہرست پیش کی۔ ’جن من گھوشنا پتر‘ اور ’ستائیس کا سنکلپ: پی ڈی اے کا پرن پتر‘ کے ذریعے پارٹی نے روزگار، ریزرویشن، سماجی انصاف اور معاشی تحفظ کو اپنے انتخابی ایجنڈوں میں شامل کیا ہے۔اکھلیش یادو نے اعلان کیا کہ ریاست میں سماج وادی پارٹی کی حکومت بننے پر پہلی کابینہ میٹنگ میں سرکاری محکموں کے ۱۰؍ لاکھ خالی عہدوں کو فوری طور پر پُر کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ بے روزگار گریجویٹ نوجوانوں کو ملازمت ملنے تک ہر ماہ۵؍ہزار روپے الاؤنس دینے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔ بھرتی کے عمل کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے اور امتحانات میں پیپر لیک جیسے واقعات پر سخت کارروائی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔ ایسی گڑبڑیوں کیلئے متعلقہ وزیروں اور افسران کی جواب دہی بھی طے کی جائے گی۔تعلیم کے شعبے میں۲۶؍ ہزار بند سرکاری پرائمری اسکول دوبارہ کھولنے، بارہویں جماعت پاس طلبہ کو لیپ ٹاپ دینے اور نئی تعلیمی پالیسی نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ملک کا ہر نوجوان ووٹ کاٹنے کی کوشش کےخلاف آواز اٹھائے گا: ملکارجن کھرگے
غریب اور پی ڈی اے طبقے کے طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ہنرمندی کی تربیت کے ذریعے روزگار سے جوڑنے کی بات بھی کہی گئی ہے۔کسانوں کے لیے قرض معافی اور ریاست کی ۲۳؍فصلوں کے ساتھ دودھ پر بھی کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) کی قانونی ضمانت دینے کا وعدہ کیا گیا ہے۔ گنے کے کسانوں کے بقایا جات کی ادائیگی کیلئے۱۵؍ہزار کروڑ روپے کا فنڈ بنایا جائے گا جس کے ذریعے۲۴؍ گھنٹے کے اندر گنے کی قیمت ادا کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ دیہی معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے ڈیڑھ لاکھ کروڑ روپے خرچ کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی ہے۔ سماجی انصاف کے تحت۵۰؍ کروڑ روپے تک کے سرکاری ٹھیکوں میں دلتوں اور پی ڈی اے طبقے کو۵۰؍ فیصد ریزرویشن دینے، ذات پر مبنی مردم شماری شروع کرانے اور اس کی رپورٹ کی بنیاد پر فلاحی منصوبوںکا وعدہ کیا گیا ہے۔ دلتوں کی ترقی کیلئے وزیر اعلیٰ کی سربراہی میں دلت ترقیاتی کونسل بھی قائم کی جائے گی۔معمر خواتین اور معمر کاریگروں کو سالانہ۴۰ ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔ غریبوں اور محروم طبقات کو سستا کھانا فراہم کرنے کیلئے سماج وادی کینٹین قائم کی جائیں گی۔
پہلی کابینہ میٹنگ میں سرکاری محکموں کے ۱۰؍ لاکھ خالی عہدوں کو فوری طور پر پُر کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
معمر خواتین اور معمر کاریگروں کو سالانہ۴۰ ہزار روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔
بے روزگار گریجویٹ نوجوانوں کو ملازمت ملنے تک ہر ماہ۵؍ہزار روپے الاؤنس دینے کا بھی وعدہ کیا گیا ہے۔